عوام کی جانب سے سرکاری ادویات اور مانع حمل اشیاء مارکیٹ میں فروخت ہونے کی شکایت پر جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان نے پشاورمیں پیپل منڈی اور دیگر مارکیٹس کے دورے کئے۔ اس موقع پر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔اچانک معائنوں کے دوران ملک لیاقت علی خان نے کاسمیٹکس کی دکانوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر بعض دکانوں سے تولیدی صحت کے لیے سرکاری طور پر فراہم کی جانے والی مفت مانع حمل ادویات وغیرہ بھی برآمد ہوئیں۔ معاون خصوصی نے مانع حمل سے متعلق سرکاری اشیاء کی مارکیٹ میں کھلے عام فروخت پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ملک لیاقت علی خان نے حکام کو ہدایت دی کہ ایسے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور برآمد ہونے والی ادویات اور مواد کو سرکاری تحویل میں لیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ادویات اور مواد کی مارکیٹ میں فروخت کی اجازت نہیں ہے اور اس غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر بعض دکانوں سے برآمد ہونے والی سرکاری مانع حمل سے متعلق ادویات اور اشیاء کو تحویل میں لے کر ملوث دکانداروں کو پولیس کے حوالے بھی کیا گیا ہے۔
اہم خبریں
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments