A composite news graphic by The Khyber Times, featuring an indoor meeting of Taliban leaders and a separate view of fighters in a mountainous border landscape, with the title 'Taliban leader’s order on fighter movement' in English and Urdu.

افغان طالبان قیادت کے تازہ احکامات؛ سرحد پار نقل و حرکت، اندرونی نظم و ضبط اور پاکستان کے خدشات

تحریر: ناصر داوڑ

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیکیورٹی معاملات اور سرحد پار عسکریت پسندی کے حوالے سے پائی جانے والی کشیدگی ایک ایسے موڑ پر کھڑی ہے جہاں محض بیانات کے بجائے عملی اور قابلِ تصدیق اقدامات کا مطالبہ زور پکڑ چکا ہے۔ حالیہ دنوں میں افغان طالبان کے سپریم لیڈر شیخ ہبت اللہ آخندزادہ سے منسوب ایک بیان اور احکامات نے خطے کے سیاسی و سیکیورٹی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس میں جنگجوؤں کی بغیر اجازت نقل و حرکت اور “جہاد” کے نام پر ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کو واضح طور پر نافرمانی قرار دیا گیا ہے۔

اگست 2021 میں کابل میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان نے امید ظاہر کی تھی کہ افغانستان میں امن کے قیام سے خطے میں استحکام آئے گا اور افغان سرزمین کسی پڑوسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ تاہم، گزشتہ چند برسوں کے دوران خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کی لہر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اسلام آباد کا مستقل مؤقف رہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ عسکریت پسند گروہ، بشمول بی ایل اے، افغان سرزمین کو پناہ گاہوں اور حملوں کی منصوبہ بندی کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔

اس سے قبل بھی کابل میں ایک ہزار علماء کے اجتماع کے ذریعے بیرونِ ملک جنگ یا “جہاد” کو ناجائز قرار دینے جیسے اقدامات سامنے آئے تھے، اور طالبان قیادت کی جانب سے وقتاً فوقتاً جنگجوؤں کو نظم و ضبط کا پابند بنانے کے احکامات جاری ہوتے رہے ہیں۔ اس کے باوجود پاکستان میں ہونے والے متعدد حملوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آنے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات تناؤ کا شکار رہے۔

سیکیورٹی تجزیہ کاروں اور سینئر افغان صحافی سمیع یوسفزئی کے حوالے سے سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق، شیخ ہبت اللہ آخندزادہ نے حالیہ خطاب اور طالبان اراکین کے واٹس ایپ گروپس میں گردش کرنے والے پیغامات میں میدان وردک صوبے سے ملنے والی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق، طالبان کے امیر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ان کی اجازت کے بغیر کسی بھی فرد کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونے کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں تنبیہ کی کہ جو شخص اجازت کے بغیر “جہاد” یا کسی اور بہانے سے سفر کرے گا، اس کا امارتِ اسلامی سے کوئی تعلق نہیں رہے گا اور اس کی وابستگی جھوٹی تصور کی جائے گی۔ مزید برآں، انہوں نے حکام کو سخت ہدایت کی ہے کہ ایسے افراد خواہ کوئی بھی ہوں، انہیں فوری طور پر واپس لایا جائے۔

سیکیورٹی مبصرین کے نزدیک اس بیان کے دو نہایت اہم پہلو ہیں، ایک یہ کہ اگر افغانستان کے اندر سے جنگجوؤں کی غیر مجاز نقل و حرکت پر خود سپریم لیڈر کو شکایت کرنی پڑ رہی ہے، تو اس کا سیدھا اشارہ سرحد پار جا کر پاکستانی عسکریت پسند گروہوں میں شامل ہونے والے عناصر کی طرف ہے۔ سمیع یوسفزئی نے بھی یہ سوال اٹھایا ہے کہ کیا اس تقریر کے بعد پاکستان کا یہ دعویٰ مزید مضبوط نہیں ہو جاتا کہ افغان شہری یا نظام سے منسلک افراد ٹی ٹی پی کی صفوں میں شامل ہو رہے ہیں؟ دوسری یہ کہ اس نکتے پر بھی غور کر رہے ہیں کہ قندھار سے جاری ہونے والے احکامات پر زمینی سطح پر کس حد تک عملدرآمد ہو رہا ہے۔ اگر امیرالمومنین کو بار بار یہ شکوہ کرنا پڑے کہ ان کے احکامات کی مکمل اطاعت نہیں ہو رہی، تو اس سے یہ سوال جنم لیتا ہے کہ آیا صوبائی سطح پر کمانڈ اینڈ کنٹرول کمزور پڑ رہا ہے، یا پھر صفوں کے اندر ایسے عناصر موجود ہیں جو سرحد پار جانے والے جنگجوؤں کی طرف سے آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔
پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کیلئے اصل اہمیت الفاظ یا اندرونی تنبیہات کی نہیں بلکہ زمینی نتائج کی ہے۔ اسلام آباد کا مطالبہ واضح ہے کہ افغان سرزمین سے بھرتیوں، تربیت، سرحد پار نقل و حرکت اور عسکریت پسندوں کے انفراسٹرکچر کے خاتمے کیلئے ایسے ٹھوس اقدامات کئے جائیں جن کی آزادانہ اور قابلِ تصدیق جانچ ممکن ہو سکے۔

علاقائی ماہرین کے مطابق، افغان سرزمین کا عدم استحکام اور عسکریت پسند گروہوں کی سرگرمیاں محض پاکستان کیلئے ہی نہیں بلکہ خود افغان حکومت، وہاں کے عوام اور پورے خطے کے امن و معیشت کیلئے ایک بڑا خطرہ ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ شیخ ہبت اللہ آخندزادہ کی یہ حالیہ تنبیہ محض ایک اندرونی تنبیہی بیان تک محدود رہتی ہے یا واقعی سرحد پار دراندازی روکنے کیلئے کسی مؤثر اور پائیدار پالیسی کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: کولکتہ کی سٹیج لائٹس سے پکتیکا کے مقتل تک سشمیتا بینرجی کا ادھورا سفر

Summary:
Taliban Supreme Leader’s Directive on Fighter Movement: Internal Discipline and Cross-Border Security Concerns

Reported statements attributed to Taliban Supreme Leader Sheikh Hibatullah Akhundzada have sparked renewed scrutiny over the group’s internal command structure and cross-border militancy. Addressing complaints from Maidan Wardak province, Akhundzada reportedly condemned the unauthorized movement of fighters under the pretext of “jihad,” warning that anyone traveling without explicit permission would have their affiliation with the Islamic Emirate revoked and ordering authorities to bring such individuals back.

Security analysts and regional journalists note that these remarks indirectly validate Pakistan’s long-standing concerns that Afghan nationals and elements within the ranks are crossing the border to join militant groups like the TTP. Furthermore, the Supreme Leader’s public frustration raises critical questions about Kandahar’s actual control over provincial ranks and whether local commanders are turning a blind eye to cross-border infiltration. Ultimately, for Islamabad and regional stability, internal warnings are insufficient; tangible, verifiable actions are required to prevent Afghan soil from being used against neighboring states.

About the Author: Nasir Dawar is a journalist, researcher, and Editor of The Khyber Times, with extensive experience covering militancy, conflict, security, and political developments in Khyber Pakhtunkhwa, the former FATA, and Afghanistan. His research focuses particularly on militant movements, regional security, Afghanistan, and Pakistan-Afghanistan relations.Contact: dawarjan@gmail.com