مقابلے میں 24 پولیس اہلکار زخمی، شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کر دیا گیا
سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی جوابی کارروائی میں 8 دہشتگرد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے: ڈی پی او طارق حبیب
ہنگو (دی خیبر ٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک)ضلع ہنگو میں خزینہ بنڈہ چیک پوسٹ پر شدت پسندوں کے حملے اور اس کے بعد ہونے والے آپریشن میں ڈی ایس پی سمیت 8 پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ 24 اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس کی بھرپور اور فوری جوابی کارروائی کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او ہنگو طارق حبیب کے مطابق خزینہ بنڈہ کی چیک پوسٹ پر خوارج نے اچانک حملہ کیا، جس کا پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مردانہ وار مقابلہ کیا۔ دونوں جانب سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر کلئیرنس و سرچ آپریشن جاری ہے۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال ہنگو اور ڈی پی او آفس کے مطابق سیکیورٹی فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے 8 اہلکاروں میں ڈی ایس پی دیار خان، اے ایس آئی کفایت اللہ، اے ایس آئی قاصد علی، ہیڈ کانسٹیبل امتیاز، ایل ایچ سی ثناء اللہ، کانسٹیبل مدثر اور کانسٹیبل شعبان علی شامل ہیں۔
حملے اور مقابلے میں ڈی ایس پی مجاہد حسین (خان)، اے ایس آئی احمد رحمان، اے ایس آئی آفاق خان، ہیڈ کانسٹیبل عصام خان، متعدد کانسٹیبلز اور ڈی ایف سیز (DFCs) سمیت 24 اہلکار زخمی ہوئے۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد شدید زخمی ہونے والے 6 اہلکاروں ڈی ایس پی مجاہد خان، اے ایس آئی احمد رحمان، کانسٹیبل آصف، کانسٹیبل سلیل خان، ایل ایچ سی شکیل اور کانسٹیبل محب اللہ کو اعلیٰ طبی سہولیات کیلئے پشاور منتقل کر دئے گئے ہیں۔
پولیس زرائع کے مطابق اس وقت بھی شدت پسندوں اور پولیس کے مابین فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، جس میں زخمیوں اور ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے، جو بھی مزید اپڈیٹس ارہے ہیں، دی خیبر ٹائمز اس حولے سے اپنے قارئین کو اپڈیٹ کرتے رہینگے۔
Eight police personnel, including DSP Diyar Khan, were martyred and 24 others injured after militants attacked the Khazina Banda Check Post in Hangu. Police and security forces launched an immediate counter-operation, killing eight militants and injuring six. A search and clearance operation remains underway, while six critically injured officers have been shifted to Peshawar for advanced treatment. Authorities say the situation is still developing, with intermittent exchanges of fire reported.




