منتخب نمائندے انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں تو بہتر نتائج حاصل ہونگے ،وزیر اعلیٰ محمود خان

پشاور(دی خیبر ٹائمز پولیٹیکل ڈیسک) وزیر اعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت بذریعہ وڈیو لنک ڈویژنل کمشنرز کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کیا گیا اجلاس میں صوبائی وزیر صحت اور چیف سیکرٹری کے علاوہ متعلقہ سیکرٹریز بھی وزیر اعلیٰ کے ساتھ اجلاس میں شریک تھے، ڈویژنل کمشنرز نے اپنے اپنے ڈویژن میں کرونا کی صورتحال، کھولی گئی صنعتوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد ، فرنٹ لائن ورکرز کو حفاظتی اشیاء کی فراہمی پر بریفنگ دی ، اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے لاک ڈاون اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا جن جگہوں پر ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہورہا، وہ بند کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، اگر منتخب عوامی نمائندے انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں گے تو بہتر نتائج حاصل ہونگے ،وزیر اعلیٰ نے رمضان کے مہینے میں پرائس کنٹرول کرنے کی خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ذخیرہ اندوزی کی موثر روک تھام کے لئے آرڈیننس تیار کر لیا ہے، تمام کمشنرز اپنی اپنی ضروریات کی تفصیلات متعلقہ سیکرٹریز اور چیف سیکرٹری کو ارسال کریں تاکہ بروقت ضروری اقدامات کئے جاسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں