جنوبی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر فورسز کی فائرنگ سے کمسن بچی سمیت 2 افراد جاں بحق

جنوبی وزیرستان ( دی خیبر ٹائمزڈسٹرکٹ ڈیسک ) جنوبی وزیرستان کے پاک افغان سرحد پر متصل انگور اڈا میں شدید بدنظمی اور بھگدڑ کو کنٹرول کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز کی ہوائی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوئے ۔ مقامی ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے انگور اڈا گیٹ کو ہفتے کے روز عوامی امدورفت کیلئے کھولنے کا دن مقرر کیا گیا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بناء پر عوام کو گیٹ سے گذرنے نہیں دیا جا رہا تھا جس کے باعث گیٹ پر عوام کی کثیر تعداد جمع ہو گئی جس سے شدید بد نظمی اور بھگدڑ مچ گئی جس کو منتشر کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مبینہ طور پر فائرنگ کی جس سے ایک کمسن بچی اور ایک ضعیف العمر شخص موقع پر جاں بحق ہو ئے جبکہ چار افراد فائرنگ سے زخمی ہوئے جن کو وانا ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں