Symbolic image of a clash between ISKP and TTP militants in Upper Orakzai, Khyber Pakhtunkhwa.

اپر اورکزئی میں داعش اور ٹی ٹی پی کے مابین خونریز جھڑپ، پانچ شدت پسند ہلاک

اورکزئی ( دی خیبر ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں کالعدم شدت پسند تنظیم داعش (آئی ایس کے پی) اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے مابین شدید جھڑپ ہوئی ہے، جس میں دونوں جانب سے پانچ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ اپر اورکزئی کے تین مختلف علاقوں کوہی کلے، مامو چینہ اور یخ کنڈاو میں ہوا۔ ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ داعش کے مقامی کمانڈر صادق یار اورکزئی اور ٹی ٹی پی کمانڈر ساجد کے گروپوں کے مابین ہوئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں گروپوں کے مابین ہونے والی فائرنگ میں مجموعی طور پر پانچ شدت پسند مارے گئے، تاہم زخمیوں کی تعداد اور ہلاکتوں کی حتمی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔ اس حوالے سے مزید سرکاری تصدیق کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ اورکزئی وہ علاقہ ہے جہاں پہلے سے تین مختلف شدت پسند دھڑے سرگرم ہیں، ٹی ٹی پی، اس سے الگ ہونے والا گروپ ٹی ٹی پی جماعت الاحرار، اور داعش خراسان۔ ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار کے مابین دشمنی کوئی نئی بات نہیں، اور دونوں تنظیمیں عرصے سے ایک دوسرے کی جانی دشمن بنی ہوئی ہیں۔
باخبر ذرائع کے مطابق حالیہ عرصے میں جماعت الاحرار اور داعش خراسان کے مابین تحریک طالبان پاکستان کے خلاف ممکنہ اتحاد کی باتیں بھی گردش کر رہی تھیں، تاہم افغانستان کی جانب سے جماعت الاحرار پر دباؤ بڑھنے کے بعد داعش خراسان نے اس تنظیم سے فاصلہ اختیار کر لیا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ تازہ جھڑپ کے بعد ٹی ٹی پی کیلئے اورکزئی میں قدم جمائے رکھنا مزید دشوار ہو گیا ہے، کیونکہ ایک طرف جماعت الاحرار اور اب دوسری جانب داعش خراسان کے ساتھ بھی کشیدگی نے تنظیم کو دو محاذوں پر الجھا دیا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس بڑھتی ہوئی چپقلش کے اثرات ہمسایہ ضلع کرم تک بھی پھیل سکتے ہیں۔
مقامی انتظامیہ یا کسی بھی شدت پسند تنظیم کی جانب سے تاحال واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ دی خیبر ٹائمز مزید تفصیلات سامنے آنے پر رپورٹ اپ ڈیٹ کرے گا۔

Short Summary:
Five militants were reportedly killed in a clash between ISKP and TTP in Upper Orakzai, Khyber Pakhtunkhwa. Authorities have yet to officially confirm the incident.