پشاور ( دی خیبر ٹائمز ہیلتھ ڈیسک ) محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے 30 کے لگ بھگ طبی عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی ہے. صرف پشاور میں 11 ڈاکٹرز کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں، محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ طبی عملے میں مجموعی طور پر 14 ڈاکٹرز کورونا وائرس پازیٹیو پائے گئے ہیں. جبکہ 5 پیرا میڈیکس اور 11 دیگر طبی اہلکاروں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے. رپورٹ کے مطابق اس میں پشاور کے 11 ، بنوں، مردان اور سوات میں ایک، ایک ڈاکٹر کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں. اسی طرح پشاور میں کورونا وائرس کا شکار ایک ڈاکٹر کی حالت تشویشناک ہے.محکمے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2 خواتین ڈاکٹرز میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے. کورونا سے متاثرہ پیرامیڈیکل اسٹاف میں 4 کا تعلق پشاور اور ایک کا شانگلہ سے ہے، پیرا میڈیکل اسٹاف میں بھی 4 خواتین کورونا وائرس سے متاثر ہوئی ہیں. کورونا سے متاثرہ طبی عملہ کے 26 اہلکار پشاور میں فرائض انجام دے رہے تھے، خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کا شکار طبی عملے کے لئے خصوصی پیکیج کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، کورونا وائرس کا شکار طبی عملے کے حوالے سے رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے.
اہم خبریں
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments