ڈیرہ اسماعیل خان میں رمضان المبارک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی پلان جاری

ڈی آئی خان(دی خیبر ٹائمز ڈسٹرکٹ رپورٹ) تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) واحد محمود کی جانب سے جاری ہونے والے رمضان المبارک کے لیے جامع سکیورٹی پلان کے مطابق ڈیرہ پولیس نے ضلع کو 6 سیکٹر ز میں تقسیم کیا ہے۔ ہر سیکٹر کا انچارج سرکل ڈی ایس پی ہو گا۔ ماہ رمضان میں امن وامان کی فضا ء کو برقرار رکھنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ڈیرہ پولیس کے 1411 اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اسی سلسلے میں ضلع کے بیرونی 12اور اندرونی 28 مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کر کے سخت چیکنگ کا عمل شروع ہے۔ ضلع کے مختلف مقامات پر خفیہ کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔ رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے دوران تمام بازاروں،مارکیٹوں،تجارت گنج سمیت سرکلر روڈ پر پیدل اور موبائل گشت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پاک آرمی اور پولیس مشترکہ طور پر 18 رائیڈرز کے ذریعے نماز تراویح اور دیگر اوقات نماز کے دوران 2079 مساجد پر بھی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ تمام بازاروں اور شہر میں داخل ہونے والے مقامات پر رش کو کنٹرول کرنے کے لیے 110ٹریفک وارڈن ڈیوٹی دیں گے۔ ڈی پی او ڈیرہ نے علماء کرام پر زور دیا کہ کرونا وائرس کے سدباب کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور مساجد میں آنے والے نمازیوں کو خصوصی طور پر کرونا وائرس کے خلاف صوبائی حکومت کی طرف سے دی گئی ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں