Illustrative image of a citizen named Quaid-e-Azam appearing before the Peshawar High Court after NADRA blocked his CNIC.

قائداعظم کا شناختی کارڈ بلاک، شناختی کارڈ کے مسئلے میں الجھ گئے، عدالت نے نادرا بورڈ طلب کرلیا

پشاور ( دی خیبر ٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک ) ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے سنتے ہی ہر کسی کو دوبارہ پوچھنے پر مجبور کر دیا: معاف کیجیے، کس کا شناختی کارڈ بلاک ہوا؟” جی ہاں، بانیِ پاکستان کے ہم نام ایک شہری، جن کا نام واقعی قائداعظم ہے، نادرا کے ہاتھوں اپنی شناخت ہی گنوا بیٹھے اور انصاف کیلئے پشاور ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا، اور یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، کہ جی ہاں میں “قائد اعظم” ہوں۔
قصہ کچھ یوں ہے کہ نادرا نے موصوف کا شناختی کارڈ مشکوک قرار دے کر بلاک کر دیا، گویا برسوں سے ملک میں موجود، کاروبار چلانے والے، ٹیکس دینے والے شہری کی شناخت پر ہی سوالیہ نشان لگا دیا گیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ جس شخص کا نام سنتے ہی پوری تاریخ کی کتاب یاد آ جائے، وہ خود اپنی موجودگی ثابت کرنے پر مجبور ہوگئے۔
مقدمے کی سماعت جسٹس وقار احمد اور جسٹس انعام اللہ خان پر مشتمل بینچ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ان کے موکل “قائداعظم” ایک باعزت تاجر ہیں اور بلاوجہ ان کا شناختی کارڈ بلاک کرکے انہیں مشکلات سے دوچار کیا گیا ہے۔ اس پر عدالت میں موجود سب کے ذہن میں شاید یہی خیال آیا ہو کہ اگر خود “قائداعظم” کی شناخت مشکوک ٹھہرائی جا سکتی ہے تو عام آدمی کس کھیت کی مولی ہے۔
دوسری جانب نادرا کے ڈائریکٹر لیگل نے اپنے مؤقف پر ڈٹے رہتے ہوئے کہا کہ ادارے کے پاس شناختی کارڈ کو مشکوک سمجھنے کے اپنے تحفظات ہیں، اس لئے احتیاطاً بلاک کیا گیا۔ عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکم دیا کہ درخواست گزار خود نادرا بورڈ کے سامنے پیش ہوں تاکہ معاملہ حل ہو سکے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ جب “قائداعظم” نادرا بورڈ کے سامنے پیش ہوں گے تو افسران انہیں کن دستاویزات کے ذریعے مطمئن کریں گے کہ وہ واقعی وہی ہیں جو وہ کہہ رہے ہیں ، سوشل میڈیا پر اس خبر کے سامنے آتے ہی صارفین نے بھی خوب دلچسپی لی، کسی نے لکھا “تاریخ خود اپنی شناخت ثابت کرنے آئی ہے” تو کسی نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ “نادرا نے تو حد ہی کردی۔” جس نے قائداعظم کا شناختی کرڈ بلاک کردیا ہے۔
بہرحال، اصل معاملہ سنجیدہ ہے، ایک شہری کا کاروبار اور روزمرہ زندگی شناختی کارڈ بلاک ہونے کی وجہ سے متاثر ہوئی، اور اب سب کی نظریں نادرا بورڈ کی اگلی سماعت پر ٹکی ہیں کہ آیا “قائداعظم” کی شناخت بحال ہوتی ہے یا نہیں؟