پشاور ( دی خیبر ٹائمز کرائمز ڈیسک ) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے حساس ادارے کے اہلکار ظاہر کر کے گھروں میں ڈ کیتیاں کرنے والے گروہ کے ایک اور ساتھی کو گرفتار کر لیا، گروہ کے سرغنہ کو پہلے ہی گرفتار کیا گیا تھا، جس نے دوران تفتیش شریک ملزمان کی نشاندہی کی تھی، گزشتہ روز گرفتار ہونے والے ملزم کے قبضہ سے لوٹی گئی رقم میں سے 6 لاکھ 50 ہزار روپے نقد، 12 تولے طلائی زیورات اور پستول برآمد کر لیا گیا ہے، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جارہی ہے
مدعیہ مسماۃ (ج) ساکنہ گلبہار نمبر 2 کینال ٹاؤن نے ماہ فروری میں تھانہ گلبہار پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ چند نامعلوم ملزمان نے خود کو حساس ادارے کے جعلی اہلکار ظاہر کرکے تلاشی کے بہانے اس کے گھر میں داخل ہو کر اسلحہ کی نوک پر ان کو یرغمال بنایا اور گھر سے لاکھوں روپے نقد اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے جس کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے تفتیش کے دوران مقامی پولیس نے ملوث اصل گروہ کا سراغ لگا کر گروہ کے سرغنہ ملزم واجد ولد بشیر کو گرفتار کر لیا تھا جس کے قبضہ سے لاکھوں روپے نقد برآمد کر لئے گئے تھے جبکہ دوران تفتیش ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے تھے جس پر ایس ایچ او تھانہ گلبہار احمد اللہ نے گزشتہ روز کامیاب کارروائی کے دوران دوسرے ملزم واجد الرحمان ولد عبد الرحمان سکنہ کرک کو گرفتار کر لیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ ملزم کے قبضے سے لوٹے گئے رقم میں سے 6 لاکھ 50 ہزار روپے نقد، 13 تولے طلائی زیورات، پستول اور مدعیہ کے ضروری شناختی کاغذات اور دیگر دستاویزات بھی برآمد کر لئے گئے ہیں، ملزم سے دوران تفتیش اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جارہی ہے
Load/Hide Comments