پشاور (دی خیبر ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری ریاستی کارروائیوں کے حوالے سے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے ایک تفصیلی اور چشم کشا رپورٹ جاری کر دی ہے۔ گزشتہ دس ماہ اور دس دنوں کے اعداد و شمار پر مشتمل اس دستاویز سے واضح ہوتا ہے کہ صوبے بالخصوص جنوبی اضلاع اور قبائلی پٹی میں بدامنی کی لہر شدید رہی، تاہم سیکیورٹی اداروں نے بھی مؤثر جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے شدت پسند نیٹ ورکس کو بھاری جانی نقصان پہنچایا ہے۔
سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران صوبے بھر میں دہشتگردی کے مجموعی طور پر 1,597 مقدمات درج کئے گئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ مختلف مقابلوں اور آپریشنز میں 534 دہشتگرد مارے گئے۔ رپورٹ میں اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ ہلاک ہونے والے ان شدت پسندوں میں متعدد انتہائی مطلوب کمانڈرز اور کارندے شامل تھے جن کے سروں کی قیمت کروڑوں روپے مقرر تھی۔
اعداد و شمار کا ضلع وار جائزہ لیا جائے تو رواں سال ضلع بنوں دہشتگردی کی کارروائیوں سے سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں دہشتگردی کے 276 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ ان مقدمات اور جوابی آپریشنز میں سیکیورٹی اداروں نے 140 دہشتگردوں کو ہلاک اور 46 ملزمان کو گرفتار کیا، تاہم بنوں کے مقدمات میں نامزد 1,503 ملزمان تاحال مفرور ہیں جو مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے ایک بڑا چیلنج بنے ہوئے ہیں۔
جنوبی اضلاع میں بنوں کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرستان میں بھی شدید کارروائیاں دیکھنے میں آئیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کے مختلف مقدمات اور مقابلوں کے دوران 135 شدت پسند مارے گئے، جبکہ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 109 دہشتگرد ہلاک ہوئے اور 13 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں تیز رکھتے ہوئے 129 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ مقابلوں میں 40 دہشتگرد مارے گئے، تاہم پشاور کے مقدمات میں بھی 687 ملزمان مفرور قرار دئے گئے ہیں۔ اسی طرح قبائلی ضلع باجوڑ میں دہشتگردی کے 134 مقدمات درج ہوئے، جن میں سے 42 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا اور 6 دہشتگرد مارے گئے۔
مجموعی طور پر سی ٹی ڈی کی یہ رپورٹ جہاں ایک طرف سیکیورٹی اداروں کی مسلسل کارروائیوں اور سینکڑوں مطلوب دہشتگردوں کے خاتمے کو ظاہر کرتی ہے، وہیں بنوں اور پشاور سمیت مختلف اضلاع میں دو ہزار سے زائد ملزمان کی مفروری اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ تفتیشی عمل، انٹیلی جنس نیٹ ورک اور سرحدی نگرانی کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ مفرور عناصر کو دوبارہ منظم ہونے کا موقع نہ مل سکے۔
یہ بھی ملاحظہ کیجئے:
Summary:
According to a Counter-Terrorism Department (CTD) report covering 10 months and 10 days, 534 militants including high-profile commanders carrying bounties worth tens of millions of rupees were killed across Khyber Pakhtunkhwa, while 1,597 terrorism cases were registered. Bannu emerged as the hardest-hit district with 276 cases, 140 militants killed, 46 arrested, and 1,503 suspects still at large. Other major operations saw 135 militants killed in Dera Ismail Khan, 109 killed and 13 arrested in North Waziristan, 40 killed and 129 arrested in Peshawar (with 687 absconding), and 6 killed alongside 42 arrests across 134 cases in Bajaur.
About Author:
Nasir Dawar is a senior journalist, researcher, and founder/editor of The Khyber Times with over 20 years of experience covering regional security, geopolitics, militancy, counter-terrorism, and international affairs across Pakistan, Afghanistan, and the broader region. He also serves as a Researcher at the Center for Research and Security Studies (CRSS) in Islamabad, focusing on policy analysis and transregional dynamics.
Contact: dawarjan@gmail.com




