راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کے دوران 16 خوارج ہلاک ہو گئے، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے دو بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کارروائیوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے والے اور مقامی آبادی کو یرغمال بنانے والے شدت پسند نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں خوارج کے ٹھکانوں پر انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کیں، جن میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 16 خوارج مارے گئے۔
علی خیل میں کی گئی بڑی کارروائی کے دوران 12 خوارج ہلاک ہوئے۔
میرعلی میں 2 اور دتہ خیل میں بھی 2 خوارج مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 2 افغان شہری بھی شامل ہیں۔ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے دو بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، جن میں حوالدار عصمت علی (عمر 43 سال، ساکن ضلع صوابی) نائیک آفتاب علی (عمر 32 سال، ساکن ضلع مردان) شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید جوانوں نے فرنٹ لائن پر بہادری سے لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور ان کی یہ قربانیاں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
مقامی ذرائع اور علاقائی صورتحال کے مطابق آپریشن ضربِ عضب کے بعد ایک بار پھر شمالی وزیرستان کے کئی علاقے شدت پسندوں کے زیرِ اثر آ گئے تھے، جس کے باعث پوری مقامی آبادی عملی طور پر یرغمال بنی ہوئی تھی۔ علاقے میں شدت پسندوں نے اکثر مساجد اور دینی درسگاہوں پر بھی قبضہ جما رکھا تھا، جس کے خوف سے مقامی شہریوں نے مساجد میں جانا تک چھوڑ دیا تھا۔
علاقے میں بدامنی کے باعث مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے تمام ذرائع مسدود ہو کر رہ گئے تھے اور کاروباری سرگرمیاں ٹھپ تھیں۔ مزید برآں، علاقے میں بھتہ خوری اپنے عروج پر تھی جہاں شدت پسندوں کی جانب سے بلا تفریق ہر خاص و عام، تاجروں اور عام شہریوں سے زبردستی بھتہ وصول کیا جا رہا تھا۔ سکیورٹی فورسز کی ان تازہ کارروائیوں کے بعد مقامی آبادی نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد سنگین دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق “عزمِ استحکام” کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
یہ بھی ملاحظہ کیجئے: سونے کی کان پر بیٹھے بھکاری: قرض ملا ہے، ڈھول بجاؤ
Summary
Security forces neutralized 16 terrorists belonging to Fitna al-Khawarij including two Afghan nationals during intelligence-based operations across North Waziristan’s Ali Khel, Mir Ali, and Datta Khel areas, according to ISPR. Two Pakistan Army soldiers, Havildar Asmat Ali (43) and Naik Aftab Ali (32), embraced martyrdom during the intense clashes. The operations dismantled militant networks that had occupied local mosques, crippled livelihoods, and held residents hostage through rampant extortion.




