دی خیبر ٹائمز : خصوصی تجزیاتی رپورٹ
عالمی سیاست کا منظرنامہ ایک بار پھر بڑی تبدیلیوں کے دہانے پر کھڑا دکھائی دے رہا ہے۔ 19 نومبر 2026ء کو چین کے شہر شنجن (Shenzhen) میں ہونے والی ملاقات اور کانفرنس کو بعض حلقے دنیا کے نقشے اور عالمی طاقت کے توازن میں ممکنہ بڑی تبدیلیوں سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔ اس پیش رفت کا تقابل فروری 1945ء میں کریمیا کے شہر یالٹا (Yalta) میں ہونے والی تاریخی کانفرنس سے کیا جا رہا ہے، جس کی میزبانی اُس وقت سوویت رہنما جوزف اسٹالن نے کی تھی۔
تاہم، ان دونوں تاریخی لمحات کے درمیان طاقت کے توازن کا فرق نہایت نمایاں ہے۔ 1945ء کی یالٹا کانفرنس میں امریکا ایک فاتح اتحادی قوت کے طور پر شریک ہوا تھا، جب اس کی عسکری، معاشی اور سفارتی قوت غیر معمولی عروج پر تھی۔ دوسری جنگِ عظیم کے اختتام کے قریب ہونے والی اس کانفرنس میں امریکی صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ، برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل اور جوزف اسٹالن نے مل کر جنگ کے بعد یورپ اور دنیا کے سیاسی و جغرافیائی مستقبل کا خاکہ مرتب کیا تھا۔ اس کانفرنس کے بڑے نتائج میں شکست خوردہ جرمنی کے زیرِ انتظام علاقوں کی تقسیم—جو بعد ازاں سرد جنگ کے دوران مشرقی اور مغربی جرمنی کی تقسیم کی بنیاد بنی، مشرقی یورپ میں سوویت اثرورسوخ کی عملی قبولیت، پولینڈ کی سرحدوں و حکومت میں ردوبدل، اور سب سے بڑھ کر اقوامِ متحدہ (خصوصاً سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کے ویٹو اختیار) کے ڈھانچے کو حتمی شکل دینا شامل تھا۔
اس کے برعکس، نومبر 2026ء میں شنجن کا منظرنامہ یکسر مختلف ہے۔ یہاں امریکا کو اپنے دو بڑے حریفوں چین کے صدر شی جن پنگ اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ایک ہی سفارتی منظرنامے میں بیٹھنا پڑ رہا ہے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو وسط مدتی انتخابات میں بڑا دھچکا لگا ہے، ایران کے ساتھ عسکری کشمکش کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکی، اور یوکرین جنگ کے نتائج پر بھی واشنگٹن فیصلہ کن اثر انداز ہونے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔
اس سارے منظرنامے کا ایک اہم پہلو اقوامِ متحدہ اور کثیر الجہتی نظام کی کمزور ہوتی ہوئی عملی حیثیت ہے۔ تجزیوں کے مطابق یالٹا میں جس اقوامِ متحدہ کی بنیاد رکھی گئی تھی، وہ عملی طور پر اپنی اہمیت کھو چکی ہے۔ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی، اور اکتوبر 2023ء کے بعد غزہ، لبنان اور مغربی کنارے میں ہونے والی کارروائیوں نے عالمی ادارے کی تاثیر کو شدید متاثر کیا ہے۔
بڑی طاقتوں کی اس کشمکش میں چین، روس اور امریکا کی حکمتِ عملیاں بھی الگ الگ زاوئے پیش کرتی ہیں۔ چین نے یوکرین اور ایران کی جنگوں میں براہِ راست فوجی مداخلت سے گریز کرتے ہوئے صنعتی پیداوار، ٹیکنالوجی، تجارتی روابط اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے ذریعے اپنا اثرورسوخ بڑھایا ہے۔ ایسے وقت میں جب امریکی ٹیرف پالیسی اور یکطرفہ اقدامات نے عالمی کاروباری و سیاسی حلقوں میں غیر یقینی پیدا کی ہے، بیجنگ خود کو معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور کثیر الجہتی روابط کے مرکز کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ دوسری جانب، مغربی دباؤ اور پابندیوں کے باوجود پیوٹن کی شنجن میں موجودگی اس امر کی غمازی کرتی ہے کہ یورپی سلامتی، جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول اور عالمی توازن میں روس کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
اگرچہ بظاہر شنجن میں ہونے والی بات چیت کا توجہ کا مرکز جوہری ہتھیاروں کے ذخائر اور ان پر کنٹرول کے ممکنہ معاہدے بتائے جا رہے ہیں، لیکن اصل عالمی دلچسپی یوکرین، ایران کے خلاف محاذ آرائی، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، اور سعودی عرب، یمن و حوثی کشیدگی سے جڑی ہے، جنہوں نے عالمی منڈیوں، سپلائی چینز اور آبنائے ہرمز کے ذریعے توانائی کی ترسیل کو متاثر کیا ہے۔
یالٹا اور شنجن کے درمیان ایک تاریخی مماثلت یہ بھی دیکھی جا رہی ہے کہ یالٹا میں بڑی طاقتوں نے ایسے خطوں اور ممالک کے مستقبل پر بات کی تھی جو اس میز پر موجود نہیں تھے۔ شنجن کے تناظر میں بھی یہ سوال زیرِ بحث ہے کہ آیا بڑی طاقتیں یوکرین، مشرقِ وسطیٰ اور دیگر متاثرہ فریقین کی مناسب نمائندگی کے بغیر ان کے مستقبل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کریں گی، یا پھر یہ ملاقات محض چین اور روس کو اپنی خاموش اور معاشی و سفارتی پالیسیوں کے اظہار کا موقع دے گی۔
مجموعی طور پر، شنجن کی یہ بیٹھک اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ امریکا کی 1945ء والی غیر متنازع بالادستی اب ماضی کا حصہ بن چکی ہے۔ آنے والا وقت یہ طے کرے گا کہ آیا اس کشمکش سے ایک زیادہ متوازن عالمی نظام ابھرتا ہے یا دنیا محض ایک بالادست قوت کے متبادل کی تلاش میں طاقتور ممالک کے فیصلوں کے تابع رہتی ہے۔
یہ بھی ملاحظہ کیجئے: ای سی او اجلاس اور افغانستان کی غیر موجودگی: علاقائی رابطہ کاری کے دعووں کے مقابل سفارتی تضاد
From Yalta 1945 to Shenzhen 2026: Is a New World Order Emerging?
This analytical report compares the November 19, 2026 conference in Shenzhen, China, with the historic February 1945 Yalta Conference, examining how shifting global power dynamics are challenging Washington’s long-standing dominance.
Key Highlights:
Shifting Balance of Power: Unlike the 1945 Yalta Conference where the United States stood at the peak of its military, economic, and diplomatic might as a victorious power the November 2026 Shenzhen summit sees President Donald Trump sharing the diplomatic stage with two major rivals, China’s Xi Jinping and Russia’s Vladimir Putin, amid domestic midterm setbacks, an inconclusive standoff with Iran, and limited leverage over the Ukraine war.
Erosion of the Post-1945 Order: While Yalta laid the foundation for the post-WWII order and the United Nations Security Council, recent conflicts including U.S.-Israeli military actions against Iran and ongoing hostilities in Gaza, Lebanon, and the West Bank since October 2023 have severely undermined the UN’s practical relevance.
Divergent Great-Power Strategies: China has expanded its global influence through industrial growth, technology, trade, and the Belt and Road Initiative rather than direct military intervention, positioning itself as a stable economic partner against U.S. tariffs and unilateralism. Meanwhile, Putin’s presence underscores that Russia cannot be sidelined on European security or arms control despite Western sanctions.
Core Stakes & Global Questions: Although nuclear arms control is the stated focus of the Shenzhen talks, global attention remains fixed on Ukraine, Middle East tensions, and supply chain disruptions around the Strait of Hormuz raising the critical question of whether major powers will forge a more balanced global order or continue dictating the fate of smaller nations without their representation
About the Author: Nasir Dawar is Editor of The Khyber Times and a researcher and journalist focusing on Pakistan, Afghanistan, security, geopolitics, and developments in the tribal belt. Contact: dawarjan@gmail.com.




