پاک افغان غلام خان بارڈر کو بند کرنے سے تاجر برادری کو کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ

میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز نیوز ) پاک افغان سرحد پر گزشتہ کئی روز سے جاری کشیدگی کے باعث پاکستان کا افغانستان کے ساتھ غلام خان سرحد کو غیر معینہ مدت تک ہر قسم کی امدو رفت اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے بند کردیا گیا ۔ غلام خان پر موجود سرحدی ذرائع نے بتایا ہے کہ صورتحال کی کشیدگی کے باعث پاک افغان غلام خان سرحد کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے جس سے نہ صرف پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی گاڑیوں بلکہ پیدل امدو رفت کو بھی مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے ۔ پاک افغان سرحد کی بند ش سے افغانستان میں موجود شمالی وزیرستان کے متاثرین ضرب عضب کی واپسی بھی عارضی طور پر موخر کر دی گئی ہے ۔ دریں اثناء شمالی وزیرستان کی تاجر برادری نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ پاک افغان سرحد کی بند ش سے سرحد کے دونوں جانب تجارتی سامان اور سبزیوں اور میواہ جات کے بھرے ٹرک کھڑےہیں جس سے تاجروں کو کروڑوں کا نقصان ہورہا ہے ۔ تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے، کہ حکومت پاک افغان سرحد غلام خان پر موجود ان کی تجارتی گاڑیوں کو انے جانے کی اجازت دیں تاکہ تاجر برادری کروڑوں کے نقصانات سے بچ سکیں ۔ یاد رہے کہ کہ گزشتہ کئی دنوں سے پاک افغان سرحد پر سیکورٹی فورسز پر حملوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے اور رواں ہفتے دس سے زائد سیکورٹی اہلکار مختلف واقعات میں شہید ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں