گوجرانوالہ ایکسپو 2025: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی خصوصی شرکت، SME سیکٹر کی اہمیت پر زور

اسلام آباد (دی خیبر ٹائمز نیوزڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام منعقدہ گوجرانوالہ ایکسپو 2025 میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ نمائش میں پہنچنے پر صدر گوجرانوالہ چیمبر صدیق خان اور دیگر تاجر رہنماؤں نے گورنر کا شاندار استقبال کیا۔

نمائش میں ملک بھر سے صنعتی برادری، کاروباری شخصیات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ گورنر نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا، گوجرانوالہ کے صنعتکاروں کی مصنوعات میں گہری دلچسپی ظاہر کی، اور ان کی محنت و کارکردگی کو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی نمائشیں SME سیکٹر کو نئی جہت فراہم کرتی ہیں اور مقامی صنعت کو فروغ دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا، “چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ SME سیکٹر نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کرتا ہے بلکہ برآمدات کے فروغ اور معاشی استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔”

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ حکومت SMEs کی ترقی کے لیے کاروبار دوست پالیسیوں، انکیوبیشن سینٹرز، اور نوجوانوں کے لیے معاون اقدامات پر عمل پیرا ہے تاکہ ایک ایسا سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے جہاں کاروبار میں آسانی، خواتین کی خودمختاری، اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے جیسے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

انہوں نے گوجرانوالہ کے صنعتکاروں اور کاریگروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “یہ خطہ صنعتی ترقی کا علمبردار ہے اور یہاں کے تاجر ملکی معیشت میں نمایاں حصہ ڈال رہے ہیں۔” گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، اور عالمی برآمدی مواقع سے استفادہ کریں تاکہ پاکستان دنیا کی منڈیوں میں مؤثر انداز سے اپنی موجودگی درج کروا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں