ڈی آئی خان ( دی خیبر ٹائمز نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کے علاقے درابن میں شدت پسندوں نے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سمیت دو پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔
پولیس زرائع کے مطابق مطابق یہ المناک واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی علاقے درابن کے قریب شاہ عالم موڑ پر پیش آیا۔ پولیس کی نفری علاقے میں شدت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر ایک اہم آپریشن کیلئے روانہ تھی کہ پہلے سے گھات لگائے مسلح افراد نے پولیس وین پر بزدلانہ حملہ کر دیا۔
پولیس زرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے فوراً بعد پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ اور فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ تاہم، شدید فائرنگ کی زد میں آنے سے اے ایس آئی سمیت دو اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری نے علاقے میں پہنچ کر شاہ عالم موڑ اور گردونواح کو محاصرے میں لے لیا ہے۔ فرار ہونے والے مسلح افراد کی تلاش اور گرفتاری کیلئے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ شہدا کی جسدِ خاکی کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔




