1100 زائرین کی غائب ہونے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، اجمل وزیر

پشاور (دی خیبر ٹائمز پولیٹیکل ڈیسک ) مشیر اطلاعات وتعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں ہے اور وزیر اعلی سندھ وبائی صورتحال میں سیاسی باتیں نہ کریں وزیر اعظم عمران خان ہر اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے تجاویز کو سنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر چلنے والے صوبے میں 1100 زائرین کی غائب ہونے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے ایران سے آنے والے زائرین کو درازندہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور دوران پور کے قرنطینہ سنٹر میں رکھا گیا تھا جو صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں صرف ایک مریض کا ٹیسٹ پازیٹیو آ رہا ہے جس کا علاج جاری ہے میڈیا بغیر تصدیق کے غلط خبریں نہ پھیلائیں۔ وہ اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت شفاف طریقے سے عوام میں 12000 روپے امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ احساس پروگرام کے بعد صوبائی ریلیف پیکج سے ان مستحقین میں یکمشت 6 ہزار روپے تقسیم کیے جائیں گے اور صوبائی زکوٰۃ فنڈ سے بھی ایک لاکھ مستحقین کی مدد کی جائے گی صوبے میں مستحقین تک یہ امدادی رقوم پہنچائینگے اور کسی نے بھی امدادی رقوم کی تقسیم میں مسائل بنائے تو ان کے خلاف کاروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وبائی صورت حال ہونے کے باوجود قبائلی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کیے جا رہے ہیں۔ اجمل وزیر نے کہا کہ صوبے میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کار پانچ ہزار تک بڑھائینگے صوبے میں اب تک کل کیسز کی تعداد744 ہے جبکہ کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 145 اور 34 افراد جانبحق ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا کے نئے 47 کیسز رپورٹ ہوئے مجموعی طور پر 4ہزار تین سو پانچ افراد کے ٹیسٹ کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان عوام کو کورونا سے بچانے کے لیے خود میدان میں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں