امریکی صدر کا اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی میں 3 ہفتوں کی توسیع کا اعلان

اسلام اباد ( دی خیبرٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی ایک اہم پیش رفت کے طور پر اسرائیل اور لبنان کے درمیان جاری جنگ بندی میں مزید 3 ہفتوں کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ فیصلہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسرائیل اور لبنان کے سفیروں سے ملاقات کی، جو انتہائی مثبت اور تعمیری رہی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری جنگ بندی کو برقرار رکھنے سے حالات کو مزید بہتری کی جانب لے جایا جا سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ جلد اسرائیل کے وزیر اعظم اور لبنان کے صدر جوزف عون کی میزبانی کے منتظر ہیں، جہاں خطے کی مجموعی صورتحال اور امن کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ ان کے مطابق امریکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
امریکی صدر نے لبنان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن حکومتِ لبنان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ ملک کو حزب اللہ جیسے مسلح گروہوں کے اثر و رسوخ سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکہ لبنان کی سلامتی اور خودمختاری کے استحکام کے لئے تعاون جاری رکھے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی میں توسیع ایک مثبت اشارہ ہے، تاہم خطے میں موجود پیچیدہ سیاسی و عسکری حالات کے پیش نظر مستقل امن کا قیام اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ امریکہ کی جانب سے ثالثی کی کوششیں اس حوالے سے اہم سمجھی جا رہی ہیں۔