A combined news collage graphic for The Khyber Times about illegal gold mining. On the left, a formal portrait of Governor Faisal Karim Kundi in a suit. On the right, a detailed view of an illegal gold mine with a worker in pink gloves and machinery. Below, a graphic map with cash flow illustrates financial extortion towards the border, and an image shows a severely damaged, burning security vehicle from a recent attack. The image is framed as a news header with clear Urdu text overlay.

دہشتگردوں کو بھتہ خوری کا انکشاف؛ گورنر کے پی نے سونے کی کان کنی پر مکمل پابندی لگا دی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام لیز منسوخ کر دی ہیں۔ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ اس غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی بڑی رقم دہشتگردی کیلئے استعمال ہو رہی تھی، اور اسی مائننگ کے ذریعے دہشتگردوں کو بھتے کی ادائیگی اور ان کی پشت پناہی کی بھی باضابطہ تصدیق ہو گئی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف ایک بڑا اور فیصلہ کن آپریشن کیا گیا، جہاں پولیس نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس غیر قانونی سلسلے کو روکا۔ تاہم، آپریشن کے بعد واپس آنے والی پولیس فورس پر فتنہ الخوارج (کالعدم تحریک طالبان پاکستان – TTP) نے گھات لگا کر بزدلانہ حملہ کیا۔

اس فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت 11 پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 11 خوارج بھی ہلاک کئے گئے۔ کالعدم تنظیم کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کئے جانے کے بعد یہ بات بالکل واضح ہو گئی کہ اس غیر قانونی سونے کی کان کنی سے حاصل ہونے والا منافع اور بھتا براہِ راست دہشتگردوں کو جا رہا تھا، جو اسے پاکستان اور سکیورٹی فورسز کے خلاف استعمال کر رہے تھے۔

گورنر نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام سے ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کی جا رہی ہے، جس کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پولیس اہلکاروں کے خون کا حساب لیا جائے گا اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹتے ہوئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ “آخر کب تک ہم اپنے جوانوں کی شہادتیں دیتے رہیں گے، اب یہ سلسلہ مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔”

گورنر خیبرپختونخوا نے انکشاف کیا کہ غیر قانونی مائننگ کے خلاف جب کارروائی کی گئی تو معلوم ہوا کہ، ہر ماہ تقریباً 90 کلو گرام سونا غیر قانونی طور پر نکالا جا رہا تھا۔اس مکروہ دھندے میں 8,350 ٹریکٹر و ٹرالیاں اور 1,730 ہیوی ڈمپرز سمیت بڑی تعداد میں مزدور استعمال ہو رہے تھے۔ کوہاٹ میں معدنیات کے دو بلاکس (سی اور ڈی) میں سے صرف ایک مائننگ بلاک 4 ارب 92 کروڑ روپے کی لیز پر دیا گیا تھا، جس کی رقوم کا بڑا حصہ افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا۔
گورنر نے واضح کیا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی ہوگی۔ انہوں نے لیز ہولڈرز اور ٹھیکیداروں کو ایک ہفتے کی ڈیڈلائن دی ہے کہ وہ متعلقہ علاقوں سے اپنی بھاری مشینری فوری ہٹا لیں بصورت دیگر ایک ہفتے بعد کارروائی کرتے ہوئے مشینری ضبط کر لی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس بات کی تحقیقات ہوں گی کہ پہلے مجسٹریٹ مشینری ضبط کر کے صرف 30 ہزار روپے جرمانہ کیوں کرتے تھے جبکہ قانون میں اس کا جرمانہ 5 لاکھ روپے ہے۔

آخر میں گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ گزشتہ 13 برسوں کے دوران صوبے کے وسائل بے دردی سے لوٹے گئے، لیکن اب صوبے میں قانون کی حکمرانی اور جزا و سزا کا نظام نافذ ہوگا۔ حکومت کا اصل مقصد صوبے کے قدرتی وسائل کو درست سمت میں بروئے کار لاتے ہوئے ترقی، خوشحالی اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے، جس کیلئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور وفود کو بھی مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں مدعو کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: سونے کی کان پر بیٹھے بھکاری: قرض ملا ہے، ڈھول بجاؤ

Summary

KP Governor Faisal Karim Kundi has imposed a complete ban on gold mining across the province and canceled all leases following revelations that illegal mining proceeds and extortion money were funding militants. The decisive move comes a day after a deadly TTP ambush on a police anti-mining operation in Kohat claimed the lives of 11 personnel, including DSP Haider Zaman. Contractors have been given a one-week deadline to remove heavy machinery, while a special task force named after the martyred DSP has been approved.