کورونا وائرس مزید پھیلنے کا خدشہ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا گائنی ڈیپارٹمنٹ بند

پشاور(دی خیبر ٹائمز ہیلتھ ڈیسک)لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے گائنی ڈیپارٹمنٹ کو 14 دنوں کے لئے عارضی طور بند کر دیا گیا ہے، گائنی یونٹ میں 35 سے زائد خواتین ڈاکٹروں و نرسز کے کورونا وائرس پازیٹیو آچکے ہیں، جس کے بعد پورا شعبہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ہسپتال انتظامیہ نے محکمہ صحت کو باضابطہ طور آگاہ کر دیا ہے۔ ہسپتال ڈین کی جانب سے سیکرٹری صحت کو اس سلسلے میں باضابطہ خط بھیج دیا گیا ہے جس کے مطابق 68 ٹیسٹوں میں سے 29 مثبت آئے ہیں تمام عملے کی سکریننگ کی جارہی ہے 100 سے زائد نمونے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو بھیج دیئے گئے ہیں بندش کے دوران پوری عمارت کو جراثیم کش اسپرے کے ذریعے ڈس انفیکٹ کیا جائے گا اور عملے کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ ڈیپارٹمنٹ کی ایک اسسٹنٹ پروفیسر، 14 ٹی ایم اوز، تین ہاوس آفیسرز، دو ہیڈ نرسز، آیا اور خاکروبوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، گائنی ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے تمام عملے کی سکریننگ جاری ہے، گائنی کے مریضوں کو دوسرے قریبی ہسپتالوں سے رجوع کرنے کا کہا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں