شمالی وزیرستان: نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے باپ اور دو بیٹے جاں بحق

شمالی وزیرستان (دی خیبر ٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک) شمالی وزیرستان میں تحصیل دتہ خیل کے علاقے ممی روغہ منظر خیل میں نامعلوم نقاب پوش مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں ایوب نواز اور ان کے دو بیٹے زمان اور ولی رحمان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے شہری شدید خوف و اضطراب کی کیفیت میں مبتلا ہیں۔
علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ یہاں حکومتی عملداری نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ تمام سرکاری تنصیبات اور شہری غیر محفوظ ہیں۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں