پشاور میں جنوبی وزیرستان کے شہریوں کو لینڈ مائینزسے حفاظتی تدابیر سے متعلق تین روزہ تربیت اختتام پذیر

پشاور ( دی خیبر ٹائمز ڈیسک ) پراونشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) اور بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کی طرف سے جنوبی وزیرستان کے 40 سے زائد کمیونٹی لیڈرز کی علاقے میں لینڈ مائنز اور بارودی مواد کے خطرات سے اگاہی کے بارے میں سہ روزہ ٹرنینگ ورکشاپ اختتام پذیر ہو ئی جس میں شرکت کرنے والے جنوبی وزیرستان کے اپر اور لوئر علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو تربیت دی گئی تاکہ آئندہ کیلئے علاقے میں موجود بارودی مواد کے حوالے سے لوگوں میں معلومات اور شعور کو اجاگر کیا جا سکے اور عام لوگوں کو اس حوالے سے درپیش خطرات کو کم سے کم کیا جا سکے ۔ اس بارے میں ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے مس ثوبیہ حسام طورو نے بتایا کہ اس ٹرنینگ کا مقصد یہ ہے کہ ان علاقوں میں لینڈ مائنز کا خطرہ موجود ہے اور وقتاً فوقتاً ان علاقوں کے عوام بالخصوص بچوں ، خواتین اور مردو ں کو لینڈ مائنز کی وجہ سے یا تو زندگی سے ہاتھ دھونے پڑتے ہیں اور یا پھر عمر بھر کیلئے معذور ہو کر نہ صرف اپنے خاندان بلکہ معاشرے پر بھی بوجھ بن جاتے ہیں اور اس کے سد باب کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ لوگوں میں اس حوالے سے شعور بیدار کیا جائے جس کیلئے پی ڈی ایم اے انٹرنیشنل ریڈ کراس کمیٹی کے ساتھ مل کر پورے قبائلی علاقے میں ایسی تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کرتی ہے جس میں مقامی لوگوں نے بہت گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا ہے ۔ ثوبیہ حسام طورو نے مزید بتایا کہ ہمارا اگلا ٹارگٹ اس قسم کی تربیتی ورکشاپ کا اہتمام شمالی وزیرستان اور خاص طور پر ٹی ڈی پیز کے سلسلے میں ہیں تاکہ وہ جب بھی اپنے اپنے علاقوں میں جائیں تو لینڈ مائنز کے بارے میں انہیں مکمل معلومات ہوں اور ان کی زندگیاں کسی بھی قسم کے خطرے دوچار نہ ہو ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں