تحریر: ناصر داوڑ
خیبرپختونخوا فطرت کی فیاضیوں اور قیمتی معدنی ذخائر سے مالا مال ایک ایسا خطہ ہے جس کے سینے میں قدرت نے بے پناہ خزانے ودیعت کر رکھے ہیں۔ اس سرزمین کے فلک بوس پہاڑوں، وسیع میدانوں اور بل کھاتے دریاؤں کی تہوں میں سونا، قیمتی اور نایاب پتھر، تانبا، کرومائیٹ، ماربل، لیتھیم، نیفرائیڈ، کوئلہ، جپسم، فاسفیٹ اور تیل و گیس سمیت اربوں ڈالر کی دولت پوشیدہ ہے۔ تاہم، یہ اس خطے کا کیسا ستم ظریفانہ المیہ ہے کہ یہ قدرتی نعمتیں صوبے کی معاشی خوشحالی، روزگار اور تعمیر و ترقی کا پیش خیمہ بننے کے بجائے بدعنوانی، غیر قانونی کان کنی اور دہشتگردی کی مالی معاونت (Terror Financing) کا ایندھن بنتی جا رہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں کوہاٹ کے دو بلاکس میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف ہونے والی کارروائی اور گورنر ہاؤس پشاور میں دی جانے والی بریفنگ نے محض برفانی تودے کا ایک چھوٹا سا کونہ ظاہر کیا ہے، اصل کہانی اس سے کہیں زیادہ گہری، تلخ اور پورے صوبے کے طول و عرض تک پھیلی ہوئی ہے۔
کوہاٹ میں 11 نومبر کو غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کر کے لوٹنے والی پولیس پارٹی پر ہونے والے بزدلانہ حملے اور ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت 11 فرض شناس اہلکاروں کی شہادت نے ریاست کی آنکھیں کھول دی ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کی گورنر ہاؤس میں مشترکہ بریفنگ کے دوران جو پردہ چاک ہوا اور جو انکشافات سامنے آئے، وہ ہوش ربا ہیں۔ محض کوہاٹ کے دو بلاکس (سی اور ڈی) سے ماہانہ تقریباً 90 کلوگرام سونا غیر قانونی طور پر نکالا جا رہا تھا، جس کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے، جبکہ اس سونے کا 80 فیصد حصہ مبینہ طور پر سرحد پار افغانستان سمگل ہو رہا تھا۔
اس کالے دھندے کے پیچھے باقاعدہ ایک منظم اور شاطر نیٹ ورک سرگرم تھا جہاں نام نہاد کمیٹیوں کے ذریعے کان کنوں سے ہفتہ وار لاکھوں روپے بھتہ وصول کر کے دہشتگردوں کے خزانوں میں منتقل کیا جاتا تھا۔ صوبائی حکومت نے اب تمام لیز منسوخ کر کے ایک ہفتے میں بھاری مشینری ہٹانے کا الٹی میٹم دیا ہے اور شہید ڈی ایس پی کے نام سے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے، لیکن بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا یہ ناسور صرف کوہاٹ کے دو بلاکس تک محدود ہے؟ جی بالکل نہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ کوہاٹ کا معاملہ محض مشتے از خروارے یعنی ایک چھوٹی سی مثال ہے۔ نوشہرہ، صوابی، چترال، سوات، مہمند، باجوڑ، کرم، اورکزئی، درہ آدم خیل، خیبر، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان اپر و لوئر سمیت پورے صوبے کے دامن میں قیمتی معدنیات کی بے رحمانہ اور غیر قانونی کھدائی کا سلسلہ برسوں سے جاری ہے۔ دریائے سندھ اور دریائے کابل کی موجوں میں بہنے والے پلیسر گولڈ سے لے کر پہاڑوں کے جگر میں پیوست قیمتی پتھروں اور کوئلے کی کانوں تک، ہر جگہ طاقتور مافیا، بعض مقامی بااثر شخصیات اور نظام کے اندر چھپی کالی بھیڑوں کا گٹھ جوڑ پنجے گاڑے ہوئے ہے۔ مختلف اضلاع سے سامنے آنے والی رپورٹس اور انکشافات اس تلخ حقیقت پر مہرِ تصدیق ثبت کرتے ہیں کہ جہاں کہیں بھی زمین کا سینہ چیر کر معدنیات نکالی جا رہی ہیں، وہاں مسلح گروہوں نے باقاعدہ اپنا “ٹیکس” یا بھتہ نافذ کر رکھا ہے۔ کوئلے کی کانوں کے مالکان ہوں یا ماربل اور کرومائیٹ کے ٹھیکیدار، کوئی بھی مسلح جتھوں کو بھاری نذرانے دئے بغیر اپنا کام جاری نہیں رکھ سکتا۔ جو ٹھیکیدار یا مزدور انکار کی جسارت کرتا ہے، اسے اغوا، قتل یا ان کی مشینری کو نذرِ آتش کئے جانے جیسے خوفناک نتائج بھگتنا پڑتے ہیں۔
معدنی وسائل اور اسمگلنگ کی خفیہ گزرگاہوں سے حاصل ہونے والی یہ بے تحاشا آمدن دہشتگرد تنظیموں کیلئے آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب ان وسائل اور بھتے کی رقم پر تسلط جمانے کیلئے خود دہشتگرد گروہوں کے مابین بھی خونی تصادم شروع ہو چکے ہیں۔ ضلع کرم، اورکزئی اور خیبر کے دشوار گزار پہاڑی سلسلوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور جماعت الاحرار کے درمیان ہونے والی حالیہ خونریز جھڑپیں اس بات کا زندہ ثبوت ہیں کہ ان وادیوں میں کسی نظرئے کی نہیں بلکہ معدنی وسائل، گھنے جنگلات، سرحدی گزرگاہوں اور بھتہ خوری کی جنگ لڑی جا رہی ہے۔ ہر گروہ ان علاقوں کی کانوں اور تجارتی راستوں پر اپنی اجارہ داری قائم کرنا چاہتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ سمیٹ سکے۔
یہ المیہ محض معدنیات کے شعبے تک محدود نہیں رہا، بلکہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اور قبائلی اضلاع سمیت اکثر علاقوں میں سرکاری ترقیاتی منصوبے (PSDP اور ADP) بھی اس بھتہ خوری کے شکنجے میں جکڑے ہوئے ہیں۔ زمینی حقائق یہ ہیں کہ سڑکوں، پلوں، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی تعمیر کرنے والے سرکاری ٹھیکیدار دہشتگردوں کو بھتہ دئے بغیر ایک اینٹ بھی نہیں رکھ سکتے۔ ٹھیکیداروں سے منصوبے کی کل لاگت کا ایک مخصوص فیصد بطور “تحفظ فیس” یا بھتہ وصول کیا جاتا ہے۔ اگر کوئی کنٹریکٹر مزاحمت کا راستہ اختیار کرے تو اس کے انجینئرز اور محنت کشوں کو اغوا کر لیا جاتا ہے یا قیمتی تعمیراتی مشینری کو بارودی مواد سے اڑا دیا جاتا ہے۔ اس گھمبیر صورتحال نے نہ صرف ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے بلکہ عام شہریوں، تاجروں اور زمینداروں کو بھی عملاً یرغمال بنا رکھا ہے۔ لوگ خوف کے سائے تلے نہ تو لب کشائی کی ہمت کر پاتے ہیں اور نہ ہی ریاست کو بروقت اطلاع دے سکتے ہیں، کیونکہ مخبری کرنے والوں کے تحفظ کا کوئی مؤثر اور قابلِ اعتماد نظام موجود نہیں ہے۔
کوہاٹ واقعے کے بعد سیاسی شخصیات کے نام منظرِ عام پر آنے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، جہاں بعض نامزد رہنماؤں نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے ماضی میں خود غیر قانونی کان کنی کے خلاف دی گئی تحریری درخواستوں اور عدالتی چارہ جوئی کے شواہد پیش کئے ہیں۔ صحافتی دیانت اور قانونی اصولوں کا تقاضا ہے کہ کسی بھی شخصیت پر عائد الزامات کو حرفِ آخر یا حتمی سچ ماننے کے بجائے ایک آزادانہ، غیر جانبدار اور شفاف جوڈیشل یا تفتیشی انکوائری کے ذریعے پرکھا جائے، اور جن بیوروکریٹس نے ان غیر قانونی لیزوں یا اندھا دھند کھدائی پر مجرمانہ چشم پوشی اختیار کئے رکھی، انہیں بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
اگر حکومت واقعی خیبرپختونخوا کو اس دلدل سے نکالنے میں سنجیدہ ہے تو محض ایک ضلع کے دو بلاکس میں کارروائی یا ایک ہفتے کا الٹی میٹم کافی نہیں ہوگا۔ اس کیلئے دور رس اور پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں، جیسا کہ پورے صوبے میں تمام معدنی بلاکس کا سیٹلائٹ اور ڈیجیٹل آڈٹ کیا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے کہ کہاں قانون کی پاسداری ہو رہی ہے اور کہاں غیر قانونی کھدائی جاری ہے۔ معدنیات کے شعبے اور ترقیاتی منصوبوں سے دہشتگردوں کو جانے والی بھتے کی شہ رگ کاٹنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ وسیع کیا جائے اور بھتہ دینے اور لینے والے دونوں نیٹ ورکس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے کنٹریکٹرز اور کان کنوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے، اور مخبری کرنے والوں کی شناخت صیغۂ راز میں رکھ کر انہیں مکمل قانونی تحفظ دیا جائے۔ مزید برآں، معدنیات کی لیزنگ کا نظام مکمل طور پر آن لائن اور شفاف بنایا جائے تاکہ کوڑیوں کے مول قیمتی بلاکس لٹانے کا سلسلہ بند ہو اور رائلٹی کا بڑا حصہ مقامی آبادی کی فلاح و بہبود اور صوبائی خزانے میں جمع ہو۔
خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل اس خطے کی تقدیر بدلنے اور اسے معاشی طور پر اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگر ریاست اپنی رٹ بحال کر کے مافیا اور دہشتگردوں کے اس ناپاک گٹھ جوڑ کو توڑنے میں کامیاب ہو جاتی ہے، تو یہی فلک بوس پہاڑ اور رواں دواں دریا جو آج خونریزی، لوٹ مار اور بدعنوانی کی علامت بنے ہوئے ہیں، کل پاکستان کی معاشی خود مختاری، خوشحالی اور پائیدار امن کے ضامن بن سکتے ہیں۔
یہ بھی ملاحظہ کیجئے: سونے کی کان پر بیٹھے بھکاری: قرض ملا ہے، ڈھول بجاؤ
Summary
About the Author
Nasir Dawar is a journalist, researcher and Editor of The Khyber Times, with extensive experience covering militancy, conflict, security and political developments in Khyber Pakhtunkhwa, the former FATA and Afghanistan. His research focuses particularly on militant movements, regional security, Afghanistan and Pakistan-Afghanistan relations.
Contact: dawarjan@gmail.com




