ہنگو (دی خیبر ٹائمز ڈسٹکٹ ڈیسک) سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع ہنگو میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ اہم کمانڈر احمد عرف امیر معاویہ ہلاک ہوگیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ حالیہ خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے مہلک حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ تھا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن ضلع ہنگو کے علاقے چھپڑی نریاب میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ بتایا گیا ہے کہ امیر معاویہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز کے کواڈ کاپٹر ڈرون حملے میں زخمی ہوا تھا، جس کے بعد انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں اسے ہلاک کر دیا گیا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق امیر معاویہ کو تنظیم میں کمانڈر کاظم کے بعد ایک اہم حیثیت حاصل تھی اور وہ ضلع ہنگو سمیت مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں مطلوب تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کے نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے میں دہشت گردوں نے جدید ہتھیاروں اور ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا تھا، جس کے نتیجے میں واضح رہے کہ خزینہ پوسٹ حملے میں 11 پولیس اہلکار شہید جبکہ 23 زخمی ہوئے تھے۔ حملے میں چیک پوسٹ کو بھی شدید نقصان پہنچا، عمارت کے مختلف حصے تباہ ہوئے، دفاعی مورچے متاثر ہوئے اور پولیس کی گاڑیوں سمیت دیگر سرکاری سامان کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ بعد ازاں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔
سیکیورٹی حکام نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ خزینہ بانڈہ حملے میں ملوث تمام دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس حملے میں ملوث کسی بھی فرد کو معاف نہیں کیا جائے گا اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
آزاد ذرائع سے امیر معاویہ کی ہلاکت اور اس سے متعلق تمام تفصیلات کی باضابطہ تصدیق تاحال نہیں ہوسکی، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے مزید معلومات سامنے آنے کا انتظار ہے۔
Exclusive Summary:
Security forces say key TTP commander Amir Muawiya, allegedly the mastermind of the Khazina Banda police check post attack in Hangu, was killed during an intelligence-based operation in Chapri Naryab. Authorities have vowed to pursue all militants linked to the attack.




