لپشاور (خیبر ٹائمز نیوز)ضلعی انتظامیہ پشاور نے خواتین کو درپیش عوامی مسائل کے حل اور اُن کی براہ راست شنوائی کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا ہے۔ یہ کھلی کچہری ڈویژنل صدر کے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول برائے گرلز تحصیل چمکنی میں منعقد کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ کھلی کچہری خواتین کے لیے مخصوص ہے تاکہ وہ بلا جھجک اپنے مسائل اور شکایات براہ راست متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ساتھ ساتھ دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی موجود ہوں گے، جو موقع پر ہی خواتین کی شکایات سن کر ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کریں گے۔
تفصیلات:
تاریخ: 17 اپریل، بروز جمعرات
وقت: دوپہر 01:00 بجے
مقام: گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول برائے گرلز، تحصیل چمکنی، پشاور
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور حکومتی نمائندوں کو اپنے مسائل سے آگاہ کریں۔ مزید برآں، کھلی کچہری کے دوران حکومتی ضوابط و اخلاق کا مکمل خیال رکھا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غیر ذمہ دارانہ یا غیر اخلاقی رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یہ اقدام ضلعی حکومت کی خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ایک مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے، جسے عوامی حلقوں میں بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔