بیرون ممالک سے پاکستانی شہریوں کی واپسی

پشاور( دی خیبر ٹائمز جنرل رپورٹنگ ڈیسک) افغانستان میں پھنسے پاکستان کے شہریوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام نے طورخم کے راستے مزید 520 افراد کے واپس پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔مارچ کے وسط سے سرحدی گزرگاہوں کی بندش کے نتیجے میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد سرحد پار افغانستان میں پھنس گئی تھی۔خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے بتایا کہ تین دن قبل 718 افراد افغانستان سے واپس آئے آنے والے افراد کے لیے 16 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں سے سات مراکز پاک افغان شاہراہ کے ساتھ ساتھ بنائے گئے ہیں جب کہ باقی دیگر علاقوں میں تعمیر کیے گئے ہیں۔دوسری جانب ضلع خیبر کے اسسٹنٹ کمشنر شمس الاسلام نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ افغانستان سے واپس آنے والوں میں 950 افراد قرنطینہ مراکز میں موجود ہیں۔ جن میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 93 ہے جب کہ 15 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ شمس الاسلام نے بتایا کہ افغانستان میں اب بھی 1500 پاکستانی موجود ہیں۔ ان افراد نے کابل اور جلال آباد کے سفارت خانوں کے ذریعے واپس آنے کے لیے رجوع کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں