PML-N supreme leader Nawaz Sharif addressing a massive political rally in Muzaffarabad, Azad Kashmir.

مجھے کشمیر کا وزیراعظم بنا دیں: نواز شریف کا بڑا اعلان

مجھے کشمیر کا وزیراعظم بنا دیں: نواز شریف کا بڑا اعلان،

مظفر آباد (ویب ڈیسک: دی خیبر ٹائمز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ آزاد کشمیر کی تقدیر بدلنے اور پنجاب کی طرز پر یہاں بھی ترقیاتی انقلابی منصوبے لانے کیلئے پرعزم ہیں۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد نواز شریف نے آزاد کشمیر کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے آزاد کشمیر بھی اتنا ہی عزیز ہے جتنا صوبہ پنجاب ہے۔
میرا دل کرتا ہے کہ اگر الیکشن میں ہمیں کامیابی ملتی ہے تو میں شہباز شریف کو کہوں کہ مجھے آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنا دیں۔ اگر یہاں ہماری حکومت بنی تو ہم یہاں کے تمام مسائل دور کر کے ہی دم لیں گے۔ اگر آپ نے ن لیگ کو ووٹ دیا تو میں ہر 3 مہینے بعد خود آزاد کشمیر آؤں گا اور لوگوں کے مسائل حل کروں گا۔
میاں نواز شریف (قائد مسلم لیگ ن)
انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی انہوں نے بطور وزیراعظم آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں میں کبھی کوئی تفریق نہیں کی۔
ترقیاتی ویژن پر بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں جو شاندار کام ہوا اس کا آغاز شہباز شریف نے کیا اور اب مریم نواز اسے آگے بڑھا رہی ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ جب وہ وزیراعظم تھے تو انہوں نے آزاد کشمیر کا بجٹ دوگنا کر دیا تھا، اور اس بار حکومت ملنے پر آزاد کشمیر کا بجٹ 10 گنا بڑھایا جائے گا۔
مریم نواز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جیسا کام پنجاب میں ہو رہا ہے، وہی کام مظفرآباد میں بھی ہونا چاہئے۔ الیکشن میں کامیابی کے بعد آزاد کشمیر میں موٹروے جیسے بڑے منصوبے لائے جائیں گے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر کے عوام کیلئے فوری تحائف کا اعلان کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا، کہ مظفرآباد کے عوام کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے 10 ایئرکنڈیشنڈ اور بجلی سے چلنے والی گرین بسیں بھیجی جا رہی ہیں جو چند دنوں میں یہاں پہنچ جائیں گی۔ آزاد کشمیر کے عوام کو دہلیز پر علاج کی سہولت دینے کے لیے 15 جدید موبائل اسپتال بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔
سابقہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ان کے بعد آنے والے حکمرانوں نے ملک کیلئے کچھ نہیں کیا بلکہ صرف پاکستان کو برباد کیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا بہت قیمتی وقت ضائع کر دیا گیا، حالانکہ یہ وقت عوام کی بہتری اور فلاح و بہبود کیلئے استعمال ہونا چاہئے تھا۔