ملک اور ریاست کی سیاست، معیشت، داخلہ و خارجہ پالیسیوں اور اب کاروبار پر بھی فوجی جرنیلوں اور آمرانہ قوتوں کا قبضہ مسلط ہے، محسن داوڑ

کوئٹہ ( دی خیبرٹائمز پولیٹیکل ڈیسک ) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے چیئرمین محسن داوڑ اور دیگر قائدین کے تین روزہ عوامی دورے کے سلسلے میں ہرنائی میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوا۔
جلسہ سے این ڈی ایم کے چیئرمین محسن داوڑ، مرکزی جنرل سیکرٹری مزمل شاہ، عبداللہ نگیال، احمد جان خان، ہارون خان بازئی، جمال داؤڑ، ندیم عسکر، حاجی ملک محمد نور اسپانی، عنایت اللہ شاہ ایڈوکیٹ، میروائس شاہ، فضل افغان، ڈاکٹر نوید الراحمن، اسد اللہ شاہ، ہرنائی بچاؤ تحریک کے وائس چیئرمین ملک ظفرلوون ہ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر نوید الراحمن، میروائس شاہ نے سرانجام دئیے۔ جلسہ کا آغاز بقاعدہ تلاوہ کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت ملا رحمت شاہ نے حاصل کی۔ این ڈی ایم کے چیئرمین ودیگر کو ایک بہت بڑے جلوس میں جلسہ گاہ پہنچایا گیا جہاں انکا پرتپاک استقبال کیا گیا، گل پاشی کی گئی اور قبائلی روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی۔ جلسے میں سینکڑوں افراد نے مختلف جماعتوں سے مستعفی ہوکر این ڈی ایم میں شمولیت کااعلان کیا۔ جلسے میں ضلع ہرنائی کے قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور عوام نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔ جلسے کیلئے بنایا گیا پنڈال کچا کچ بھرا ہوا تھا اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے۔
چیئرمین محسن داؤڑ نے اپنے خطاب میں کہاکہ پشتون وطن تمام قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باؤجود تمام بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرنائی سبی ریلوے سیکشن ہرنائی کوئٹہ، ہرنائی لورالائی قومی شاہراہوں اور ہرنائی سبی کے درمیان روڈ کی تعمیر کیلئے وہ قومی اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے۔ قوم عدم تشد د کے فلسفے پرعمل پیراہوکر تعلیم حاصل کرنے پر اپنی توجہ دے۔ تعلیم حاصل کرنے سے قوم کے70 فیصد مسائل خود بخود حل ہوجائے گے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 29 مئی کواین ڈی ایم کے نامزدامیدواروں کو بلدیاتی انتخاب میں اپنا قیمتی ووٹ دے کر کامیاب بنائے۔ رکن قومی اسمبلی علی وزیر کا ذکر کرتے انہوں نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے بے گناہ جیل میں ہے جبکہ شیریں مزاری کیلئے رات ساڑے گیارہ بجے عدالتیں کھول جاتی ہیں جوکہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کا قیام ہمارے عوام اور قومی امنگوں و ضرورتوں اور نئے دور کے تقاضوں کے مطابق ہوا ہے کیونکہ پشتون قومی تحریک اور ملک کی سیاست تنزلی اور زوال کا شکار ہوئی ہے اور عوام کے حق میں آزاد فیصلوں اور جمہوری مزاحمت سے عاری ہو کر پارٹیوں میں جمہوریت مکمل طورپر ختم ہو کر موروثیت، ذاتی و خاندانی مفادات، استعماری و آمرانہ قوتوں کے ساتھ مصلحتوں و سمجھوتوں اور روایتی سیاست سے دو چار ہوئی ہے جس میں نظریاتی و باشعور سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں کو فیصلوں، پالیسیوں کی تشکیل اور قیادت کے مواقع ناپید ہوئے ہیں۔ جسکی وجہ سے ہماری قومی محکومی و محرومی طویل ہو کر استعماری، آمرانہ اور استحصالی قوتیں مضبوط ہوئی ہیں جب تک پارٹیوں میں جمہوریت نہیں ہوگی اور وہ اپنے فیصلوں میں آزاد نہیں ہوں گے اور نوجوان سیاسی کارکنوں کا اس میں کردار نہیں ہوگا تو اس وقت تک جمہوری سیاست مضبوط نہیں ہو سکتی لہذا اس صورتحال میں ایک ایسی جمہوری، مترقی اور روشن فکر سیاسی پارٹی کی اشد ضرورت محسوس ہوئی اور یہ چیلنج نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماؤں و کارکنوں نے قبول کرتے ہوئے حقیقی جمہوری پلیٹ فارم سیاسی کارکنوں، نوجوانوں اور عوام کے لئے قائم کیا۔
چیئرمین محسن داؤڑ نے کہا کہ ملک اور ریاست کی سیاست، معیشت، داخلہ و خارجہ پالیسیوں اور اب کاروبار پر بھی فوجی جرنیلوں اور آمرانہ قوتوں کا قبضہ مسلط ہے۔ اور ان جرنیلوں، آمرانہ قوتوں نے پشتون و دیگر اقوام کو محکوم بنا کر ہمارے وسائل کی لوٹ کھسوٹ جاری رکھی ہے۔ اور ان کی توسیع پسندانہ اور جنگی پالیسیوں نے پشتونخوا وطن، افغانستان اور خطے کو موجودہ تباہ کن صورتحال سے دوچار کیا ہے اور بالخصوص افغانستان کی موجودہ تباہ کن صورتحال جس میں ان قوتوں کے ساتھ امریکہ اور دیگر عالمی طاقتیں بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے مفادات کے لیے افغانستان میں عوام کی منتخب حکومت کو طاقت کے ذریعے ختم کر کے موجودہ تاریکی مسلط کی ہے جو افغان شناخت کو ختم کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور نئے دور کے تمام بنیادی انسانی حقوق و ضرورتوں پر پابندیاں لگا رکھی ہیں اور افغان عوام کو یرغمال بنایا ہے اور دہشتگرد، انتہا پسند قوتوں کو ایک بار پھر فعال کر کے نئے جنگ کو مسلط کیا جا رہا ہے لہذا اس جنگ کا راستہ روکنے کے لیے سیاسی پارٹیوں اور عوام کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوں گی اور قومی سیاسی صف بندی درست کرنا ہوگی۔ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ پشتون قومی تحریک اور ملک کے تمام جمہوری پارٹیوں کے ساتھ ان قومی و عوامی مسائل کے حل اور دہشتگردی و بدامنی کے خاتمے کے لیے جمہوری مزاحمت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہے اورضلع ہرنائی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں این ڈی ایم نے باشعور، جمہوری اور ترقی پسند نوجوانوں کو نامزد کیا ہے ہم تمام عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ این ڈی ایم کے نامزد امیدواروں کو کامیاب کرائیں تاکہ وہ عوام کی خدمت کر سکیں۔ این ڈی ایم کے چیئرمین محسن داوڑ نے عظیم الشان جلسہ عام کے انعقاد پر پارٹی ضلع ہرنائی کے رہنماؤں، کارکنوں کوخراج تحسین پیش کیا۔ جلسہ عام میں شرکت کرنے پر عوام، سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ضلع ہرنائی کے عظیم الشان جلسہ عام سے نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کی جمہوری، مترقی، روشن فکر اور وطن دوست سیاست اور نظریات کی حقانیت ثابت ہوئی ہے۔ اور بالخصوص نوجوانوں اور باشعور سیاسی کارکنوں کا اس سے وابستگی کا ثبوت ہے۔جلسے میں این ڈی ایم کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید مزمل شاہ اور احمد جان خان نے نام لئے بغیر پشتونخواملی عوامی پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں