اسلام آباد (دی خیبر ٹائمز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری سیاسی بحث پر مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے سندھ میں حالات خراب ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ سیاستدانوں کو اس اہم قومی معاملے پر اپنی ذات کے خول سے باہر نکل کر بات کرنی چاہئے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کسی قسم کے تحفظات سامنے نہیں آئے اور وزیراعظم شہباز شریف خود اس ایجنڈے کو لے کر چل رہے ہیں تاکہ اس معاملے پر وسیع تر سیاسی اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں وزیراعظم نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کی ہیں اور امید ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکل آئے گا۔ پیپلز پارٹی کے ممکنہ اختلافات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی نہیں بھی مانی تو تب بھی کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا، تاہم اگر بات چیت کے راستے بند کرنا شروع کر دیے گئے تو یہ طرزِ عمل سیاست، ملک اور عوام کے مفاد میں نہیں ہوگا۔
وزیر دفاع نے سوال اٹھایا کہ کیا دنیا کے دیگر ممالک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے نہیں بنتے؟ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں مسائل کا حل مکالمے اور بات چیت کے ذریعے نکالا جاتا ہے، لیکن جب نئے صوبوں کی بحث میں خون خرابے کی باتیں کی جاتی ہیں تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ایسی باتوں کے ذریعے معاملے کو کس طرف لے جایا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر ہونے والی بحث میں بعض سیاستدانوں کے ذاتی ایجنڈے کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ ملک کے موجودہ سیاسی و انتظامی ڈھانچے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے واضح کیا کہ ملک میں اس وقت ہائبرڈ سسٹم چل رہا ہے اور اس نظام میں مسلم لیگ (ن) کے علاوہ دیگر پارٹنرز بھی موجود ہیں۔
یہ بھی ملاحظہ کیجئے:
Summary:
Defense Minister Khawaja Asif stated that concerns over deteriorating conditions in Sindh are being used as an excuse to advance personal political agendas regarding the creation of new provinces. He emphasized that PML-N has no reservations on the matter, adding that Prime Minister Shehbaz Sharif is actively pursuing consensus and has held discussions with President Asif Ali Zardari and other stakeholders. Asif noted that a way forward will be found even if the Pakistan Peoples Party (PPP) does not agree, while warning that closing doors to dialogue or threatening bloodshed would harm politics, the country, and the public. He further remarked that Pakistan is currently operating under a hybrid system involving multiple partners alongside his party.
The Khyber Times News Desk: thekhybertimes@gmail.com




