A composite photo of a children's swimming event at an indoor pool. The main section shows happy boys posing in black inner tubes. A large headline in Urdu at the top reads: "In Peshawar's Qayyum Sports Complex: Fun for Peshawar Press Members' Children." Subtext states: "Over 450 children participate and beat the heat." Two small inset photos show more pool activity.

پشاور پریس کلب کے سوئمنگ ایونٹ میں بچوں کا ہلہ گلہ

پشاور ( دی خیبر ٹائمز کیلئے سفیر اللہ سے ) پشاور پریس کلب کی سپورٹس کمیٹی کے زیرِ اہتمام قیوم سپورٹس کمپلیکس میں صحافیوں کے بچوں کیلئے ایک شاندار اور پرمسرت سوئمنگ ایونٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ساڑھے چار سو سے زائد بچوں اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شدید گرمی کے موسم میں سوئمنگ سے خوب لطف اٹھایا۔ تقریب کے دوران سوئمنگ پول بچوں کی کِلکاریوں اور رونق کا مرکز بنا رہا، جہاں بچوں نے پانی میں ڈبکیاں لگائیں، ٹیوبز کے ساتھ کھیلے اور خوب ہلہ گلہ کیا۔ اس موقع پر پشاور پریس کلب کے معزز ممبران بھی بچوں کے ساتھ سوئمنگ پول میں اترے اور اس تفریحی وقت کو بھرپور انداز میں یادگار بنایا۔
اس کامیا ب ایونٹ کی براہِ راست نگرانی پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، جنرل سیکرٹری عالمگیر خان اور سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین کاشف الدین سید نے خود کی، جبکہ ان کے ساتھ عابد خان، ناصر نعیم، کبیر علی شاہ اور عاصم شیراز نے معاونت کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ ایونٹ کے تمام تر عملی انتظامات اور تیاریوں میں محمد اسرار، ظفر اقبال اور احتشام بشیر پیش پیش رہے، جبکہ بابائے صحافت شمیم شاہد نے اس پورے ایونٹ کی سرپرستی اور مکمل نگرانی کی۔
پریس کلب کی انتظامی ٹیم کا تعاون بھی ایونٹ کی کامیابی کی اہم وجہ بنا، جہاں جنرل سیکرٹری عالمگیر خان، جائنٹ سیکرٹری گلزار خان، فائنانس سیکرٹری ارشاد علی خان، نائب صدر ضیاء الحق، ممبر گورننگ باڈی سیف الاسلام سیفی اور سینئر صحافی فرید اللہ خان مسلسل سپورٹس کمیٹی کے ساتھ رہے اور ہر مرحلے پر رہنمائی کی۔ اس کے علاوہ ایونٹ میں شریک بچوں اور صحافیوں کیلئے لنچ اور ریفریشمنٹ کا بھی بہترین اور منظم اہتمام کیا گیا تھا، جس میں فوڈ کمیٹی کے چیئرمین شکیل صدیقی نے متحرک اور فعال کردار ادا کیا۔
اس تفریحی موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض کا کہنا تھا کہ پشاور کے صحافی انتہائی سخت، گھٹن اور دباؤ والے ماحول میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔ شدید گرمی کے اس موسم میں جب صحافی صبح اپنے گھروں سے نکلتے ہیں تو ان کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ لمحے گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ وہ ایسے معیاری ایونٹس منعقد کرے جہاں صحافی اپنی مصروفیات سے تھوڑا وقت نکال کر بچوں کے ساتھ خوشیاں بانٹیں، تفریح کریں اور زندگی کو تروتازہ انداز میں جی سکیں۔