تجزیاتی رپورٹ | دی خیبر ٹائمز
امریکی مڈٹرم انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت کو درپیش دھچکے اور مشرقِ وسطیٰ بالخصوص ایران سے جڑی کشیدگی کی بدلتی ہوئی صورتِ حال کے بعد عالمی امور کے کئی مبصرین یہ نتیجہ اخذ کر رہے ہیں کہ واشنگٹن میں پاکستان کی سفارتی اہمیت کا حالیہ باب اب بند ہونے والا ہے۔ اس نقطہ نظر کی بنیاد یہ مفروضہ ہے کہ اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان حالیہ قربت محض ٹرمپ انتظامیہ کی وقتی ضروریات کا نتیجہ تھی۔ تاہم پاکستان کے سینیئر صحافی اور تجزیہ کار اویس توحید اس رائے سے اتفاق نہیں کرتے۔ ان کے نزدیک جو مبصرین پاکستان کو خارج از امکان قرار دے رہے ہیں وہ دراصل خطے کا ادھورا نقشہ پڑھ رہے ہیں، کیونکہ واشنگٹن کیلئے اسلام آباد کی تزویراتی اہمیت کسی ایک امریکی صدر یا انتظامیہ کی مرہونِ منت نہیں۔
تاریخی اور جغرافیائی حقائق بھی اسی امر کی تائید کرتے ہیں کہ وائٹ ہاؤس میں چاہے ریپبلکن قیادت ہو یا ڈیموکریٹک، جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور خلیج کے سنگم پر واقع پاکستان کو نظر انداز کرنا امریکی پالیسی سازوں کے لیے آسان نہیں رہا۔ سرد جنگ کے دور میں 1971 کے اندر امریکا اور چین کے درمیان خفیہ سفارتی رابطوں کی بحالی ہو، 1980 کی دہائی کی افغان جنگ ہو، نائن الیون کے بعد کی صورتِ حال یا 2021 میں افغانستان سے امریکی انخلا ہر نازک موڑ پر واشنگٹن کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنے کیلئے اسلام آباد کی ضرورت پیش آتی رہی ہے۔
اویس توحید کے تجزئے کے مطابق اسلام آباد کے پاس ایسے منفرد سفارتی اور جغرافیائی اثاثے موجود ہیں جو اسے خطے کی سیاست میں ناگزیر بناتے ہیں۔ ایران کے ساتھ طویل سرحد اور تہران و واشنگٹن دونوں دارالحکومتوں میں سفارتی رسائی نے پاکستان کو ایک ایسا منفرد مقام دیا ہے جس کی بدولت وہ ماضی قریب میں بھی دونوں حریف فریقوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے براہِ راست رابطوں کی میزبانی کر چکا ہے۔ دوسری طرف سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں کے ساتھ گہرے دفاعی و معاشی روابط، اور بیجنگ کے ساتھ تزویراتی شراکت داری پاکستان کو مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا کی منقسم سفارت کاری میں ایک مؤثر پل بناتی ہے۔ آج جب خطہ شدید دھڑے بندی کا شکار ہے، پاکستان ان چند گنے چنے ممالک میں شامل ہے جو بیک وقت تمام متحارب فریقوں سے بامعنی مکالمہ کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ انسدادِ دہشتگردی، علاقائی سلامتی اور ابھرتے ہوئے معاشی شعبوں، بالخصوص معدنیات اور توانائی کی راہداریوں میں عالمی طاقتوں کی دلچسپی بھی واشنگٹن کو اسلام آباد کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے پر مجبور کرتی ہے۔ مگر سفارتی گنجائش کے باوجود اصل امتحان خود پاکستان کے اندر ہے۔
بیرونی محاذ پر حاصل ہونے والے مواقع کو دیرپا فائدے میں بدلنے کیلئے اسلام آباد کو دو کڑے امتحانات درپیش ہیں۔ پہلا امتحان خارجہ پالیسی میں توازن کا ہے: امریکا کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ اس سے چین کے ساتھ اس کے دیرینہ اسٹریٹجک اور معاشی مفادات (خصوصاً سی پیک) متاثر نہ ہوں، کیونکہ بیجنگ اور واشنگٹن کی مسابقت میں کسی ایک کیمپ کا مکمل حصہ بننا پاکستان کیلئے مہنگا سودا ثابت ہو سکتا ہے۔ دوسرا اور زیادہ فیصلہ کن امتحان ملک کے اندر سیاسی اور معاشی استحکام کا ہے۔ ایک ایسا ملک جو شدید قرضوں، مہنگائی اور داخلی سیاسی محاذ آرائی میں گھرا ہو، وہ عالمی سطح پر اپنے جغرافیائی محلِ وقوع کی پوری قیمت وصول نہیں کر سکتا۔
لہٰذا یہ سوال کہ آیا عالمی سفارت کاری میں پاکستان کا فعال کردار مستقل رہے گا یا امریکی سیاست کی کروٹ کے ساتھ مدھم پڑ جائے گا، درحقیقت واشنگٹن کے بجائے اسلام آباد کے فیصلوں سے جڑا ہوا ہے۔ اگر پاکستان داخلی استحکام، آئینی تسلسل اور متوازن خارجہ پالیسی کی راہ اپناتا ہے تو وہ ٹرمپ کے ساتھ بھی اور ٹرمپ کے بغیر بھی خطے کی سیاست میں ایک ناگزیر کھلاڑی رہے گا۔
یہ بھیملاحظہ کیجئے: کولکتہ کی سٹیج لائٹس سے پکتیکا کے مقتل تک سشمیتا بینرجی کا ادھورا سفر
Summary:
Following setbacks for Donald Trump’s party in the U.S. midterm elections and shifting dynamics in the Iran conflict, some international observers argue that Pakistan’s recent diplomatic prominence in Washington is coming to an end. However, senior Pakistani journalist and analyst Owais Tohid contends that such assessments misread the region, emphasizing that Islamabad’s strategic value to Washington transcends any single U.S. administration.
Backed by a historical pattern stretching from the 1971 U.S.-China rapprochement to the Afghan war and the 2021 U.S. withdrawal, Pakistan’s geographic location at the crossroads of South Asia, Central Asia, and the Gulf makes it indispensable for regional de-escalation. Its shared border with Iran, diplomatic access to both Tehran and Washington, and close ties with Saudi Arabia, Gulf states, and China position Islamabad as a rare diplomatic bridge capable of engaging rival powers simultaneously, alongside shared interests in counter-terrorism, minerals, and energy corridors.
Ultimately, Tohid notes that Pakistan’s biggest tests lie at home: maintaining a careful foreign policy balance between Washington and Beijing without jeopardizing CPEC, and achieving domestic political and economic stability. Whether Islamabad sustains its active diplomatic role depends less on political shifts in Washington and more on internal stability and balanced statecraft at home.
About Author:
Nasir Dawar is a senior journalist, researcher, and founder/editor of The Khyber Times with over 20 years of experience covering regional security, geopolitics, militancy, counter-terrorism, and international affairs across Pakistan, Afghanistan, and the broader region. He also serves as a Researcher at the Center for Research and Security Studies (CRSS) in Islamabad, focusing on policy analysis and transregional dynamics.
Contact: dawarjan@gmail.com




