"Field Marshal Asim Munir presiding over the 276th Corps Commanders Conference at General Headquarters in Rawalpindi."

پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا: 276 ویں کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی (دی خیبر ٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت منعقدہ 276 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی سلامتی، علاقائی صورتحال اور پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فورم نے دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائیگا۔
کانفرنس میں خطے میں پائیدار امن و استحکام کو افغان طالبان کے زیر تسلط علاقوں سے ہونے والی بھارتی پراکسیوں کی روک تھام سے مشروط قرار دیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروپ افغان سرزمین کو مسلسل پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ فورم نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی عوام کے تحفظ اور دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے اور مسلح افواج انٹیلی جنس بنیاد پر دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھینگی۔ اس موقع پر یہ عزم بھی دہرایا گیا کہ معرکہ حق میں شکست خوردہ دشمن، ہائبرڈ وار فیئر اور جھوٹے بیانیوں کے ذریعے جو بے امنی پھیلانا چاہتا ہے، ایسی تمام بیرونی امداد یافتہ کوششوں کو سختی سے کچلا جائے گا۔ ساتھ ہی اس ضرورت پر زور دیا گیا کہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں بہترین گورننس کا ایسا مضبوط انتظامی ڈھانچہ ہو جو عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور مذموم سیاسی پشت پناہی میں پنپنے والے دہشتگردی و جرائم کے گٹھ جوڑ کو توڑنے پر مرکوز ہو۔
مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے فورم نے اسے پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور یکطرفہ آبادیاتی تبدیلی کی پالیسیوں کی شدید مذمت کی۔ شرکاء نے زور دیا کہ خطے میں حقیقی امن کا انحصار کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دینے پر ہے اور پاکستان اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ دریں اثنا، سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کے حالیہ بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے عزم کیا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی 24 اپریل 2025 کی ہدایات کی روشنی میں، پاکستان اپنے جائز پانی کے حصے کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔
کانفرنس کے اختتام پر علاقائی استحکام کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا گیا، جبکہ مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں، جنگی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ فورم نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔