دی خیبر ٹائمز مانیٹرنگ : پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی تعلقات کو ایک نئی جہت دینے کیلئے دو روزہ ریسیپروکل ٹریڈ ایگریمنٹ پر مذاکرات کا باقاعدہ آغاز واشنگٹن میں ہو گیا ہے۔ اس اہم پیش رفت سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ایک نئے دور کے آغاز کی توقع کی جا رہی ہے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق، پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری تجارت جواد پال کر رہے ہیں، جبکہ متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے ان مذاکرات میں شریک ہیں۔ مذاکرات کا بنیادی مقصد تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنا، ٹیرف کے امور پر اتفاق رائے پیدا کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ کرنا ہے۔
ماہرینِ معاشیات کے مطابق، اس معاہدے سے درج ذیل شعبوں میں بہتری متوقع ہے
پاکستانی مصنوعات، بالخصوص ٹیکسٹائل، چمڑے کی مصنوعات اور زرعی پیداوار کیلئے امریکی مارکیٹ تک رسائی میں حائل رکاوٹوں میں کمی، آئی ٹی (IT) اور سافٹ ویئر کے شعبے میں امریکی سرمایہ کاری اور مہارت کی منتقلی کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع کی جاسکتی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان لاجسٹک اور سپلائی چین کے عمل کو مزید سہل بنانے کی بھی امکانات ہے۔
ماہرین معاشیات کہتے ہیں، کہ اگر امریکہ کے ساتھ یہ مذاکرات کامیاب رہتے ہیں تو اس کے براہِ راست اثرات عام شہریوں کی زندگی پر مرتب ہو سکتے ہیں، برآمدات میں اضافے سے ملکی صنعتوں میں ملازمتوں کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری آئیگی، جس سے مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
باہمی تجارت کے فروغ سے پاکستانی مارکیٹوں میں ٹیکنالوجی اور دیگر درآمدی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، چھوٹے کاروبار کرنے والوں اور فری لانسرز کیلئے بین الاقوامی سطح پر اپنی خدمات فروخت کرنے کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی۔
پاکستان کیلئے امریکی مارکیٹ سب سے بڑی برآمدی منزلوں میں سے ایک ہے۔ اس ریسیپروکل ٹریڈ ایگریمنٹ کے ذریعے پاکستان اپنی مصنوعات کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے مجبور ہوگا، جو طویل المدتی بنیادوں پر ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اگرچہ مذاکرات ابتدائی مراحل میں ہیں، لیکن دونوں ممالک کا ایک میز پر آنا خود اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں جانب سے اقتصادی تعلقات کو سیاسی ترجیحات سے بالاتر رکھنے کی خواہش موجود ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مشرقِ وسطیٰ جنگ: امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ختم، دونوں جانب سے شدید فضائی حملے
———————————————————————-
Summary: Pakistan-US Trade Negotiations
Pakistan and the US have commenced two-day trade negotiations in Washington to discuss a “Reciprocal Trade Agreement”. Led by Secretary of Commerce Jawad Paul, the talks aim to boost bilateral trade, enhance economic cooperation, and address tariff-related issues. This initiative is expected to open new opportunities for economic growth, improve market access for Pakistani products, and facilitate industrial and technological investment.




