لاک ڈاؤن فلم انڈسٹری کو بھی لے ڈوبا ، عید الفطر میں فلمیں ریلیز نہیں ہوں گی ۔

پشاور ( دی خیبر ٹائمز یاسر حسین سے ) دنیا بھر میں جہاں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن ہے وہیں پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومت پاکستان نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کر رکھا ہے ، ایسے میں جہاں تمام شعبے متاثر ہو رہے ہیں تو وہیں فلم انڈسٹری بھی زبوں حالی کا شکار ہو چکی ہے ، اس بار عید الفطر میں ملک بھر میں کوئی نئی فلم ریلیز نہیں کی جا رہی ہے ، ملک بھر کے سینما گھر ویسے بھی تین ماہ سے بند پڑے رہنے کی وجہ سے نیشنل اور ڈومیسٹک لیول کی کوئی فلم اور ٹیلی ڈرامے نہیں بنائے گئے ہیں جس کی وجہ سے اس عید میں شائقین فلمیں دیکھنے سے محروم رہیں گے ، ادھر پاکستان کے نامور سینیئر پروڈیوسر و ڈرامہ نگار مسافر خان نے خیبر ٹائمز کے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن نے فلم انڈسٹری کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ، ڈائریکٹر سے لے کر ایکٹر ، ایکٹریس ، سپورٹنگ اسٹاف ، الیکٹرانکس ورکر سب کے سب بے روزگار ہو چکے ہیں ، اسی لیے اس بار عید الفطر پر کوئی فلم ریلیز نہیں ہو گی ، جو تاریخ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے ، سینما گھروں کی بندش سے شائقین میں آنے والے وقتوں میں نمایاں کمی ہو گی ، کیوں کہ شائقین موبائل کمپیوٹر کے ایک بار عادی ہو گئے تو سینما گھر مزید ویران ہو جائیں گے ۔ خیبر ٹائمز کی جانب سے کیے جانے والے سروے کے دوران سینماؤں کے شائقین میں مایوسی چھائی ہوئی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں