An editorial illustration for The Khyber Times, split between a high-profile 30th ECO Council of Ministers group photo in an Islamabad convention center on the right, and a contrasting scene on the left showing a jammed, dusty Pak-Afghan border with stranded cargo trucks and an isolated, empty chair marked "AFGHANISTAN". The Urdu headline "ای سی او اجلاس اور افغانستان کی غیر موجودگی: علاقائی رابطہ کاری کے دعووں کے مقابل سفارتی تضاد" is across the top.

ای سی او اجلاس اور افغانستان کی غیر موجودگی: علاقائی رابطہ کاری کے دعووں کے مقابل سفارتی تضاد

دی خیبر ٹائمز خصوصی تجزیہ 
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے اجلاس کے موقع پر ایک غیر معمولی سفارتی تضاد سامنے آیا۔ اجلاس کے ہال میں تنظیم کے دسوں رکن ممالک کے پرچم آویزاں تھے جن میں افغانستان کا پرچم بھی شامل تھا، لیکن پاکستان کے دفترِ خارجہ نے باضابطہ طور پر تصدیق کی کہ امارتِ اسلامیہ افغانستان کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت ہی نہیں دی گئی تھی۔ بظاہر یہ ایک انتظامی یا سفارتی فیصلہ دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کے اثرات کو محض ایک اجلاس تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ اس فیصلے نے پاکستان کی علاقائی معاشی حکمتِ عملی، اقتصادی تعاون تنظیم کے بنیادی مقاصد اور وسطی ایشیا کے ساتھ زمینی رابطوں کے بارے میں کئی اہم سوالات کھڑے کر دئے ہیں۔
اقتصادی تعاون تنظیم کا بنیادی تصور ہی یہ ہے کہ رکن ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، توانائی اور علاقائی رابطوں کو فروغ دیا جائے۔ یہ تنظیم ایسے ممالک کو ایک مشترکہ معاشی پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جن کے جغرافئے، تجارتی ضروریات اور علاقائی مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان، ایران، ترکی، افغانستان، آذربائیجان اور وسطی ایشیا کی پانچ ریاستیں اس کے رکن ہیں۔ ان ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کا کوئی بھی سنجیدہ منصوبہ جغرافیائی حقائق کو نظرانداز کرکے آگے نہیں بڑھ سکتا۔ اسی تناظر میں اسلام آباد کے اجلاس سے افغانستان کی غیر موجودگی ایک اہم پالیسی سوال بن کر سامنے آتی ہے کہ کیا علاقائی رابطہ کاری کا منصوبہ اس ملک کو نظرانداز کرکے کامیاب ہوسکتا ہے جو جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک بنیادی زمینی رابطہ فراہم کرتا ہے؟

پاکستان کیلئے وسطی ایشیائی ریاستوں تک براہِ راست زمینی رسائی کا معاملہ محض سفارتی ترجیح نہیں بلکہ ایک بنیادی جغرافیائی حقیقت ہے۔ افغانستان پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک اہم زمینی پل کی حیثیت رکھتا ہے۔ تاجکستان، ازبکستان اور دیگر وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارت اور آمدورفت کے بیشتر براہِ راست زمینی امکانات افغانستان سے گزرنے والے راستوں سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کی کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کو وسطی ایشیائی منڈیوں کے ساتھ جوڑنے کا تصور بھی اسی وقت عملی شکل اختیار کرسکتا ہے جب افغانستان میں تجارتی نقل و حمل کیلئے مستحکم، محفوظ اور قابلِ اعتماد راستے میسر ہوں۔
اس لئے افغانستان کو علاقائی معاشی منصوبہ بندی سے الگ رکھنا پاکستان کے اپنے مفادات کے بھی خلاف دکھائی دیتا ہے۔ گوادر اور کراچی کو وسطی ایشیا کی تجارت کیلئے متبادل بندرگاہی مراکز بنانے کے منصوبے صرف سڑکوں، ریلوے لائنوں، بندرگاہوں اور سرمایہ کاری کے اعلانات سے مکمل نہیں ہوں گے۔ ان کیلئے سرحدوں کے آرپار اعتماد، تجارتی معاہدوں، کسٹمز کے مربوط نظام، ٹرانزٹ سہولتوں اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ اگر افغانستان کے ساتھ سرحدی راستے بند رہیں یا دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مسلسل کشیدگی کا شکار ہوں تو پاکستان کی بندرگاہوں تک وسطی ایشیا کی رسائی کا خواب عملی رکاوٹوں میں گھرا رہے گا۔
یہی وجہ ہے کہ افغانستان کی عدم شرکت کو محض کابل کی سفارتی محرومی سمجھنا درست نہیں۔ یہ فیصلہ پاکستان کے اپنے علاقائی معاشی منصوبوں کی افادیت پر بھی سوال اٹھاتا ہے۔ ایک طرف پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کو اپنی بندرگاہوں تک رسائی دینے کی خواہش رکھتا ہے، دوسری طرف اس راستے کے ایک اہم ملک کے ساتھ سیاسی اور سفارتی فاصلہ بڑھا رہا ہے۔ اس تضاد کو دور کئے بغیر علاقائی رابطہ کاری کے منصوبے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکتے۔
افغانستان کی عدم شرکت کا معاملہ اس لئے بھی اہم ہے کہ ماضی میں اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاسوں میں افغان حکام کی شرکت کی مثالیں موجود ہیں۔ جولائی 2025ء میں باکو، ایران اور ترکی میں ہونے والے مختلف اجلاسوں میں افغان حکام، جن میں ملا عبدالغنی برادر اور امیر خان متقی بھی شامل تھے، نے شرکت کی یا ورچوئل خطاب کیا۔ اس پس منظر میں 2026ء اور 2027ء کیلئے تنظیم کی صدارت سنبھالنے کے بعد پاکستان کی جانب سے افغان حکومت کو دعوت نہ دینا ایک واضح پالیسی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے، جو شائد یہ ریاست کیلئے کسی نقصان سے کم نہیں سمجھ سکتے ہیں۔
پاکستان اور افغانستان کے تعلقات گزشتہ عرصے سے سرحدی کشیدگی، تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی موجودگی اور سرگرمیوں، بلوچستان میں کالعدم تنظیموں خصوصاً بی ایل اے کے معاملے اور ایک دوسرے کے خلاف الزامات کی وجہ سے شدید دباؤ میں ہیں۔ اسلام آباد کا بنیادی مؤقف ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف سرگرم مسلح گروہوں کے استعمال میں نہیں آنی چاہئے، جبکہ کابل اس نوعیت کے الزامات کو مسترد کرتا ہے اور پاکستان کے داخلی مسائل کو اپنی ذمہ داری قرار دینے سے گریز کرتا ہے۔ ان اختلافات نے دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی فضا کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
پاکستان کو اپنی سلامتی سے متعلق خدشات اٹھانے اور افغان حکومت سے ٹھوس تعاون کا مطالبہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ اسی طرح کابل کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کے اپنے وعدوں پر عمل کرے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا دوطرفہ سلامتی کے اختلافات کو ایک ایسے کثیرالجہتی معاشی فورم پر بھی غالب آنا چاہئے جس کا بنیادی مقصد خطے کے تمام رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے؟
کسی ملک کے ساتھ سیاسی یا سیکیورٹی اختلافات کا مطلب یہ نہیں ہونا چاہئے کہ مشترکہ معاشی مفادات کیلئے موجود تمام راستے بھی بند کر دئے جائیں۔ سفارت کاری کا بنیادی مقصد ہی اختلافات کے باوجود رابطے برقرار رکھنا اور ایسے پلیٹ فارم تلاش کرنا ہے جہاں تعاون کی گنجائش موجود ہو۔ افغانستان کو اجلاس میں مدعو نہ کرنے کا فیصلہ اسی اصول کے برعکس دکھائی دیتا ہے۔
افغان نائب وزیرِ معیشت عبداللطیف نظری اور بعض تجزیہ کاروں کی جانب سے اس فیصلے کو پاکستان کی سفارتی غلطی قرار دیا جانا بھی اسی تناظر میں قابلِ فہم ہے۔ تاہم اس معاملے کی اصل اہمیت کسی ایک افغان عہدیدار کے ردعمل میں نہیں بلکہ اس وسیع تر سوال میں پوشیدہ ہے کہ پاکستان اپنے علاقائی مفادات کے حصول کیلئے افغانستان کے ساتھ کس نوعیت کے تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔
اسلام آباد کے اجلاس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے یہ مؤقف پیش کیا کہ پاکستان اپریل 2026ء سے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اگر اس کردار کو پاکستان کی سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا جائے تو اس سے ایک اور سوال پیدا ہوتا ہے: جو ملک عالمی سطح پر متحارب طاقتوں کے درمیان رابطے اور مفاہمت کی کوشش کر رہا ہو، وہ اپنے قریبی ہمسائے کے ساتھ بنیادی سفارتی رابطے برقرار رکھنے میں کیوں دشواری محسوس کر رہا ہے؟
امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرانے کی کوشش اپنی جگہ اہم ہے۔ اس نوعیت کی سفارت کاری پاکستان کے بین الاقوامی تشخص اور علاقائی حیثیت کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔ لیکن کسی ملک کی سفارتی کامیابی صرف اس کے عالمی رابطوں سے نہیں ناپی جاتی۔ اس کی اصل آزمائش اکثر اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں ہوتی ہے، کیونکہ سرحدی تنازعات، تجارتی راستوں، نقل و حمل، مہاجرین، سلامتی اور روزمرہ انسانی روابط کے مسائل براہِ راست اسی کے عوام کو متاثر کرتے ہیں۔
امریکہ اور ایران کے درمیان فاصلے کم کرنے کی کوشش کرنے والے پاکستان کیلئے افغانستان کے ساتھ مکالمے کا دروازہ کھلا رکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ دونوں معاملات کی نوعیت یقیناً مختلف ہے، مگر سفارت کاری کا اصول مشترک ہے: اختلافات کو مذاکرات کا متبادل نہیں بننے دینا چاہئے۔ افغانستان کو ایک علاقائی معاشی اجلاس میں مدعو نہ کرنا اس تاثر کو تقویت دے سکتا ہے کہ پاکستان دوطرفہ تنازعات کے باعث اپنے وسیع تر علاقائی مفادات کو بھی محدود کر رہا ہے۔

یہاں ایک بنیادی نکتہ سمجھنا ضروری ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کوئی دوطرفہ سیاسی اتحاد نہیں بلکہ دس ممالک پر مشتمل علاقائی تعاون کا پلیٹ فارم ہے۔ اس کے اندر رکن ممالک کے سیاسی نظام، خارجہ پالیسی، سلامتی کے مفادات اور باہمی تعلقات میں نمایاں فرق موجود ہے۔ اس کے باوجود یہ ممالک تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور علاقائی ترقی کیلئے ایک ساتھ بیٹھتے ہیں۔ یہی کثیرالجہتی فورم کی افادیت ہے کہ اختلافات کے باوجود مشترکہ مفادات کیلئے راستے تلاش کئے جائیں۔
اگر ہر ملک اپنے کسی دوسرے رکن کے ساتھ دوطرفہ اختلافات کو بنیاد بنا کر اسے معاشی تعاون کے عمل سے باہر رکھنے لگے تو تنظیم کا بنیادی مقصد ہی متاثر ہوگا۔ افغانستان کے معاملے میں بھی پاکستان کے پاس یہ موقع تھا کہ وہ سلامتی سے متعلق اپنے تحفظات برقرار رکھتے ہوئے افغان حکام کو علاقائی اقتصادی گفتگو میں شریک کرتا۔ اس طرح اسلام آباد ایک طرف اپنی تشویش بین الاقوامی فورم پر سامنے لا سکتا تھا اور دوسری طرف یہ پیغام بھی دے سکتا تھا کہ پاکستان معاشی تعاون کو سیاسی کشیدگی کا یرغمال نہیں بنانا چاہتا۔
اجلاس میں افغانستان کا پرچم موجود ہونا مگر افغان حکومت کو دعوت نہ دیا جانا بھی ایک علامتی تضاد کی صورت اختیار کرتا ہے۔ پرچم کی موجودگی کسی ملک کی عملی نمائندگی یا شرکت کا متبادل نہیں ہوسکتی۔ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ کیا متعلقہ ملک کے نمائندے میز پر موجود تھے؟ کیا انہیں اپنی ترجیحات پیش کرنے کا موقع ملا؟ کیا وہ فیصلوں اور مستقبل کے منصوبوں میں شریک تھے؟ اگر ایسا نہیں ہوا تو محض پرچم آویزاں کرنے سے علاقائی شمولیت کا تاثر تو پیدا ہوسکتا ہے، لیکن حقیقی شراکت داری قائم نہیں ہوسکتی۔
پاکستان کے سامنے اب اصل چیلنج یہ ہے کہ وہ اقتصادی تعاون تنظیم کی صدارت اور 2027ء میں متوقع سربراہی اجلاس کو محض رسمی سفارتی سرگرمیوں تک محدود نہ رکھے۔ اگر وژن 2035 کے تحت علاقائی تجارت، ٹرانسپورٹ، توانائی اور اقتصادی رابطوں کو فروغ دینا مقصود ہے تو افغانستان کو اس عمل میں شامل کرنا ناگزیر ہوگا۔ یہ شمولیت صرف کابل کو ایک دعوت نامہ بھیجنے تک محدود نہیں ہونی چاہئے بلکہ اسے عملی منصوبہ بندی، تجارتی سہولتوں اور علاقائی رابطوں کے نظام کا حصہ بنانا ہوگا۔
پاکستان کو چاہئے کہ وہ افغانستان کے ساتھ سفارتی رابطوں کی بحالی کیلئے ایک منظم اور سنجیدہ کوشش کرے۔ کابل میں اعلیٰ سطح کا وفد بھیج کر معاشی تعاون، سرحدی تجارت، ٹرانزٹ سہولتوں اور تجارتی راستوں کے معاملات پر بات چیت شروع کی جاسکتی ہے۔ اسی طرح سلامتی سے متعلق اختلافات کیلئے الگ اور مستقل مذاکراتی طریقہ کار قائم کیا جانا چاہئے، تاکہ دہشتگردی اور سرحدی تحفظ کے مسائل کو معاشی تعاون کے ہر پلیٹ فارم پر حاوی ہونے سے روکا جاسکے۔
افغانستان کیلئے بھی ضروری ہے کہ وہ پاکستان کے سلامتی سے متعلق خدشات کو محض سیاسی بیانات کہہ کر نظرانداز نہ کرے۔ دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی بحالی یک طرفہ عمل نہیں ہوسکتی۔ کابل کو اپنی سرزمین سے پاکستان کے خلاف مسلح کارروائیوں کے خدشات دور کرنے کیلئے قابلِ اعتماد اقدامات کرنا ہوں گے، جبکہ اسلام آباد کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ افغانستان کو سفارتی اور معاشی طور پر الگ تھلگ رکھنے سے نہ سرحدی مسائل حل ہوں گے اور نہ ہی وسطی ایشیا تک رسائی کا راستہ آسان ہوگا۔
خطے کی معاشی ترقی کانفرنس ہالز میں پیش کی جانے والی قراردادوں اور اعلانات سے زیادہ ان شاہراہوں، سرحدی گزرگاہوں اور تجارتی راستوں پر منحصر ہے جو ایک ملک کو دوسرے ملک سے ملاتے ہیں۔ پاکستان کیلئے افغانستان محض ایک ہمسایہ ملک نہیں بلکہ وسطی ایشیا کے ساتھ اس کے زمینی رابطوں، تجارتی امکانات اور علاقائی معاشی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہے۔ اس حقیقت کو نظرانداز کرکے گوادر اور کراچی کو وسطی ایشیا کی عالمی تجارت کے بڑے مراکز بنانے کے منصوبے مکمل نہیں ہوسکتے۔
اسلام آباد کے ای سی او اجلاس میں افغانستان کو مدعو نہ کرنا بظاہر ایک سفارتی فیصلہ تھا، لیکن اس نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ترجیحات کے تعین کا ایک بڑا سوال اٹھا دیا ہے۔ پاکستان کو اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کا حق حاصل ہے، مگر اس حق کے استعمال اور علاقائی معاشی مفادات کے تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنا بھی اسی کی ذمہ داری ہے۔ دوطرفہ کشیدگی کو کثیرالجہتی تعاون پر غالب آنے دینا دانشمندانہ پالیسی نہیں ہوسکتی۔
اگر پاکستان واقعی وسطی ایشیا کے ساتھ تجارت، علاقائی رابطہ کاری اور اقتصادی تعاون کو اپنی خارجہ پالیسی کا اہم ستون بنانا چاہتا ہے تو اسے افغانستان کو اس عمل سے باہر رکھنے کے بجائے مذاکرات اور تعاون کا حصہ بنانا ہوگا۔ بصورتِ دیگر 2027ء کا سربراہی اجلاس اور وژن 2035 بھی علاقائی تعاون کے ایک اور بلند بانگ اعلان سے آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔ علاقائی معیشت کا راستہ افغانستان کو نظرانداز کرکے نہیں بلکہ کابل کے ساتھ قابلِ اعتماد تعلقات قائم کرکے ہی کھل سکتا ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: سیاسی ری سیٹ، پارلیمانی بحران اور سندھ کی تقسیم: بلاول بھٹو کے تلخ سوالات

The ECO Summit and Afghanistan’s Absence: A Diplomatic Paradox Against Regional Connectivity Claims
This analytical piece examines the diplomatic contradiction highlighted at the Economic Cooperation Organization (ECO) meeting in Islamabad, where Afghanistan’s flag was displayed alongside other member states, yet Pakistan’s Foreign Office officially confirmed that the Afghan interim government was not invited. The article evaluates how excluding a pivotal transit neighbor undermines Pakistan’s own regional economic ambitions and the core mandate of the ECO.

Key Highlights:
* Geographical Reality and Transit Bottlenecks: Afghanistan serves as the indispensable land bridge connecting Pakistan to Central Asian Republics like Tajikistan and Uzbekistan. Linking Pakistani seaports Gwadar and Karachi to Central Asian markets cannot succeed on paper alone without stable transit routes, customs coordination, and border trust with Kabul.
* Break from Multilateral Precedent: Unlike previous ECO meetings held in Baku, Iran, and Turkey in 2025 where senior Afghan officials actively participated Pakistan’s decision to exclude Kabul upon assuming the 2026–2027 chairmanship reflects a sharp policy shift driven by bilateral security tensions over cross-border militancy (TTP and BLA).
* Foreign Policy Contradiction: While Deputy Prime Minister and Foreign Minister Ishaq Dar highlighted Pakistan’s diplomatic mediation role between the United States and Iran since April 2026, the article points out a striking paradox: Islamabad is working to bridge gaps between rival global powers while failing to keep basic economic dialogue open with its immediate neighbor.
* The Path Forward for Vision 2035: True regional integration requires separating bilateral security disputes from multilateral economic platforms. For the upcoming 2027 ECO Summit and “Vision 2035” to yield tangible results, Pakistan must dispatch a high-level delegation to re-engage Kabul on trade and transit, while Afghanistan must take credible steps to address Islamabad’s security concerns.

The Khyber Times Desk: thekhybertimes@gmail.com