شمالی وزیرستان کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے مالکان اور اساتذہ کا میرانشاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہر ہ

میرانشاہ (دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) پیر کے روز شمالی وزیرستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کی صدارت ایسوسی ایشن کے صدر سیف اللہ خان کر رہے تھے۔ میرانشاہ پاکستان مارکیٹ سے شروع ہونے والا مظاہرہ پریس کلب کے سامنے ایک اجتماع کی شکل اختیار کر گیا جس سے سیف اللہ خان، عبداللہ خان، نور ایوب اور عابد خان وغیرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضرب عضب میں تمام دکانداروں، تاجروں، مکانات اور پٹرول پمپ مالکان کو معاوضے دئے گئے لیکن شمالی وزیرستان میں تباہ شدہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کسی نے پوچھا تک نہیں حالانکہ ان کو بھی لاکھوں کروڑوں کے نقصانات برداشت کرنے پڑے ہیں۔ سیف اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرونا کی و جہ سے پرائیوٹ تعلیمی ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچے ہیں اور مزید یہ ادارے بغیر حکومتی امداد کے اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں اور انہیں نقصانات کے معاوضے ادا کئے جا ئیں۔ شمالی وزیرستان میں پرائیویٹ سکولز ایسو سی ایشن کے مطابق اس وقت 120کے قریب تعلیمی ادارے ہیں جن میں 80ہزار کے لگ بھگ طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ کرونا کی وجہ سے 15سو سے زائد اساتذہ اور 150سے زائد کلاس فور مالازمین بے روزگار ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں