Alt text improves accessibility for screen readers and serves as the primary SEO signal for Google Images. Keep it descriptive, concise, and under 125 characters.

بدخشان میں طالبان مخالف “محاذِ آزادی” کی سرگرمیوں کا دعویٰ، کیا افغانستان ایک نئے سیکیورٹی چیلنج کی طرف بڑھ رہا ہے؟

پشاور (دی خیبر ٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے شمال مشرقی صوبے بدخشان میں طالبان مخالف گروپ محاذِ آزادی افغان فریڈم فرنٹنے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجو پورے بدخشان میں متحرک ہیں اور چین سے ملحق اہم واخان راہداری کے مختلف علاقوں میں کھلے عام گشت کر رہے ہیں۔ گروپ کا کہنا ہے کہ اس کی صفوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ سابق افغان جمہوری حکومت کی سیکیورٹی فورسز کے فوجی اور افسران روزانہ اس میں شامل ہو رہے ہیں۔
محاذِ آزادی کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تنظیم ایک منظم، متحد اور تربیت یافتہ فورس کے طور پر اپنی عسکری موجودگی کو وسعت دے رہی ہے۔ تاہم دی خیبر ٹائمز اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کر سکا، جبکہ امارتِ اسلامیہ افغانستان نے بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا۔
واخان راہداری افغانستان کا انتہائی حساس اور اسٹریٹجک علاقہ ہے، جو چین کے سنکیانگ، تاجکستان اور پاکستان کے قریب واقع ہے۔ اگر اس علاقے میں کسی بھی طالبان مخالف گروپ کی منظم موجودگی ثابت ہوتی ہے تو اس کے اثرات صرف افغانستان تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
اگرچہ طالبان حکومت مسلسل یہ دعویٰ کرتی ہے کہ پورا افغانستان اس کے مکمل کنٹرول میں ہے، تاہم حالیہ مہینوں میں مختلف طالبان مخالف گروپوں کی جانب سے کارروائیوں اور سرگرمیوں کے دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔ ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق اکثر ممکن نہیں ہو پاتی، لیکن مبصرین کے مطابق افغانستان میں مزاحمتی نیٹ ورکس مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔ طالبان مخالف قوتیں سوشل میڈیا کا استعمال کررہے ہیں، جس طرح امارت اسلامیہ افغانستان ان کی حکومت میں انے سے پہلے کر رہے تھے۔
دوسری جانب امارتِ اسلامیہ کو سفارتی سطح پر بھی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ اگرچہ روس، ایران، چین اور وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ طالبان حکومت کے روابط میں پیش رفت دیکھی گئی ہے، تاہم کئی اہم علاقائی ممالک اب بھی افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
جیسا کہ چین بارہا اس بات پر زور دے چکا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی ایسے گروہ کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہئے جو چینی مفادات یا سنکیانگ کی سلامتی کیلئے خطرہ بنے۔ مختلف بین الاقوامی تجزیوں اور اقوام متحدہ کی رپورٹس میں ترکستان اسلامک پارٹی (TIP) کے جنگجوؤں کی افغانستان میں موجودگی کا ذکر کیا گیا ہے، اگرچہ طالبان حکومت مسلسل اس تاثر کی تردید کرتی ہے کہ وہ کسی غیر ملکی عسکریت پسند گروہ کو افغانستان میں کارروائیوں کی اجازت دے رہی ہے۔
اسی طرح تاجکستان نے بھی گزشتہ چند برسوں کے دوران افغانستان کی سرحدی صورتحال اور شمالی علاقوں میں سرگرم شدت پسند عناصر پر تشویش ظاہر کی ہے، جبکہ پاکستان اور طالبان حکومت کے تعلقات بھی تحریک طالبان پاکستان (TTP) کی افغانستان میں موجودگی کے معاملے پر شدید کشیدگی کا شکار رہے ہیں۔ اسلام آباد مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتا رہا ہے کہ ٹی ٹی پی افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہی ہے، جبکہ کابل اس الزام کو مسترد کرتا آیا ہے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے ایسی اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیں کہ سابق افغان فوجی افسران اور جمہوری حکومت سے وابستہ بعض شخصیات یورپ، خصوصاً جرمنی سمیت مختلف ممالک میں ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں اور افغانستان کی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال پر مشاورت کر رہی ہیں۔ تاہم ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق نہیں ہو سکی، اور یہ بھی واضح نہیں کہ آیا کسی ملک میں باضابطہ عسکری یا سیاسی کمانڈ سینٹر قائم کیا گیا ہے یا نہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر افغانستان میں طالبان مخالف گروپ دوبارہ منظم ہونے میں کامیاب ہوتے ہیں تو اس سے نہ صرف طالبان حکومت کیلئے اندرونی سیکیورٹی چیلنجز بڑھ سکتے ہیں بلکہ چین، پاکستان، تاجکستان اور دیگر ہمسایہ ممالک کی سلامتی پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ تاہم موجودہ صورتحال میں زمینی حقائق کے بارے میں متعدد متضاد دعوے موجود ہیں، جن کی آزادانہ تصدیق محدود ہے۔
افغانستان کی موجودہ صورتحال میں ایک جانب طالبان بین الاقوامی سطح پر مزید سفارتی قبولیت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب ملک کے اندر سیکیورٹی، علاقائی اعتماد اور سیاسی استحکام سے متعلق سوالات بدستور موجود ہیں۔

Exclusive Summary 

Taliban-opposed Afghanistan Freedom Front (AFF) claims it has expanded operations across Badakhshan and is openly patrolling the strategic Wakhan Corridor, while recruiting former Afghan security personnel. Although the claims remain unverified, the developments come as the Taliban face growing security and diplomatic challenges, including concerns from China over the Turkistan Islamic Party (TIP), tensions with Pakistan over the TTP, and regional scrutiny from Tajikistan, Russia, and Iran. Reports also suggest former Afghan military figures abroad are coordinating discussions on Afghanistan’s future, though these claims have not been independently confirmed.