A large pile of Pakistani Rupee (PKR) currency bundles, representing the Rs 160 Billion development package for Khyber Pakhtunkhwa, with a label indicating Rs 10 Billion released.

خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب روپے کا وفاقی ترقیاتی پیکج: ابتدائی 10 ارب جاری

پشاور: دی خیبر ٹائمز۔ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کی تعمیر و ترقی، امن و امان کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے اعلان کردہ 160 ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکج پر عملی پیش رفت کا آغاز ہو گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کے بعد ابتدائی مرحلے میں 10 ارب روپے کے فنڈز صوبائی حکومت کو جاری کر دئے گئے ہیں، جبکہ سرکاری دستاویزات میں پورے پیکج کی ضلع وار اور شعبہ وار تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق 160 ارب روپے کے اس جامع پیکج کو صوبے کی جغرافیائی اور سیکیورٹی ضروریات کے مطابق دو بڑے حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے کے 12 مخصوص اضلاع کیلئے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا کے دیگر 25 اضلاع میں ترقیاتی کاموں کیلئے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ان 12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے، جن میں 7 خصوصی منصوبوں پر 19 ارب 27 کروڑ روپے خرچ ہوں گے اور بقیہ 423 منصوبوں کیلئے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے کیلئے ان اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ قلیل مدتی ترقیاتی منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے، جبکہ دوسری جانب صوبے کے بقیہ 25 اضلاع میں بھی مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا میں درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے پیشِ نظر اس ترقیاتی پیکج کا سب سے بڑا حصہ امن و امان کے قیام کیلئے مختص کیا گیا ہے، جس کے تحت امن و امان کے 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس رقم سے خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید آلات کی فراہمی اور ان کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ خطے میں پائیدار استحکام لایا جا سکے۔

ترقیاتی پیکج میں سماجی شعبوں کو بھی کلیدی اہمیت دی گئی ہے اور مخصوص اضلاع میں تعلیم کے 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مد میں پسماندہ اور قبائلی اضلاع کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تین جدید دانش اسکول قائم کئے جائیں گے، اس کے علاوہ 70 اسکولوں کی مرمت و اپ گریڈیشن اور لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔ اسی طرح صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے 41 مختلف منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن کیلئے 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو بنیادی طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔

مخصوص اضلاع میں ذرائع آمدورفت کو بہتر بنانے اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کیلئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 32 منصوبوں پر 12 ارب 70 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے، جبکہ اس پیکج میں خطے کے دو انتہائی اہم منصوبے یعنی ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم بھی شامل کئے گئے ہیں جن کی تکمیل سے مقامی تجارت اور زراعت کو غیر معمولی تقویت ملے گی۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے 88 مختلف مقامات پر واٹر سپلائی اسکیموں کو سولرائز کیا جائے گا، جبکہ زرعی شعبے میں جدت لانے اور نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت دینے کیلئے 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم حاصل کرنے کیلئے خصوصی اسکالرشپس بھی فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: نئے صوبوں کے قیام پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش جاری ہے، پی پی پی نہ مانی تو بھی کوئی راستہ نکلے گا: خواجہ آصف

English Summary:
Following Prime Minister Shehbaz Sharif’s announcement of a Rs. 160 billion federal development package for Khyber Pakhtunkhwa, the federal government has released an initial tranche of Rs. 10 billion to the provincial administration. According to official documents, Rs. 96.97 billion has been earmarked for 430 projects across 12 priority districts including 100-day and 180-day fast-track initiatives while Rs. 63.20 billion is proposed for 219 projects across the remaining 25 districts. Law and order accounts for the largest single sectoral allocation at Rs. 39.19 billion across 62 projects aimed at strengthening police and law enforcement capacity. Significant investments are also directed toward education (Rs. 12.90 billion, including three Danish Schools in Bajaur, Kurram, and D.I. Khan, and the solarization of 409 schools), health (Rs. 3.20 billion), and infrastructure (Rs. 12.70 billion, featuring the Thal-Parachinar Road and Gomal Zam Dam), alongside the solarization of 88 water supply schemes and 100 agricultural scholarships in China.
About Author:
Nasir Dawar is a senior journalist, researcher, and founder/editor of The Khyber Times with over 20 years of experience covering regional security, geopolitics, militancy, counter-terrorism, and international affairs across Pakistan, Afghanistan, and the broader region. He also serves as a Researcher at the Center for Research and Security Studies (CRSS) in Islamabad, focusing on policy analysis and transregional dynamics.
Contact: dawarjan@gmail.com