آئی جی خیبر پختونخواکی صدارت میں پولیس پالیسی بورڈکا 52 واں اجلاس

پشاور (دی خیبر ٹائمز کرائم ڈیسک ) اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز، ایڈیشنل آئی جی پی انوسٹی گیشن، کمانڈنٹ ایلیٹ فورس، سی سی پی او، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی ملاکنڈ، ڈی آئی جی فنانس، ڈی آئی جی ٹریننگ، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن، ڈی جی پی سی یو، کمانڈنٹ ایف آر پی، ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن، اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ اور اے آئی جی لیگل نے شرکت کی۔ اجلاس میں پولیس فورس کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر تفصیل سے غور و خوض کیا گیا۔ بورڈ کے شر کاء نے پولیس کی فلاح و بہبود سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پی نے بریفنگ کی روشنی میں پولیس فورس میں پولیس شہداء اور پولیس ملازمین کے ٹوٹل 565 بچوں ،جن میں سے 129شہید کوٹہ کے لیے بھرتی کی منظوری دی جبکہ دیگر ملازمین کے بچوں کو رولز کے مطابق جونیئر کلرک یا کسی دیگر پوسٹ پر بھرتی کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 45 لاکھ روپے کی رقم بطور انعام پولیس میں تقسیم کرنے کی بھی منظوری دی۔ اس سلسلے میں بورڈ کے شرکاء کو چند ایک ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔یہ امر قابل ذکر رہے کہ پولیس پالیسی بورڈ بطور پولیس ”تھنک ٹینک“ تشکیل دیا گیا ہے جو فورس کی کارکردگی میں بہتری لانے اور فورس کے اہلکاروں کی حالت کو مزید بہتر بنانے سمیت دیگر بڑے بڑے پالیسی فیصلوں پر غور و خوض کرکے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرتی ہے۔ آئی جی پی نے پولیس پالیسی بورڈ کے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ فورس کی بہتری کے لیے اپنے تجربے اور اعلیٰ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور فورس کی استعدادی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے، جوانوں کی فلاح و بہبود، ان کو ترقی کے برابر مواقع فراہم کرنے، مقررہ اہداف کے حصول، حکومت کی عوام کی خدمت کے ایجنڈے کی تکمیل اور دور جدید کے در پیش چیلنجوں سے بطریق احسن نمٹنے کے لیے دور رس نتائج کی حامل پالیساں وضع کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں