شمالی وزیرستان: رویتِ ہلال کیلئے حیدرخیلوں کی بلا معاوضہ خدمات
تحریر: احسان داوڑ
ایک دفعہ اتفاقاً میں نے اپنے حجرے کے اوپر والی دیوار پر رمضان کے چاند کی جگہ پر کوئی نشان رکھا تاکہ عید کا چاند دیکھنے میں دقت نہ ہو۔ خدا کا کرنا ایسا ہوا کہ 29 ویں رمضان کی مغرب پڑھ کر میں چھت پر چڑھا تو میرا چھوٹا بھائی اکرام اللہ اور میرے چچا حاجی غازی الرحمن، جو ان دنوں سعودی عرب سے تازہ تازہ آئے ہوئے تھے، وہ بھی رویتِ ہلال میں میرے ساتھ شریک ہوئے۔ بلکہ جوں ہی میں نے انہیں وہ جگہ بتائی جہاں میں نے نشانی رکھی تھی، میرے چچا نے فوراً کہا کہ “وہ رہا چاند”، اور ساتھ ہی میرے بھائی نے بھی اس کی تائید کر دی۔
نیچے آ کر مقامی علماء کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تو کمیٹی کے سربراہ مولانا دیندار نے جیسے ہی میرے چچا کو دیکھا اور پوچھا کہ کیا تم نے بھی چاند دیکھ لیا ہے؟ تو چچا نے کہا کہ ہاں۔ مزید کوئی بھی تفصیل طلب کیے بغیر مولانا دیندار نے عید کا اعلان کر دیا، اور جب اسی موقع پر ایک دو علماء نے اختلافی نوٹ ظاہر کیا تو مولانا صاحب نے کہا کہ “اس بندے کو میں بچپن سے جانتا ہوں، یہی ایک بندہ پچاس گواہوں کے برابر ہے۔”
کہنے کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان میں جو بھی مسئلہ ہو اس میں سیاست واضح نظر آتی ہے، لیکن ہم جیسے کم علم ابھی تک یہ نہیں سمجھ سکے کہ آخر رمضان اور عید کے چاند پر مفتی منیب صاحب کس قسم کی اور کیوں سیاست کر رہے ہیں؟ کیوں اس مسئلے کو پورے ملک کا مسئلہ سمجھ کر حل نہیں کیا جا رہا؟ میرے خیال میں اگر مفتی صاحب پورے ملک سے شہادتیں طلب کر کے کوئی متفقہ فیصلہ سنا دیں تو اس سے ان کی عزت مزید بڑھ جائے گی۔ اب اس سال کے رمضان کو ہی لے لیجئے؛ واضح طور پر جن لوگوں نے مفتی منیب کے نقشِ قدم پر قدم رکھا ہے ان کا ایک روزہ قضا ہو چکا ہے، کیونکہ چاند کی ساخت سے صاف ظاہر تھا کہ وہ پہلے دن کا نہیں بلکہ دو دن کا چاند تھا۔ اب اس سیاست کے اندر کی کہانی خدا ہی بہتر جانتا ہے، لیکن کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے۔
ویسے شکر ہے کہ ہم نے جب سے ہوش سنبھالا ہے، رمضان اور عید کیلئے اپنی ہی مقامی شہادتوں سے استفادہ کیا ہے اور انتہائی سخت حالات میں بھی کسی دوسری طرف نہیں دیکھا۔ ہمارے ہاں “حیدر خیل” نامی گاؤں میں رویتِ ہلال کے مخصوص افراد ہیں جن کے نام میں یہاں نہیں لکھنا چاہتا، لیکن ان لوگوں نے اپنے اوپر یہ ذمہ داری عائد کی ہوئی ہے کہ رمضان اور عید کے علاوہ بھی باقی سارا سال چاند دیکھتے رہتے ہیں۔ ان کے اپنے مخصوص مقامات ہیں جہاں سے وہ چاند کا مشاہدہ کرتے ہیں، اس لئے انہیں عام لوگوں کی نسبت کافی آسانی ہوتی ہے اور وہ انتہائی باریک چاند کو بھی باآسانی دیکھ سکتے ہیں۔
ہمارا یہ معمول ہے کہ ایسے مواقع پر ہم انہی کی طرف دیکھتے ہیں اور ان کی گواہی کو مقامی علماء کی کمیٹی معتبر مانتی ہے، اس لیے کہ یہ لوگ ہمارے ہی درمیان پلے بڑھے ہیں اور ان کی صداقت پر کوئی شک نہیں کیا جا سکتا۔ لیکن کمال کی بات یہ ہے کہ زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح یہاں بھی ہمیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ہمارے تو صرف حیدر خیل کے یہ پانچ چھ جوان ہی نہیں بلکہ ہر گاؤں کی سطح پر لوگ چاند دیکھتے رہتے ہیں، مگر ان کی گواہی صرف اپنے ہی علاقے تک محدود رہتی ہے۔
مرکزی سطح پر ان لوگوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیوں نہیں کیا جاتا؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جس کا جواب اسلام آباد کے مقتدر حلقے یا پھر مفتی منیب الرحمن صاحب ہی دے سکتے ہیں کہ آیا ان کو ہمارے گواہوں کے کردار اور ایمان پر شک ہے، یا پھر اس سے شاید ان کے مفادات کو زک پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے؟ تاہم پورے ملک کو دو حصوں میں بانٹنے کی روایت کو ختم کرنا چنداں مشکل مسئلہ نہیں؛ اگر ہمیں بھی ویسا ہی مسلمان سمجھا جائے جیسا یہ لوگ خود کو سمجھتے ہیں، تو ہم بلا معاوضہ اپنی خدمات پیش کرنے کو تیار ہیں۔
یہ بھی ملاحظہ فرمائیں: سونے کی کان پر بیٹھے بھکاری: قرض ملا ہے، ڈھول بجاؤ
Summary:
Voluntary Moon-Sighting Services by the Haider Khels
By Ihsan Dawar
In this satirical and thought-provoking article, author Ihsan Dawar highlights the controversies surrounding the centralized moon-sighting system in Pakistan, questioning the politics involved in announcements for Ramadan and Eid.
Key Highlights:
- A Personal Anecdote on Sighting: Dawar shares an incident from his village where he and his family easily spotted the 29th-day moon using a simple marker. When presented to the local clerics, the testimony was accepted immediately simply due to personal familiarity, bypassing any technical verification.
- Critique of Centralized Politics: The author questions the national moon-sighting controversies, particularly targeting former central figures like Mufti Muneeb-ur-Rehman. He argues that centralized decisions often create confusion and divide the country, citing instances where public fasts had to be re-counted due to discrepancies in the visible age of the moon.
- The Experts of Haider Khel: Dawar notes that in his village of Haider Khel, dedicated individuals consistently track and observe the moon year-round using specific vantage points, enabling them to spot even the faintest crescents with great accuracy.
- Systemic Neglect and Offer of Free Services: Despite local reliability and expertise, grassroots observers are routinely ignored at the national level. Concluding with a sharp critique, Dawar asks whether authorities doubt their credibility or fear losing vested interests, offering their moon-sighting services completely free of charge if the state is genuinely willing to unify the nation.





6 تبصرے “رویت ہلال کیلئےحیدرخیلوں کی بلا معاوضہ خدمات ۔۔۔ احسان داوڑ”