پشاورٹریفک پولیس کی ایجوکیشن ٹیموں نے سٹی اور کینٹ میں کورونا وائرس آگاہی

پشاور ( دی خیبرٹائمز کرائمز ڈیسک ) ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے سٹی اور کینٹ سیکٹر کے مختلف بازاروں اور بینکوں کے باہر احساس پروگرام کے تحت رقم وصول کرنیوالوں کو کورونا وائرس سے بچنے اور سماجی فاصلہ رکھنے سے متعلق آگاہی دی اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے کوچی بازار‘ رامداس‘ پشاور کینٹ کے سٹیڈیم چوک اور شیرشاہ سوری روڈ پر لاؤڈ سپیکر کے ذریعے ٹرانسپورٹروں اور راہ گیروں کو کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر بتائیں۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد شہریوں کی جانب سے بڑی تعداد میں بازاروں کا رخ کرلینا اور سماجی فاصلے کا خیال نہ رکھنا افسوسناک ہے کیونکہ کورونا وائرس ایک ایسی وباء ہے جو ایک انسان سے دوسرے کو سماجی فاصلہ نہ رکھنے اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ کرنے جیسا کہ ماسک نہ پہننے‘ ناک‘ منہ اور آنکھوں کو چھونے سے منتقل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر خطرناک وباء ہے جو پوری دنیا میں پھیل چکی ہے اور اب تک پوری دنیا میں لاکھوں لوگ اس سے موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جبکہ صرف پاکستان میں سات سو سے زائد لوگ اس خطرناک وباء کے باعث اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری حکومتی احکامات پر عملدرآمد کریں اور اس وباء کو کنٹرول کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں