اداکار دانش تیمور نے تمام مردوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ خواتین کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کریں۔ دانش کی پوسٹ پر ان کی اہلیہ عائزہ نے بھی ردعمل دیا۔
انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں دانش نے لکھا ” یہ بہت اہم ہے کہ ہم تمام رک کر اپنی زندگیوں میں موجود خواتین کا شکریہ اداکریں “۔
اداکار نے واضح کیا ” یہ بحران کا وقت ہے اور مجھے احساس ہوا کہ میرے گھر کی خواتین کتنی محنت کرتی ہیں۔ مرد حضرات کام کیلئے باہرجاتے ہیں اور ہمیں لگتا ہے کہ تمام کام ہم ہی کرتے ہیں”۔
کرونا وائرس کے باعث گھروں میں محدود افراد کو خواتین کی اہمیت کا احساس دلانے والے دانش تیمور نے لکھا ” لیکن سماجی دوری اختیار کرنے کے دوران گھر میں بیٹھے ہوئے آپ کو ادراک ہوتا ہے کہ ہماری فیملی میں خواتین کی ڈیوٹی کس قدر مشکل ہے، صبح ناشتے کیلئے جلدی اٹھنے سے لے کر پورا دن بچوں کی دیکھ بھال، صفائی سے لیکر کھانا پکانے تک اور اس کے علاوہ گھر کے اندرونی وبیرونی معاملات کو دیکھنا، یہ تمام چیزیں علم میں ہی نہیں آتیں۔”
اداکار نے اپنی اہلیہ، والدہ اور بیٹی سمیت اپنی زندگی کے اس مقام تک پہنچنے میں کردار ادا کرنے والی تمام خواتین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ” میں ہمیشہ آپ کا مقروض رہوں گا اور یہ ایسا قرض ہے جو میں ادا نہیں کرپاؤں گا “۔
دانش کی اس پوسٹ پر ان کی اہلیہ عائزہ خان نے بھی انسٹا پرلکھا ” ہاں، خواتین کو ہمیشہ آپ لوگوں کی تعریف کی ضرورت رہتی ہے۔ زندگی کے ہر معاملے میں ہماری مدد کرنے کیلئے شکریہ “۔