خیبر پختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع کے مختلف ہسپتالوں کے لئے گریڈ “تین “سے گریڈ”اٹھارہ” تک کی ایک ہزار نئی آسامیاں تخلیق کی ہیں

پشاور ( دی خیبر ٹائمز جنرل ڈیسک ) خیبر پختونخوا حکومت نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے مختلف ہسپتالوں کے لئے گریڈ “تین “سے گریڈ”اٹھارہ” تک کی ایک ہزار نئی آسامیاں تخلیق کی ہیں جن پر بھرتیوں کا عمل رواں سال جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا، یہ بات پشاور میں وزیراعلیٰ محمود خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کو بتائی گئی۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اگلے مرحلے میں 1100 سے زائد مزید نئی آسامیاں تخلیق کی جائیں گی۔ ان آسامیوں کی تخلیق سے ضم شدہ اضلاع کے عوام کو علاج معالجے کی بنیادی سہولیات مقامی سطح پر میسر ہو ں گی۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ ضم شدہ اضلاع میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، وہاں پر ضروری طبی آلات کی فراہمی اور طبی عملے کی کمی کو پوری کرنے کے لئے اقدامات تیز کئے جائیں تاکہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی بلاتاخیر فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں