A news graphic by The Khyber Times (دی خیبر ٹائمز) featuring a split screen with photo of Bilawal Bhutto Zardari and Maulana Fazlur Rehman. Bilawal Bhutto is holding a phone and gesturing. The Urdu text details their telephonic conversation and Bilawal's condemnation of government actions.

بلاول بھٹو زرداری کا مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ، جے یو آئی کے خلاف حکومتی اقدامات کی مذمت

اسلام آباد (دی خیبر ٹائمز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، جس کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے خلاف مبینہ حکومتی اقدامات کی شدید مذمت کی۔ گفتگو کے دوران بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہئے کیونکہ پارلیمانی نظام کے استحکام کیلئے سیاسی برداشت ناگزیر ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ حکومت ایسے تمام اقدامات سے گریز کرے جو جمہوری عمل کو کمزور کرنے کا باعث بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جمہوری نظام میں ذمہ دار اپوزیشن کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، اس لئے اپوزیشن کے آئینی اور سیاسی کردار کا ہر صورت احترام کیا جانا چاہئے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والے اس رابطے کو موجودہ سیاسی منظرنامے میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں اپوزیشن اور حکومتی حلقوں کے درمیان سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: خیبرپختونخوا کے معدنی خزانے، غیر قانونی کان کنی اور بھتہ خوری کا گٹھ جوڑ: صوبے کے سلگتے حقائق