پاک افغان محاذ آرائی اور ارومچی کا سفارتی راستہ: جیو پولیٹیکل بساط پر چین کی ثالثی اور تزویراتی مفادات کا گہرا تجزیہ تحریر: ناصر داوڑ پاکستان اور افغانستان کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی راکھ سے اب ایک ایسی چنگاری پھوٹی ہے جس نے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ فروری 2026 کا مہینہ تاریخ میں اس موڑ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب دہائیوں پر محیط تزویراتی گہرائی کا تصور کھلی جنگ میں تبدیل ہو گیا۔ پاکستان کی جانب سے کابل، قندھار اور پکتیا میں افغان فوجی تنصیبات پر فضائی حملے محض عسکری کارروائی نہیں تھی، بلکہ یہ اس صبر کے لبریز ہونے کا اعلان تھا جو تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی محفوظ پناہ گاہوں کے معاملے پر اسلام آباد میں پایا جاتا تھا۔ 16 مارچ 2026 کو کابل میں منشیات کے عادی افراد کے بحالی مرکز پر ہونے والے المناک حملے، جس میں 400 سے زائد جانیں گئیں، اور ایک لاکھ سے زائد افراد کی نقل مکانی نے اس انسانی بحران کو بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے، تاہم پاکستان اسے دہشتگردی کا ٹریننگ کیمپ بتا رہاہے، اسی سنگین صورتحال میں بیجنگ نے اپنی روایتی خاموشی توڑ کر ارومچی امن عمل کے ذریعے ایک ایسے کھلاڑی کے طور پر انٹری دی ہے جو اب صرف معاشی ہی نہیں بلکہ جیو پولیٹیکل ریفری بننا چاہتا ہے۔ ارومچی مذاکرات کا پس منظر اور سفارتی نشستوں کا ارتقاء چین نے اس ثالثی کیلئے سنکیانگ کے دارالحکومت ارومچی کا انتخاب محض اتفاقاً نہیں کیا، بلکہ یہ کابل اور اسلام آباد کیلئے ایک خاموش پیغام تھا کہ اس خطے کی بدامنی براہِ راست چین کی سرحدوں کو متاثر کرتی ہے۔ اپریل 2026 کے پہلے ہفتے میں ہونے والے یہ مذاکرات پانچ مختلف مراحل پر محیط تھے، جن میں سفارتی نزاکتوں سے زیادہ عسکری حقائق پر زور دیا گیا۔ پہلے مرحلے میں جہاں مذاکرات کے ضابطے طے ہوئے، وہیں دوسرے اور تیسرے مرحلے میں اصل تپش محسوس کی گئی جب ٹی ٹی پی کی سرگرمیوں، ڈیورنڈ لائن پر باڑ کی حفاظت اور سرحد پار عسکری نقل و حرکت پر سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ چوتھی اور پانچویں نشست تک آتے آتے، چین نے دونوں فریقین کو ایک ایسے تیکنیکی فریم ورک پر لانے کی کوشش کی جہاں جذباتی بیانئے کے بجائے قابلِ تصدیق حقائق کو اہمیت دی جائے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ وہ اب صرف وعدوں پر اکتفا نہیں کرے گا بلکہ اسے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی مسماری کا مادی ثبوت چاہئے۔ ان مذاکرات میں شریک وفود کی ساخت دونوں ممالک کی ترجیحات کا آئینہ دار تھی۔ پاکستان نے اپنے وفد کو انتہائی مختصر اور تیکنیکی رکھا، جس کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی کر رہے تھے، جبکہ پسِ پردہ انٹیلی جنس اور عسکری حکام کی موجودگی نے یہ واضح کر دیا کہ پاکستان اس معاملے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے خالصتاً سیکیورٹی کے تناظر میں دیکھ رہا ہے۔ اس کے برعکس، افغان طالبان کا وفد جس میں مولوی محب اللہ وسیق اور جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس (GDI) کے نمائندے شامل تھے، اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کابل اسے طاقت کے توازن کا معاملہ سمجھتا ہے۔ طالبان کا یہ وفد سفارتی لفاظی کے بجائے زمینی عسکری قوت کے دفاع کیلئے ارومچی پہنچا تھا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اپنی خود مختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ بیجنگ کے تزویراتی مفادات اور علاقائی استحکام کی ضرورت چین کی اس غیر معمولی مداخلت کے پیچھے کھربوں ڈالر کا داؤ لگا ہوا ہے۔ بیجنگ کیلئے سی پیک محض ایک سڑک نہیں بلکہ اس کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی شہ رگ ہے۔ سی پیک 2 کے تحت چین اب اپنی سرمایہ کاری کو افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیا تک لے جانے کا خواب دیکھ رہا ہے، لیکن یہ خواب اسی صورت شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے جب پاک افغان سرحد پر بندوقیں خاموش ہوں۔ داسو ڈیم جیسے منصوبوں پر چینی انجینئرز کی ہلاکت نے بیجنگ کو یہ باور کرا دیا ہے کہ اگر اس نے اب مداخلت نہ کی تو اس کی معاشی سلطنت کو عسکریت پسندی کی دیمک چاٹ جائیگی۔ اس کے علاوہ، سنکیانگ کی سیکیورٹی چین کا سب سے حساس ترین پہلو ہے۔ ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ (ETIM)یا ترکستان اسلامک پارٹی (TIP) جیسے گروہوں کا افغان سرزمین کو استعمال کرنا چین کیلئے ریڈ لائن ہے، اور وہ ارومچی عمل کے ذریعے کابل کو یہ باور کرانا چاہتا ہے کہ چینی سرمایہ کاری کے بدلے میں اسے اپنی سرحدوں کو علیحدگی پسندوں سے پاک رکھنا ہوگا۔ جیو پولیٹیکل سطح پر چین خود کو امریکہ کے متبادل کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ سعودی عرب اور ایران کے بعد، پاک افغان تنازع کا حل بیجنگ کے گلوبل سیکیورٹی انیشیٹو کی کامیابی کا سب سے بڑا اشتہار ہوگا۔ چین جانتا ہے کہ اگر وہ یہاں ناکام ہوا تو امریکہ کو بگرام ایئر بیس جیسے اڈوں کے ذریعے خطے میں دوبارہ قدم جمانے کا موقع مل جائے گا، جو چینی جوہری تنصیبات کیلئے ایک بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔ افغانستان کے لیتھیم، کوبالٹ اور تانبے کے وسیع ذخائر، جن کی مالیت کھربوں ڈالر ہے، چین کی جدید ٹیکنالوجی کی صنعت کیلئے آکسیجن کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مس عینک جیسے منصوبوں کی کامیابی کیلئے چین کسی بھی قیمت پر سرحد کے دونوں اطراف امن کا خواہاں ہے، چاہے اس کیلئے اسے دونوں اتحادیوں پر سخت دباؤ ہی کیوں نہ ڈالنا پڑے۔ دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی اور ٹی ٹی پی کا پیچیدہ معاملہ 2020 کا دوحہ معاہدہ، جس کی بنیاد پر امریکہ نے افغانستان چھوڑا تھا، اب ایک بے معنی کاغذ کا ٹکڑا نظر آتا ہے۔ اس معاہدے کی روح یہ تھی کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، لیکن اقوامِ متحدہ کی حالیہ رپورٹیں اور زمینی حقائق اس کے برعکس کہانی سناتے ہیں۔ ٹی ٹی پی، القاعدہ اور حافظ گل بہادر گروپ جیسے عناصر نہ صرف افغان سرزمین پر موجود ہیں بلکہ انہیں ایک طرح کی نظریاتی چھتری بھی میسر ہے۔ پاکستان نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ بنوں چھاؤنی جیسے حملوں کے تانے بانے سرحد پار سے ملتے ہیں۔ امارتِ اسلامی کا یہ دعویٰ کہ انہوں نے ٹی ٹی پی کو سرحد سے دور منتقل کر دیا ہے، ایک ایسا تزویراتی مغالطہ ہے جس کا مقصد عالمی برادری کو مطمئن کرنا ہے۔ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹی پی کی منتقلی کیلئے 10 ارب روپے کے مطالبے کو مسترد کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ کابل اس مسئلے کو حل کرنے کے بجائے اسے کیش کرانا چاہتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کے مابین بیعت کا رشتہ ہے جو کسی بھی سیاسی معاہدے سے زیادہ مضبوط ہے۔ اگر طالبان ٹی ٹی پی کے خلاف کوئی سخت کارروائی کرتے ہیں تو انہیں اندرونی بغاوت اور اپنے جنگجوؤں کے داعش خراسان (IS-KP) میں شامل ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔ یہی وہ نظریاتی بندھن ہے جو پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ پاکستان نے ارومچی میں جن عسکری تنظیموں کی فہرست پیش کی ہے، ان میں ٹی ٹی پی کے علاوہ لشکرِ اسلام، اتحاد المجاہدین پاکستان، جیشِ فرسانِ محمد اور بلوچستان لبریشن آرمی (BLA) بھی شامل ہیں۔ بی ایل اے کے حوالے سے پاکستان کا یہ موقف کہ اسے افغان انٹیلی جنس کی خاموش حمایت حاصل ہے، اس تنازع کو ایک نئے اور خطرناک رخ پر لے گیا ہے جہاں اب دونوں ممالک ایک دوسرے کے باغیوں کو پناہ دینے کے الزامات لگا رہے ہیں۔ ٹرمپ کی واپسی اور بگرام ایئر بیس: پاک افغان تعلقات میں نئی تبدیلیاں مئی 2026 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ چین اس پوری صورتحال میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔ ٹرمپ اور پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے مابین بڑھتی ہوئی قربت اور تزویراتی شراکت داری نے کابل کے ماتھے پر پسینہ لا دیا ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے بگرام ایئر بیس کی واپسی کا مطالبہ اور پاکستان کی جانب سے امریکی مفادات کیلئے سیکیورٹی سب کنٹریکٹر کا ممکنہ کردار چین کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی ہے۔ بیجنگ کو خدشہ ہے کہ اگر پاکستان کی مدد سے امریکہ بگرام میں واپس آتا ہے تو سی پیک کا پورا منصوبہ امریکی نگرانی میں آ جائے گا۔ اسی لئے چین نے پاکستان کو متنبہ کیا ہے کہ وہ واشنگٹن کی خوشنودی کیلئے پڑوسیوں کے ساتھ پل نہیں جلا سکتا۔ پاکستان، چین اور امریکہ کے اس تہرے تزویراتی مقابلے نے افغانستان کو ایسی دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے کہ وہ اب بھارت کی طرف دیکھ رہا ہے۔ کابل کی جانب سے بھارتی فوج سے تربیت کے مطالبات اور نئی دہلی سے بڑھتے ہوئے سفارتی تعلقات نے اسلام آباد کی اس دیرینہ اسٹریٹجک ڈیپتھ پالیسی کو دفن کر دیا ہے، جس کے تحت پاکستان، افغانستان میں ایک ایسی دوست حکومت چاہتا تھا جو مشکل وقت میں اس کا ساتھ دے۔ اسلام آباد کے اسٹریٹجک ڈیپتھ کے تصور کو دفن کر دیا ہے۔ اب صورتحال یہ ہے کہ پاکستان جسے اپنا زیرِ اثر علاقہ سمجھتا تھا، وہ اب اس کے حریفوں کا نیا ٹھکانہ بنتا جا رہا ہے۔ ارومچی عمل اگرچہ ایک (سیفٹی والو) کے طور پر کام کر رہا ہے جو کسی بڑے دھماکے کو روک رہا ہے، لیکن یہ مستقل امن کی ضمانت نہیں دے سکتا۔ جب تک ٹی ٹی پی کا نظریاتی وجود اور ڈیورنڈ لائن کا سرحدی تنازع موجود ہے، تب تک کوئی بھی معاہدہ محض ایک عارضی فائر بندی سے زیادہ اہمیت نہیں رکھے گا۔ ارومچی امن عمل کی کامیابی اس بات پر منحصر ہے کہ کیا چین اپنی معاشی طاقت کو عسکری دباؤ میں بدل سکتا ہے؟ پاکستان کی معاشی مجبوری اور افغانستان کی سفارتی تنہائی بیجنگ کے ہاتھ میں وہ پتے ہیں جنہیں وہ بہت احتیاط سے کھیل رہا ہے۔ تاہم، پاک افغان تعلقات کی تلخی اب اس نہج پر پہنچ چکی ہے جہاں صرف میز پر بیٹھنے سے دل صاف نہیں ہوں گے۔ یہ ایک ایسی جیو پولیٹیکل بساط ہے جہاں ہر کھلاڑی دوسرے کو مات دینے کیلئے نئے مہرے چل رہا ہے، اور اس جنگ میں فی الوقت امن کی دستک بہت کمزور سنائی دے رہی ہے۔

پاک افغان محاذ آرائی اور ارومچی کا سفارتی راستہ: جیو پولیٹیکل بساط پر چین کی ثالثی اور تزویراتی مفادات کا گہرا تجزیہ

پاکستان، چین اور امریکہ کے تہرے مقابلے نے کابل کو دہلی کے قریب کر دیا ہے۔ ٹی ٹی پی کا مسئلہ ہو یا بگرام کی واپسی کا مطالبہ، پاک افغان تعلقات اب اس نہج پر ہیں جہاں صرف میز پر بیٹھنے سے دل صاف نہیں ہوں گے۔
تحریر: ناصر داوڑ

پاکستان اور افغانستان کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی راکھ سے اب ایک ایسی چنگاری پھوٹی ہے جس نے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ فروری 2026 کا مہینہ تاریخ میں اس موڑ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب دہائیوں پر محیط تزویراتی گہرائی کا تصور کھلی جنگ میں تبدیل ہو گیا۔ پاکستان کی جانب سے کابل، قندھار اور پکتیا میں افغان فوجی تنصیبات پر فضائی حملے محض عسکری کارروائی نہیں تھی، بلکہ یہ اس صبر کے لبریز ہونے کا اعلان تھا جو تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی محفوظ پناہ گاہوں کے معاملے پر اسلام آباد میں پایا جاتا تھا۔ 16 مارچ 2026 کو کابل میں منشیات کے عادی افراد کے بحالی مرکز پر ہونے والے المناک حملے، جس میں 400 سے زائد جانیں گئیں، اور ایک لاکھ سے زائد افراد کی نقل مکانی نے اس انسانی بحران کو بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے، تاہم پاکستان اسے دہشتگردی کا ٹریننگ کیمپ بتا رہاہے، اسی سنگین صورتحال میں بیجنگ نے اپنی روایتی خاموشی توڑ کر ارومچی امن عمل کے ذریعے ایک ایسے کھلاڑی کے طور پر انٹری دی ہے جو اب صرف معاشی ہی نہیں بلکہ جیو پولیٹیکل ریفری بننا چاہتا ہے۔
ارومچی مذاکرات کا پس منظر اور سفارتی نشستوں کا ارتقاء
چین نے اس ثالثی کیلئے سنکیانگ کے دارالحکومت ارومچی کا انتخاب محض اتفاقاً نہیں کیا، بلکہ یہ کابل اور اسلام آباد کیلئے ایک خاموش پیغام تھا کہ اس خطے کی بدامنی براہِ راست چین کی سرحدوں کو متاثر کرتی ہے۔ اپریل 2026 کے پہلے ہفتے میں ہونے والے یہ مذاکرات پانچ مختلف مراحل پر محیط تھے، جن میں سفارتی نزاکتوں سے زیادہ عسکری حقائق پر زور دیا گیا۔ پہلے مرحلے میں جہاں مذاکرات کے ضابطے طے ہوئے، وہیں دوسرے اور تیسرے مرحلے میں اصل تپش محسوس کی گئی جب ٹی ٹی پی کی سرگرمیوں، ڈیورنڈ لائن پر باڑ کی حفاظت اور سرحد پار عسکری نقل و حرکت پر سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ چوتھی اور پانچویں نشست تک آتے آتے، چین نے دونوں فریقین کو ایک ایسے تیکنیکی فریم ورک پر لانے کی کوشش کی جہاں جذباتی بیانئے کے بجائے قابلِ تصدیق حقائق کو اہمیت دی جائے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ وہ اب صرف وعدوں پر اکتفا نہیں کرے گا بلکہ اسے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی مسماری کا مادی ثبوت چاہئے۔
ان مذاکرات میں شریک وفود کی ساخت دونوں ممالک کی ترجیحات کا آئینہ دار تھی۔ پاکستان نے اپنے وفد کو انتہائی مختصر اور تیکنیکی رکھا، جس کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی کر رہے تھے، جبکہ پسِ پردہ انٹیلی جنس اور عسکری حکام کی موجودگی نے یہ واضح کر دیا کہ پاکستان اس معاملے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے خالصتاً سیکیورٹی کے تناظر میں دیکھ رہا ہے۔ اس کے برعکس، افغان طالبان کا وفد جس میں مولوی محب اللہ وسیق اور جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس (GDI) کے نمائندے شامل تھے، اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کابل اسے طاقت کے توازن کا معاملہ سمجھتا ہے۔ طالبان کا یہ وفد سفارتی لفاظی کے بجائے زمینی عسکری قوت کے دفاع کیلئے ارومچی پہنچا تھا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اپنی خود مختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔
بیجنگ کے تزویراتی مفادات اور علاقائی استحکام کی ضرورت
چین کی اس غیر معمولی مداخلت کے پیچھے کھربوں ڈالر کا داؤ لگا ہوا ہے۔ بیجنگ کیلئے سی پیک محض ایک سڑک نہیں بلکہ اس کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی شہ رگ ہے۔ سی پیک 2 کے تحت چین اب اپنی سرمایہ کاری کو افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیا تک لے جانے کا خواب دیکھ رہا ہے، لیکن یہ خواب اسی صورت شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے جب پاک افغان سرحد پر بندوقیں خاموش ہوں۔ داسو ڈیم جیسے منصوبوں پر چینی انجینئرز کی ہلاکت نے بیجنگ کو یہ باور کرا دیا ہے کہ اگر اس نے اب مداخلت نہ کی تو اس کی معاشی سلطنت کو عسکریت پسندی کی دیمک چاٹ جائیگی۔ اس کے علاوہ، سنکیانگ کی سیکیورٹی چین کا سب سے حساس ترین پہلو ہے۔ ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ (ETIM)یا ترکستان اسلامک پارٹی (TIP) جیسے گروہوں کا افغان سرزمین کو استعمال کرنا چین کیلئے ریڈ لائن ہے، اور وہ ارومچی عمل کے ذریعے کابل کو یہ باور کرانا چاہتا ہے کہ چینی سرمایہ کاری کے بدلے میں اسے اپنی سرحدوں کو علیحدگی پسندوں سے پاک رکھنا ہوگا۔
جیو پولیٹیکل سطح پر چین خود کو امریکہ کے متبادل کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ سعودی عرب اور ایران کے بعد، پاک افغان تنازع کا حل بیجنگ کے گلوبل سیکیورٹی انیشیٹو کی کامیابی کا سب سے بڑا اشتہار ہوگا۔ چین جانتا ہے کہ اگر وہ یہاں ناکام ہوا تو امریکہ کو بگرام ایئر بیس جیسے اڈوں کے ذریعے خطے میں دوبارہ قدم جمانے کا موقع مل جائے گا، جو چینی جوہری تنصیبات کیلئے ایک بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔ افغانستان کے لیتھیم، کوبالٹ اور تانبے کے وسیع ذخائر، جن کی مالیت کھربوں ڈالر ہے، چین کی جدید ٹیکنالوجی کی صنعت کیلئے آکسیجن کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مس عینک جیسے منصوبوں کی کامیابی کیلئے چین کسی بھی قیمت پر سرحد کے دونوں اطراف امن کا خواہاں ہے، چاہے اس کیلئے اسے دونوں اتحادیوں پر سخت دباؤ ہی کیوں نہ ڈالنا پڑے۔
دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی اور ٹی ٹی پی کا پیچیدہ معاملہ
2020 کا دوحہ معاہدہ، جس کی بنیاد پر امریکہ نے افغانستان چھوڑا تھا، اب ایک بے معنی کاغذ کا ٹکڑا نظر آتا ہے۔ اس معاہدے کی روح یہ تھی کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، لیکن اقوامِ متحدہ کی حالیہ رپورٹیں اور زمینی حقائق اس کے برعکس کہانی سناتے ہیں۔ ٹی ٹی پی، القاعدہ اور حافظ گل بہادر گروپ جیسے عناصر نہ صرف افغان سرزمین پر موجود ہیں بلکہ انہیں ایک طرح کی نظریاتی چھتری بھی میسر ہے۔ پاکستان نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ بنوں چھاؤنی جیسے حملوں کے تانے بانے سرحد پار سے ملتے ہیں۔ امارتِ اسلامی کا یہ دعویٰ کہ انہوں نے ٹی ٹی پی کو سرحد سے دور منتقل کر دیا ہے، ایک ایسا تزویراتی مغالطہ ہے جس کا مقصد عالمی برادری کو مطمئن کرنا ہے۔ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹی پی کی منتقلی کیلئے 10 ارب روپے کے مطالبے کو مسترد کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ کابل اس مسئلے کو حل کرنے کے بجائے اسے کیش کرانا چاہتا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کے مابین بیعت کا رشتہ ہے جو کسی بھی سیاسی معاہدے سے زیادہ مضبوط ہے۔ اگر طالبان ٹی ٹی پی کے خلاف کوئی سخت کارروائی کرتے ہیں تو انہیں اندرونی بغاوت اور اپنے جنگجوؤں کے داعش خراسان (IS-KP) میں شامل ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔ یہی وہ نظریاتی بندھن ہے جو پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ پاکستان نے ارومچی میں جن عسکری تنظیموں کی فہرست پیش کی ہے، ان میں ٹی ٹی پی کے علاوہ لشکرِ اسلام، اتحاد المجاہدین پاکستان، جیشِ فرسانِ محمد اور بلوچستان لبریشن آرمی (BLA) بھی شامل ہیں۔ بی ایل اے کے حوالے سے پاکستان کا یہ موقف کہ اسے افغان انٹیلی جنس کی خاموش حمایت حاصل ہے، اس تنازع کو ایک نئے اور خطرناک رخ پر لے گیا ہے جہاں اب دونوں ممالک ایک دوسرے کے باغیوں کو پناہ دینے کے الزامات لگا رہے ہیں۔
ٹرمپ کی واپسی اور بگرام ایئر بیس: پاک افغان تعلقات میں نئی تبدیلیاں
مئی 2026 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ چین اس پوری صورتحال میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔ ٹرمپ اور پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے مابین بڑھتی ہوئی قربت اور تزویراتی شراکت داری نے کابل کے ماتھے پر پسینہ لا دیا ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے بگرام ایئر بیس کی واپسی کا مطالبہ اور پاکستان کی جانب سے امریکی مفادات کیلئے سیکیورٹی سب کنٹریکٹر کا ممکنہ کردار چین کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی ہے۔ بیجنگ کو خدشہ ہے کہ اگر پاکستان کی مدد سے امریکہ بگرام میں واپس آتا ہے تو سی پیک کا پورا منصوبہ امریکی نگرانی میں آ جائے گا۔ اسی لئے چین نے پاکستان کو متنبہ کیا ہے کہ وہ واشنگٹن کی خوشنودی کیلئے پڑوسیوں کے ساتھ پل نہیں جلا سکتا۔
پاکستان، چین اور امریکہ کے اس تہرے تزویراتی مقابلے نے افغانستان کو ایسی دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے کہ وہ اب بھارت کی طرف دیکھ رہا ہے۔ کابل کی جانب سے بھارتی فوج سے تربیت کے مطالبات اور نئی دہلی سے بڑھتے ہوئے سفارتی تعلقات نے اسلام آباد کی اس دیرینہ اسٹریٹجک ڈیپتھ پالیسی کو دفن کر دیا ہے، جس کے تحت پاکستان، افغانستان میں ایک ایسی دوست حکومت چاہتا تھا جو مشکل وقت میں اس کا ساتھ دے۔
اسلام آباد کے اسٹریٹجک ڈیپتھ کے تصور کو دفن کر دیا ہے۔ اب صورتحال یہ ہے کہ پاکستان جسے اپنا زیرِ اثر علاقہ سمجھتا تھا، وہ اب اس کے حریفوں کا نیا ٹھکانہ بنتا جا رہا ہے۔ ارومچی عمل اگرچہ ایک (سیفٹی والو) کے طور پر کام کر رہا ہے جو کسی بڑے دھماکے کو روک رہا ہے، لیکن یہ مستقل امن کی ضمانت نہیں دے سکتا۔ جب تک ٹی ٹی پی کا نظریاتی وجود اور ڈیورنڈ لائن کا سرحدی تنازع موجود ہے، تب تک کوئی بھی معاہدہ محض ایک عارضی فائر بندی سے زیادہ اہمیت نہیں رکھے گا۔
ارومچی امن عمل کی کامیابی اس بات پر منحصر ہے کہ کیا چین اپنی معاشی طاقت کو عسکری دباؤ میں بدل سکتا ہے؟ پاکستان کی معاشی مجبوری اور افغانستان کی سفارتی تنہائی بیجنگ کے ہاتھ میں وہ پتے ہیں جنہیں وہ بہت احتیاط سے کھیل رہا ہے۔ تاہم، پاک افغان تعلقات کی تلخی اب اس نہج پر پہنچ چکی ہے جہاں صرف میز پر بیٹھنے سے دل صاف نہیں ہوں گے۔ یہ ایک ایسی جیو پولیٹیکل بساط ہے جہاں ہر کھلاڑی دوسرے کو مات دینے کیلئے نئے مہرے چل رہا ہے، اور اس جنگ میں فی الوقت امن کی دستک بہت کمزور سنائی دے رہی ہے۔