کوئٹہ ( دی خیبر ٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے ضلع بولان میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی مرکزی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے تباہ کردیا گیا، جس کے نتیجے میں بلوچستان کے مختلف علاقوں اور شہروں کو گیس کی فراہمی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق دھماکا مرکزی شاہراہ سے تقریباً 800 میٹر دور گیس کی اہم پائپ لائن پر کیا گیا۔ دھماکے کے بعد پائپ لائن کو نقصان پہنچا اور گیس کی ترسیل معطل ہوگئی، جس سے متعدد علاقوں میں صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے دوران مسلح بلوچ انتہا پسند عناصر سے وابستہ حملہ آوروں نے مختلف گاڑیوں کو روکا اور ان میں سوار تین مبینہ طور پر غیر مقامی افراد کو اپنے ساتھ لے گئے۔ مغوی افراد کے بارے میں فوری طور پر ان کی شناخت، پیشہ یا منزل کے حوالے سے مزید معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں کارروائی اور سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ پائپ لائن کے متاثرہ حصے کا معائنہ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ نقصان کی نوعیت کا تعین کرکے گیس کی ترسیل بحال کی جاسکے۔
گیس پائپ لائن پر حملہ بلوچستان میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو درپیش سیکیورٹی خطرات کی ایک اور مثال ہے۔ صوبے میں ماضی میں بھی گیس اور توانائی کی تنصیبات، ریلوے ٹریکس اور دیگر اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے واقعے کے باعث گیس کی فراہمی میں تعطل اور بحالی کے متوقع وقت کے حوالے سے فوری طور پر کوئی تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔ اسی طرح سیکیورٹی حکام نے مبینہ اغوا کے واقعے کی بھی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی۔
دی خیبر ٹائمز واقعے سے متعلق مزید پیش رفت، گیس سپلائی کی بحالی اور مبینہ طور پر اغوا کئے جانے والے افراد کے بارے میں سرکاری معلومات سامنے آنے پر خبر کو اپڈیٹ کریگا۔
Summery:
A Sui Southern Gas pipeline was reportedly blown up in Bolan, Balochistan, disrupting gas supplies to several cities. Three non-local men were also reportedly abducted during the incident.




