نسرین جبین
میں نے نیند کی گولیاں لینا شروع کر دیں، اس کے باوجود بھی نیند نہیں آتی تھی۔ میں دن رات جاگتی رہتی تھی اور بچوں کے ساتھ میرا رویہ چڑچڑا ہو گیا، حتیٰ کہ میں نے ان پر چیخنا چلانا شروع کر دیا۔ پندرہ سے بیس دن میں نے ایک عذاب کی طرح کاٹے اور ایک ناکردہ گناہ کی سزا بھگتی۔ قصور میرا صرف یہ تھا کہ میں نے صحافی ہونے کے ناطے کرپشن سے متعلق ایک اسٹوری چلانے کیلئے ایک سیاسی جماعت کی سرکردہ رکن اور مشیر سے ان کا موقف جاننے کی کوشش کی۔ ان کے پاس میرا نمبر چلا گیا، انہوں نے ایکس پر میرا نمبر پبلک کر دیا اور مجھ پر رقم لینے کا الزام لگا دیا۔ اس طرح میرا نمبر پلک جھپکتے ہی لاکھوں لوگوں تک پہنچ گیا، جس کے بعد ہر طرح کی ٹرولنگ، ڈاکسنگ اور بلنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ مجھے دن رات فون کالز آتی رہیں اور گالیاں دی جاتی رہیں۔ مجھ پر ذہنی اور نفسیاتی تشدد اس حد تک بڑھ گیا کہ فرائض کی انجام دہی میرے لئے مشکل ہو گئی۔ گھر میں بھی مسائل بڑھ گئے۔ میری ساری فیملی، بہن بھائی اور رشتہ دار کالز کرتے اور سہارا دیتے رہے، تاہم پریشانی اتنی زیادہ تھی کہ بیان کرنے کے قابل نہیں۔ یہ کہنا ہے پشاور میں 29 سال سے صحافت سے وابستہ سینئر رپورٹر نادیہ صبوحی کا۔
نادیہ نے بتایا کہ اس سارے بحران میں پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، ہمارے سینئر ساتھی شمیم شاہد، پریس کلب کی کابینہ، خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین سید اور دیگر ساتھیوں نے مل کر معاملے کو سنبھالا اور حل کیا۔ ان کے بقول، میری ایک اسٹوری جو بالکل درست تھی، اس کے باوجود میری صحافت کی سزا میرے سارے خاندان نے بھگتی اور میرا پورا گھر ذہنی و نفسیاتی تشدد کا شکار رہا۔ سچ کہنا مجھے مہنگا پڑ گیا۔ ہمارا کام ہی ایسا ہے کہ ہمیں ذہنی، جسمانی اور نفسیاتی دباؤ سہنا پڑتا ہے، اور اب ہم اس کے عادی ہو چکے ہیں۔ اگرچہ ہم اس کے خلاف آواز بھی اٹھاتے ہیں، لیکن پھر بھی ہمیں اس کی عادت سی پڑ گئی ہے کیونکہ ہمارے معاشرے میں سچ سننے، ماننے اور اس حوالے سے رویوں میں تبدیلی کی رفتار بہت سست ہے۔
خواتین صحافیوں کی ہراسانی صرف فیلڈ تک محدود نہیں بلکہ بعض اوقات نیوز روم کے اندر بھی محسوس کی جاتی ہے۔ ایک نجی نیوز چینل سے گزشتہ 15 سال سے وابستہ صحافی مدیحہ کا کہنا ہے کہ بعض نیوز رومز میں مرد صحافی گفتگو اور ٹیلی فون کالز کے دوران اس بات کا خیال نہیں رکھتے کہ ان کے پاس خواتین صحافی بھی موجود ہیں۔ ان کی گفتگو میں گالم گلوچ اور حد درجہ بدتمیزی شامل ہوتی ہے، جبکہ بعض حرکات و سکنات بھی خواتین کیلئے ہراسانی کا سبب بنتی ہیں۔ مدیحہ کے مطابق بیٹ کے معاملات میں بھی خواتین کو دباؤ اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہیں ان اہم بیٹس سے دور رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے جن سے ان کا نام بن سکتا ہے یا انہیں اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع مل سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو ہراساں کرنا ایک آسان کام سمجھ لیا گیا ہے؛ گھروں، بازاروں، راستوں، تعلیمی اداروں، دفتروں، اسپتالوں، شاپنگ مالز اور تفریحی پارکوں غرض ہر جگہ کسی نہ کسی صورت میں آوازیں کسنا، جملے بازی، ہلڑ بازی اور مذاق اڑانا ایک عام سی بات سمجھی جاتی ہے۔ مدیحہ نے مزید کہا کہ یہ عمل اب سوشل میڈیا پر اور بھی آسان ہو گیا ہے، جہاں ٹرولنگ، ڈاکسنگ اور بلنگ کے ذریعے نشانہ بنایا جاتا ہے۔ چونکہ میڈیا کی تقریباً ہر خبر یا اسٹوری کسی نہ کسی کے حق یا خلاف جاتی ہے، اس لئے اگر کوئی خبر کسی بااثر کے خلاف ہو اور اس کی رپورٹر خاتون ہو، تو ہراسانی کے یہ روئے اور زیادہ بڑھ جاتے ہیں اور بعض اوقات خواتین کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑتی ہے۔
خواتین صحافیوں کی تعداد میں کمی کا رجحان بھی سامنے آ رہا ہے۔ پشاور پریس کلب کی ممبرشپ کا جائزہ لیں تو 2020 میں خواتین ممبرز کی تعداد 26 تھی، جو 2025 میں کم ہو کر 16 رہ گئی، جبکہ 2026 کی نئی ممبرشپ فہرست دسمبر میں شائع ہونے کے بعد تعداد میں کمی یا اضافے کا درست اندازہ ہو سکے گا۔ پشاور پریس کلب کی 2025 کی فہرست کے مطابق کلب کے کل ممبران کی تعداد 487 ہے۔ پریس کلب کے نائب صدر ضیاء الحق کا کہنا ہے کہ صوبے کو درپیش سیکیورٹی، معاشرتی اور معاشی مسائل کے باوجود خواتین صحافی ڈٹ کر صحافت کے میدان سے وابستہ ہیں اور پہاڑوں، سیلابوں اور بم دھماکوں سمیت ہر طرح کے حالات میں فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ ان کے مطابق رواں سال دسمبر 2026 میں 10 خواتین صحافیوں کو پریس کلب کی ممبرشپ دی گئی ہے جو سال کے اختتام پر شائع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین صحافیوں کی ممبرشپ کسی صورت ختم نہیں کی جاتی، اور اگر کسی ادارے سے ملازمت ختم بھی ہو جائے تب بھی وہ اپنے شوق کے ساتھ ڈیجیٹل میڈیا یا ذاتی سوشل میڈیا کے ذریعے میدان میں موجود رہتی ہیں، جس کی ایک مثال فرزانہ علی ہیں۔ تاہم نئی آنے والی نوجوان خواتین صحافیوں کا رجحان ڈیجیٹل میڈیا کی طرف زیادہ ہے، مگر موجودہ آئین کے تحت پشاور پریس کلب یا یونین کی رکنیت ڈیجیٹل میڈیا ورکرز کو نہیں ملتی، جس میں تبدیلی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انٹرنیشنل ادارے ڈی ڈبلیو کی نمائندہ فاطمہ نازش، جو 12 سال سے صحافت سے وابستہ ہیں، کہتی ہیں کہ آج کے دور میں خواتین صحافی ٹرولنگ، ڈاکسنگ اور ہراسانی کے خلاف دو محاذوں پر لڑ رہی ہیں۔ ایک محاذ فیلڈ اور دفتر کے اندر ہراسگی کا ہے، جبکہ دوسرا اور زیادہ کٹھن محاذ آن لائن ہراسمنٹ کا ہے جو ذہنی اور جسمانی صحت کو متاثر کرتا ہے۔ ان کے بقول، آن لائن ہراسمنٹ اور ٹرولنگ میں چونکہ رشتہ دار، خاندان اور دفتر کے لوگ سب اس روئے کو دیکھ رہے ہوتے ہیں، اس لئے خاندان کے اندر سوال و جواب کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے، جس سے نئی لڑکیاں اس شعبے میں آنے سے کتراتی ہیں۔ فاطمہ کا کہنا ہے کہ اسکرین پر دیکھ کر کئی لڑکیاں شوق سے صحافت میں آتی ہیں، لیکن فیلڈ کے چیلنجز دیکھ کر یا تو میدان چھوڑ دیتی ہیں یا مین اسٹریم میڈیا میں آنے سے ہچکچاتی ہیں۔ تاہم جو خواتین شوق، معاشی ضرورت یا مضبوط پروفائل اور جواب دینے کی صلاحیت کے باعث ڈٹی ہوئی ہیں، وہ اپنی پہچان بنا کر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے معاشرتی ماحول میں خواتین صحافیوں کو اکثر مشکل اسٹوریز کے بجائے سافٹ بیٹس دی جاتی ہیں اور کسی بڑے حادثے یا دھماکے کی صورت میں بھی انہیں فیچر یا اسپتال کوریج تک محدود رکھا جاتا ہے، جس کی وجہ معاشرتی روایات کے ساتھ ساتھ بعض اوقات خود صحافیوں کی محتاط ترجیحات بھی ہوتی ہیں۔ تعلیمی میدان میں بھی طالبات کے رجحان میں اتار چڑھاؤ نظر آتا ہے۔ پشاور یونیورسٹی کے شعبہ جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشن کے ریکارڈ کے مطابق 2020 میں 28 طالبات نے داخلہ لیا، 2022 میں یہ تعداد 14 رہ گئی، 2025 میں کوئی طالبہ داخل نہیں ہو سکی، اور 2026 میں 7 طالبات نے جرنلزم میں داخلہ لیا۔ 2020 کے بیچ کی 28 طالبات میں سے 6 نے ڈیجیٹل اور مین اسٹریم میڈیا میں ملازمت اختیار کی، جبکہ 2022 کی طالبات میں سے ایک نے صحافت کو بطور پیشہ اپنایا اور باقی یا تو دوسرے شعبوں میں چلی گئیں یا گھروں تک محدود ہو گئیں۔ اس کی دیگر وجوہات کے ساتھ آن لائن ہراسمنٹ، ٹرولنگ اور ڈاکسنگ کا خوف بھی شامل ہے، جس کے باعث خواتین نسبتاً محفوظ شعبوں کا انتخاب کرتی ہیں۔
2025-26 میں پشاور یونیورسٹی کے شعبہ صحافت سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبہ مناہل فیصل کا کہنا ہے کہ انہوں نے شوق سے یہ ڈگری حاصل کی، لیکن پشاور کے موجودہ ماحول میں وہ فیلڈ صحافت نہیں کر سکتیں کیونکہ حساس طبیعت کی لڑکیوں کیلئے یہاں کام کرنا انتہائی مشکل ہے۔ وہ ایم ایس کیلئے بیرون ملک جانا چاہتی ہیں یا پھر اسلام آباد میں کام کرنے کو ترجیح دیں گی، اور صاف کہتی ہیں کہ پشاور میں فیلڈ صحافت ان کے بس کی بات نہیں۔
دوسری جانب خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین سید کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پشاور میں خواتین صحافیوں کی ہراسانی کے چند نمایاں واقعات سامنے آئے جنہیں مل کر حل کیا گیا، جن میں نادیہ صبوحی کا معاملہ بھی شامل ہے جس میں پوری صحافتی برادری نے ساتھ دیا اور متعلقہ اکاؤنٹ سے وہ پوسٹ ہٹوائی گئی۔ ان کے مطابق ہمارے معاشرے میں ایک رویہ احترام اور لحاظ کا ہے جس کے تحت کئی معاملات کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے، جبکہ دوسرا رویہ یہ ہے کہ خواتین تنگ نظر معاشرتی ردعمل اور بدنامی کے خدشے کے باعث ایسے واقعات کو چھپاتی اور برداشت کرتی ہیں، جس سے رپورٹنگ کم ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دفتروں کے اندر عموماً باہمی احترام کے ساتھ ٹیم ورک ہوتا ہے، جبکہ فیلڈ میں پیش آنے والے واقعات میں یونین نے آواز اٹھائی، جیسے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے پروگرام میں ایک خاتون رپورٹر کو ویڈیو بنانے سے روکے جانے پر یونین نے احتجاج کیا۔
ڈیجیٹل حقوق کے حوالے سے ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن کی سالانہ رپورٹ برائے ڈیجیٹل سیکیورٹی ہیلپ لائن 2025 کے مطابق کل 3,012 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں 1,709 خواتین، 1,279 مرد، 2 ٹرانس وومن، 1 ٹرانس مین اور 1 نان بائنری شامل تھے، جبکہ صحافیوں کی جانب سے درج کرائی گئی کل 88 شکایات میں 46 خواتین اور 42 مرد صحافی شامل تھے۔
فیلڈ میں خاتون رپورٹر کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بیان کرتے ہوئے کیمرہ مین شیخ اشفاق حسین نے کہا کہ بعض اوقات ہجوم اور بدتمیزی کے باعث کام مشکل ہو جاتا ہے، جیسا کہ چند سال قبل اندرون شہر مینا بازار میں عید کی شاپنگ کے پیکج کے دوران خاتون رپورٹر کے مائک اٹھاتے ہی ہجوم نے گھیرا تنگ کر لیا اور گھورنے و جملے بازی کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس پر انہیں خاتون رپورٹر کو گاڑی میں بٹھا کر خود فوٹیج بنانی پڑی۔ ان کے بقول، ایسے ماحول میں کام کرنے والی خواتین صحافی واقعی ہمت اور جرات کی مثال ہیں۔ پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض کا کہنا ہے کہ پریس کلب میں سینئر صحافی فرزانہ علی کی سربراہی میں انسداد ہراسانی کمیٹی موجود ہے، تاہم گزشتہ ایک سال کے دوران کسی خاتون نے ہراسانی کی باضابطہ شکایت یا رپورٹ درج نہیں کرائی۔ ان کے مطابق دفتر کے اندر ہراسانی کے واقعات کم دیکھنے میں آتے ہیں اور فیلڈ کی کوئی شکایت بھی باقاعدہ طور پر کلب تک نہیں پہنچی۔
ان دشواریوں کے باعث کئی باصلاحیت خواتین کو صحافت چھوڑنا پڑی۔ فعال صحافی رفعت شاہ بتاتی ہیں کہ 20 سال قبل صحافت میں آنے کے بعد انہیں ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، وہ ذہنی دباؤ اور جسمانی کمزوری کا شکار ہوئیں، اور بالآخر صحافت چھوڑ کر ایک سرکاری ادارے میں میڈیا ایڈوائزر کی ملازمت اختیار کر لی، اگرچہ دل آج بھی صحافت کیلئے دھڑکتا ہے۔ اسی طرح ایک اور صحافی ناہید نے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں میڈیا انچارج کی ذمہ داری سنبھالی، جبکہ ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والی جمائمہ افریدی اور پروڈکشن سے وابستہ وگمہ نے بیرون ملک منتقل ہو کر وہیں صحافت کا سلسلہ جاری رکھا۔ نئی فارغ التحصیل خواتین بھی تنخواہ، سہولیات اور جاب سیکیورٹی کے باعث این جی اوز یا سرکاری اداروں میں میڈیا ایڈوائزر کی ملازمت کو ترجیح دیتی ہیں۔
تاہم تمام رکاوٹوں کے باوجود ایسی باہمت خواتین بھی موجود ہیں جو اس پیشے سے جڑی ہوئی ہیں۔ اپنا تجربہ ساجھا کرتے ہوئے راقمہ بتاتی ہیں کہ اسکول کے زمانے میں راستے میں جملے بازی پر جب انہوں نے اپنے استاد سے بات کی تو استاد نے کہا کہ جب قافلے منزل کی طرف بڑھتے ہیں تو راستے میں کتے بھونکتے رہتے ہیں؛ اگر قافلے رک جائیں یا راستہ بدل لیں تو منزل تک نہیں پہنچ پاتے۔ اسی نصیحت کو حرزِ جان بنا کر انہوں نے اپنا سفر جاری رکھا اور آج 25 سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں، اور ان جیسی کئی خواتین مشکلات کے باوجود اس پیشے میں سرگرم اور مطمئن ہیں۔
یہ بھی ملاحظہ کیجئے: کولکتہ کی سٹیج لائٹس سے پکتیکا کے مقتل تک سشمیتا بینرجی کا ادھورا سفر
Summary
The Double Battle of Women Journalists: From Field Harassment to Online Trolling
Women journalists in Khyber Pakhtunkhwa face severe physical, psychological, and digital challenges that threaten both their careers and mental well-being. Senior reporter Nadia Sabuhi recounts experiencing severe anxiety and insomnia after a political figure leaked her phone number on X (formerly Twitter) alongside false bribery allegations, triggering relentless online trolling and abusive calls a crisis eventually resolved with support from the Peshawar Press Club and Khyber Union of Journalists.
Beyond field harassment, journalists like Madiha highlight toxic newsroom environments, abusive language, and exclusion from high-profile beats, noting that online doxxing and bullying intensify whenever women report critical stories. Consequently, female representation in mainstream journalism is declining. Peshawar Press Club records show female membership dropped from 26 in 2020 to 16 in 2025 (out of 487 total members), though 10 new women were inducted for 2026, and efforts are underway to amend club bylaws to include digital media workers.
Similarly, female enrollment and retention at the University of Peshawar’s Department of Journalism have fallen sharply, as graduates like Manahil Faisal cite local social pressures and fear of online abuse as deterrents to pursuing field reporting in Peshawar. According to the Digital Rights Foundation’s 2025 report, out of 3,012 digital harassment complaints nationwide, 88 came from journalists 46 of whom were women. While press unions and anti-harassment committees exist, social stigma often prevents women from formally reporting abuse. Driven by stress, health impacts, and better job security, several experienced journalists have transitioned to government media roles, NGOs, or relocated abroad, even as resilient veterans continue to persevere in the field despite the odds.




