Pakistan mobile recharge tax breakdown showing PKR 72.77 remaining balance on PKR 100 load.

موبائل صارفین پر ٹیکسوں کی برسات: 100 روپے کے ریچارج پر صرف 72.77 روپے کا بیلنس دستیاب

اسلام آباد ( دی خیبرٹائمز نیوز ڈیسک) موبائل فون صارفین پر بھاری ٹیکسوں کے بوجھ نے عوام کی مشکلات میں شدید اضافہ کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے موبائل صارفین پر مجموعی طور پر 34.5 فیصد تک ٹیکس عائد کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے صارفین کو ریچارج کی مد میں بھاری کٹوتی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، جب کوئی صارف 100 روپے کا پری پیڈ کارڈ یا ایزی لوڈ کرواتا ہے تو اس میں سے کل 29 روپے کی رقم مختلف ٹیکسوں کی صورت میں کاٹ لی جاتی ہے، جس کے بعد صارف کو صرف 72.77 روپے کا قابلِ استعمال بیلنس ملتا ہے۔
100 روپے کا لوڈ کرنے پر سب سے پہلے 15 فیصد کی شرح سے 13.04 روپے بطور ایڈوانس انکم ٹیکس کاٹ لیے جاتے ہیں، جس کے بعد صارف کے پاس 86.96 روپے باقی بچتے ہیں۔
باقی ماندہ 86.96 روپے کے بیلنس پر 19.5 فیصد کی شرح سے مزید 14.19 روپے سیلز ٹیکس کی مد میں کاٹ لیے جاتے ہیں۔ ان تمام ٹیکسوں کی کٹوتی کے بعد صارف کو 100 روپے کے لوڈ پر صرف 72.77 روپے ملتے ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں موبائل فون اب ضرورت بن چکا ہے، لیکن حکومت کی جانب سے عائد کردہ ان بھاری ٹیکسوں نے عام شہری کی جیب پر اضافی بوجھ ڈال دیا ہے۔ صارفین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے موبائل ریچارج پر ٹیکسوں کی شرح میں فوری کمی کا مطالبہ کیا ہے۔