News graphic for The Khyber Times featuring Interior Minister Mohsin Naqvi and JUI-F chief Maulana Fazl-ur-Rehman with background scenes of police deployment and JUI-F protests, and Urdu text regarding the political confrontation.

سیاسی گرما گرمی، “ریڈ لائنز” کا بیانیہ اور خیبر پختونخوا کی علامتی سیاست: کیا ملک ایک نئی صف بندی کی طرف بڑھ رہا ہے؟

دی خیبر ٹائمز: خصوصی تجزیہ

پاکستان کی قومی اور صوبائی سیاست ایک مرتبہ پھر دلچسپ مگر پیچیدہ موڑ پر آن کھڑی ہوئی ہے، جہاں ایک طرف ریاستی اداروں اور حکومت کی جانب سے “ریڈ لائنز” کے تعین اور سخت انتظامی اقدامات کا بیانیہ سامنے آ رہا ہے، تو دوسری طرف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان جارحانہ لب و لہجہ اختیار کرتے ہوئے براہِ راست مقتدر حلقوں اور وفاقی پالیسیوں کو چیلنج کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اسی سیاسی منظرنامے کے متوازی خیبر پختونخوا میں گورنر ہاؤس اور صوبائی حکومت کے درمیان علامتی فیصلوں اور کارکردگی کے دعوؤں پر ایک الگ محاذ کھلا ہوا ہے، جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ملکی سیاست میں اصل مسائل کے بجائے بیانئے کی جنگ شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔

حال ہی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آزادی اظہار کی حدود اور “ریڈ لائنز” کی واضح تعریف سامنے آئی، جس میں دہشتگردی، نفرت انگیز تقاریر، تشدد پر اکسانے اور بچوں کے جنسی استحصال کو ناقابلِ قبول قرار دیا گیا۔ بظاہر یہ ایک اصولی اور قانونی مؤقف ہے، تاہم اس کے فوری بعد لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ، رکاوٹوں کی تنصیب اور مولانا فضل الرحمان کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے اقدامات نے اس بیانئے کو براہِ راست سیاسی کشمکش سے جوڑ دیا ہے۔ لاہور میں محصور رہتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے جس شدت کے ساتھ ویڈیو پیغام جاری کیا، وہ حالیہ برسوں میں ان کے روایتی محتاط انداز سے خاصا مختلف نظر آتا ہے۔ انہوں نے نہ صرف سرگودھا ڈویژن میں اپنے کارکنوں کی گرفتاریوں اور کاروبار سیل کیے جانے کی شکایت کی بلکہ قبائلی اضلاع کے معدنی ذخائر، بلوچستان و سندھ کے ساحلی وسائل اور عوامی حقوق کا مقدمہ اٹھاتے ہوئے مقتدر قوتوں کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی۔

سیاسی مبصرین کے نزدیک اس صورتحال کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے سے سیکیورٹی پروٹوکول واپس لئے جانے اور انتہائی سخت بیانات کے باوجود تاحال ان کے خلاف کوئی قانونی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ یہی امر سیاسی حلقوں میں کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے کہ آیا یہ واقعی کسی بڑے تصادم کا پیش خیمہ ہے یا پھر اس دباؤ اور ردعمل کے پیچھے کوئی نئی سیاسی حکمت عملی کارفرما ہے۔ تجزیہ کار اس پہلو پر بھی غور کر رہے ہیں کہ کیا موجودہ حالات مولانا فضل الرحمان کو غیر ارادی طور پر پاکستان تحریک انصاف کے قریب دھکیل رہے ہیں، یا ماضی کے تلخ سیاسی تجربات کے پیش نظر اپوزیشن کی صفوں میں کسی حقیقی اتحاد کی گنجائش اب بھی محدود ہے۔ 26 نومبر کو سرگودھا میں جے یو آئی کی مجوزہ کانفرنس اس سیاسی آزمائش کا اگلا بڑا مرحلہ ثابت ہو سکتی ہے، جس سے یہ واضح ہوگا کہ حکومت مزاحمت کا راستہ اپناتی ہے یا سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کیلئے لچک دکھاتی ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کی سیاست میں گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے پشاور کے تاریخی ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام بحال کرنے کے اعلان نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جسے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے دور میں عمران خان کے نام سے منسوب کیا گیا تھا۔ اگرچہ تاریخی ورثے اور شخصیات کے ناموں کا تحفظ ایک مثبت روایت ہو سکتی ہے، لیکن تجزیاتی حلقوں کا ماننا ہے کہ اس نوعیت کے اعلانات کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے زمینی حقائق اور عوامی سہولیات کے تناظر میں دیکھنا ضروری ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ 2013 کے بعد خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی بحالی، خستہ حال ارباب نیاز اسٹیڈیم کی جدید خطوط پر تعمیرِ نو، حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کی واگزاری اور نئے اسٹیڈیم کی تعمیر سمیت مردان، چارسدہ، صوابی اور نوشہرہ میں اسپورٹس کمپلیکسز کے قیام جیسے اقدامات نے صوبے میں کھیلوں کے میدان آباد کیے۔ ایسے میں محض ناموں کی تبدیلی یا سیاسی مخالفین پر تنقید صوبے کے اصل انتظامی اور معاشی مسائل کا متبادل نہیں بن سکتی۔

مجموعی طور پر دیکھا جائے تو وفاق سے لے کر خیبر پختونخوا تک ملکی سیاست اس وقت دو متوازی دھاروں میں بہتی نظر آتی ہے۔ ایک طرف طاقت، “ریڈ لائنز” اور مزاحمت کے تند و تیز بیانئے ہیں جنہوں نے سیاسی فضا کو مزید کشیدہ کر دیا ہے، تو دوسری طرف علامتی فیصلوں کے ذریعے سیاسی برتری حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ پائیدار سیاسی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ تمام فریقین تصادم اور ذاتی الزام تراشی سے گریز کرتے ہوئے آئینی حدود، عوامی فلاح اور بامقصد مکالمے کو ترجیح دیں، کیونکہ بڑھتی ہوئی بے یقینی نہ تو ریاست کے مفاد میں ہے اور نہ ہی عوام کے مسائل کا حل۔

یہ بھی ملاحظی کیجئے:  خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے چالیس دن: انتظامی بے یقینی اور بریفنگز میں الجھی بیوروکریسی

Summary

Political Heat, “Red Lines,” and Symbolic Moves in KP: Is Pakistan Heading Toward a New Political Realignment?

Pakistan’s national and provincial politics have entered a turbulent phase marked by hardening rhetoric and symbolic rivalries. Following Federal Interior Minister Mohsin Naqvi’s warning against crossing state “red lines”—defined as terrorism, hate speech, incitement to violence, and child abuse—authorities imposed Section 144 and restricted JUI-F chief Maulana Fazl-ur-Rehman’s movement in Lahore. In response, Fazl-ur-Rehman issued an unusually sharp video statement criticizing alleged crackdowns on party workers ahead of his November 26 Sargodha conference and challenging state policies over provincial mineral and coastal resources. Analysts note that despite the withdrawal of his security protocol and his fiery rhetoric, no formal cases have been filed against him, raising questions about whether this confrontation could inadvertently push JUI-F closer to the PTI.

Meanwhile, in Khyber Pakhtunkhwa, Governor Faisal Karim Kundi’s announcement to restore the original name of Peshawar’s Arbab Niaz Stadium—previously renamed after Imran Khan has sparked debate over symbolic politics versus tangible development. Observers point out that while preserving historical names has merit, broader sports infrastructure upgrades carried out across KP since 2013 highlight that administrative delivery matters far more to citizens than political point-scoring.