دی خیبر ٹائمز خصوصی تحریر
پاکستان اور افغانستان کی طالبان حکومت کے درمیان جاری سفارتی سردمہری اور سرحدی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے ایک مرتبہ پھر علاقائی ثالثی کی سرگرمیاں تیز ہونے کے اشارے مل رہے ہیں۔ باخبر سفارتی و صحافتی ذرائع سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق قطر، جو ماضی میں بھی دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تناؤ کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر چکا ہے، اب ایک نئے اور منفرد زاویے سے تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششوں کا آغاز کرنے جا رہا ہے۔ اگرچہ اسلام آباد، کابل یا دوحہ کی جانب سے تاحال اس پیش رفت کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، تاہم دستیاب معلومات اس امر کی غمازی کرتی ہیں کہ خطے میں معاشی روابط کو سفارتی تعطل توڑنے کیلئے بطور پل استعمال کرنے پر غور ہو رہا ہے۔
اس مجوزہ سفارتی مہم کے تحت قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عبدالعزیز الخلیفی کے جلد افغانستان، پاکستان اور ازبکستان کے سہ ملکی دورے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دوحہ کی اس نئی حکمتِ عملی کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ محض روایتی سیکیورٹی بیانئے کے بجائے “ٹرانس افغان ریلوے منصوبے” کو بنیاد بنا کر دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا بحال کی جائے۔ ازبکستان سے افغانستان کے راستے پاکستان تک بچھائی جانے والی یہ ریلوے لائن خطے کے تجارتی مستقبل کیلئے انتہائی اہم تصور کی جاتی ہے۔ گزشتہ برس کابل میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی پر اتفاق بھی کیا تھا، لیکن پاک افغان کشیدگی کے باعث یہ اسٹریٹجک منصوبہ تعطل کا شکار ہو گیا۔
علاقائی اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے حالیہ اجلاس میں بھی یہ حقیقت کھل کر سامنے آئی کہ پاک افغان تناؤ صرف دو ممالک تک محدود نہیں بلکہ پورے وسطی ایشیا کے معاشی مفادات کو متاثر کر رہا ہے۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے ریلوے منصوبے کا ذکر کیا، جبکہ ترکمانستان نے “تاپی” (TAPI) گیس پائپ لائن اور تاجکستان نے “کاسا-1000” (CASA-1000) بجلی ترسیلی منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وسطی ایشیائی ریاستیں اپنے توانائی اور قدرتی وسائل کو جنوبی ایشیا کی منڈیوں تک پہنچانے کی خواہشمند ہیں، اور اس راہداری کی کنجی افغانستان اور پاکستان کے پرامن تعلقات سے جڑی ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قطر معاشی مفادات اور ممکنہ مالی معاونت کے ذریعے دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے کی کوشش کر سکتا ہے۔
پاکستان اور امارتِ اسلامی افغانستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی یہ پہلی کوشش نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی علاقائی و دوست ممالک نے مختلف مراحل پر برف پگھلانے کیلئے متعدد سفارتی فورمز فراہم کئے، جن میں دوحہ، استنبول، ارومچی اور سعودی عرب کی کاوشیں قابلِ ذکر ہیں۔
اکتوبر میں سرحدی کشیدگی اور جھڑپوں کے بعد دوحہ نے فوری مداخلت کرتے ہوئے دونوں ممالک کے وزرائے دفاع اور اعلیٰ حکام کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا، جس کے نتیجے میں عارضی جنگ بندی اور رابطوں کی بحالی ممکن ہوئی۔
ترکی نے اپنے برادرانہ تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے استنبول میں بیک ڈور سفارت کاری اور تکنیکی سطح کے رابطوں کی میزبانی کی تاکہ سرحدی انتظامات اور سیکیورٹی تعاون پر کوئی قابلِ عمل فریم ورک طے پا سکے۔
چین نے بھی اپنے معاشی مفادات اور سی پیک (CPEC) کی توسیع کے پیش نظر چین کے شہر ارومچی میں سہ فریقی رابطوں اور مشاورت کا اہتمام کیا، جس کا مقصد کابل اور اسلام آباد کے درمیان اعتماد کا فقدان کم کرنا اور خطے کو دہشتگردی کے خطرات سے محفوظ بنانا تھا۔
ریاض نے بھی خاموش سفارت کاری اور مذہبی و برادرانہ اثر و رسوخ کے ذریعے دونوں ممالک کی قیادت کو تحمل مزاجی اور باہمی تنازعات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ترغیب دی۔
تاہم ان تمام سفارتی کاوشوں کے باوجود دیرپا پیش رفت اس لئے نہ ہو سکی کہ بنیادی سیکیورٹی سوالات، خصوصاً کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے معاملے پر دونوں فریقین کے مؤقف میں خلیج برقرار رہی۔
دوسری جانب بیک ڈور رابطوں اور سیکیورٹی محاذ پر محدود پیمانے پر پیش رفت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق باضابطہ مذاکرات کی معطلی کے باوجود رابطے کے خفیہ چینلز کھلے ہیں، اور حالیہ ہفتوں میں افغان حکام نے پاکستان کے تحفظات دور کرنے کیلئے کچھ اقدامات کئے ہیں جن سے اسلام آباد کو آگاہ بھی کیا گیا ہے۔ ان اقدامات میں تقریباً پندرہ مشتبہ افراد کی گرفتاری شامل بتائی جاتی ہے، جن میں سات سے آٹھ ایسے افراد بھی شامل ہیں جن میں پاکستان کو خصوصی دلچسپی ہے اور ممکنہ طور پر وہ اسلام آباد کی فراہم کردہ مطلوب افراد کی فہرست کا حصہ ہو سکتے ہیں۔ تاہم پاکستانی حلقوں میں یہ خدشہ بدستور موجود ہے کہ ماضی کی طرح حراست میں لئے گئے عناصر کو بعد ازاں رہا نہ کر دیا جائے۔
اسی دوران سوشل میڈیا اور بعض غیر مصدقہ حلقوں میں ایک اور اہم پہلو پر بحث جاری ہے کہ پاکستان کے تحفظات دور کرنے کیلئے امارتِ اسلامی کی قیادت مبینہ طور پر ٹی ٹی پی کے عناصر کو پاک افغان سرحدی پٹی سے ہٹا کر وسطی افغانستان کے صوبے غزنی منتقل کرنے اور وہاں ان کیلئے مخصوص کیمپ قائم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ان اطلاعات کے مطابق مجوزہ منصوبے میں یہ شرائط بھی زیرِ بحث بتائی جا رہی ہیں کہ وہاں منتقل ہونے والے افراد کو پرامن شہریوں کی طرح زندگی گزارنے کا پابند بنایا جائے گا، افغانستان کے اندر بھی ان کے اسلحہ لے کر گھومنے پر مکمل پابندی عائد ہوگی، اور امریکا و اتحادی افواج کا افغانستان میں چھوڑا گیا جدید اسلحہ نہ صرف ان کے ہاتھ لگنے سے روکا جائے گا بلکہ جو اسلحہ پہلے سے ان کے پاس موجود ہے وہ بھی واپس لیا جائے گا۔
تاہم تجزیہ کاروں کے نزدیک اس مجوزہ یا زیرِ بحث فارمولے میں ایک بڑا نظریاتی اور عملی تضاد بھی پایا جاتا ہے۔ امارتِ اسلامی کے بعض اندرونی ذرائع کے حوالے سے یہ بات بھی سامنے آ رہی ہے کہ افغان طالبان کی صفوں میں ایک حلقہ اب بھی ٹی ٹی پی کو اپنی ہی تنظیم کی ایک ذیلی شاخ یا نظریاتی ساتھی تصور کرتا ہے۔ اگر کابل کی پالیسی سازی میں یہ سوچ غالب رہتی ہے تو محض مقام کی تبدیلی یا کیمپوں کا قیام شاید اسلام آباد کے بنیادی تحفظات دور کرنے کیلئے کافی نہ ہو، کیونکہ پاکستان کا مطالبہ محض منتقلی نہیں بلکہ سرحد پار دہشتگردی کے نیٹ ورک کا مکمل اور ناقابلِ واپسی خاتمہ ہے۔
مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان اور افغانستان کے درمیان جغرافیائی، تاریخی اور عوامی رشتے اس قدر گہرے ہیں کہ مستقل تعطل کسی کے مفاد میں نہیں۔ اگرچہ دوطرفہ براہِ راست مذاکرات ہی مسائل کے پائیدار حل کا بہترین ذریعہ ہیں، لیکن موجودہ حالات میں جب دونوں دارالحکومتوں کے درمیان فاصلے بڑھ چکے ہیں، قطر جیسے قابلِ اعتماد دوست ملک کی ثالثی اور ٹرانس افغان ریلوے جیسے علاقائی منصوبوں کو بطور محرک استعمال کرنا ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم، دوحہ، استنبول، ارومچی اور سعودی عرب کی گزشتہ کوششوں کا سبق یہی ہے کہ جب تک سیکیورٹی خدشات پر ٹھوس، قابلِ تصدیق اور مستقل اقدامات نہیں اٹھائے جاتے اور دونوں فریقین “کچھ لو اور کچھ دو” کے اصول پر لچک نہیں دکھاتے، تب تک خطے میں پائیدار امن اور معاشی استحکام کا خواب ادھورا ہی رہے گا۔
ٰہ بھی ملاحظہ کیجئے: افغانستان میں ترکستان اسلامک پارٹی، علاقائی سلامتی اور چینی سرمایہ کاری کا تحقیقی جائزہ
Summary of the Analytical Report
Title: Easing Pak-Afghan Tensions: Qatar’s Potential Mediation, Past Peace Efforts, and New Speculations Around the TTP
Diplomatic and journalistic sources indicate that Qatar is preparing to launch a fresh mediation effort to ease tensions and normalize relations between Pakistan and the Taliban-led government in Afghanistan. Qatari Minister of State for Foreign Affairs Abdulaziz Al-Khulaifi is expected to visit Afghanistan, Pakistan, and Uzbekistan soon, aiming to use regional economic connectivity specifically the Trans-Afghan Railway project as a bridge to rebuild mutual trust. Alongside the railway line, major regional energy initiatives discussed at the recent ECO summit, including the TAPI gas pipeline and CASA-1000, remain dependent on stable Pak-Afghan ties.
About Author:
Nasir Dawar is a senior journalist, researcher, and founder/editor of The Khyber Times with over 20 years of experience covering regional security, geopolitics, militancy, counter-terrorism, and international affairs across Pakistan, Afghanistan, and the broader region.
Contact: dawarjan@gmail.com




